جموں//نٹرنگ کے سنڈے تھیٹر سیریز کی جانب سے ’گھر بند ‘ نامی ناٹک پیش کیا گیا جس میں انتہائی خوبصورتی سے اداکاروں نے مصنف کے پیغام کو ناظرین تک پہنچایا ہے ۔ ناٹک کی کہانی وہاں شروع ہوتی ہے جب ایک گھر کا مکھیا اس وقت حیران و پریشان رہ جاتا ہے جب اسے بستر سے باہر نکلتے ہوئے اس بات کا احساس ہوتا ہے کہ اس کی آواز کوئی نہیں سن رہا ہے اور اسے کوئی جواب ہی نہیں دے رہا ہے ۔ جب وہ اس کی وجوہات جاننے کی کوشش کرتا ہے تو اسے معلوم ہوتا ہے کہ آئے روز ہونے والے بند ہڑتالوں اور احتجاج و مظاہروں سے متاثر ہو کر اس کے گھر والوں نے بھی ہڑتال کر دی ہے ، وہ اپنے مطالبات کو پورا کرنے کے لئے اس کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ خاتونِ خانہ نے رسوئی گھر پرتالا چڑھا دیا ہے ۔بچے اسکول جانے کے لئے تیار نہیں ہیں کیوں کہ ان کے بھی کچھ مطالبات ہیں۔ صاحب خانہ گرما گر م دلائل پیش کرتا ہے ، اس کے گھر والے بھی جواباً اپنی بات رکھتے ہیں لیکن اس کی بات ماننے کے لئے کوئی تیار نہیں ہے ۔ مصنف نے ان ہڑتالوں اور مظاہروں سے سماج کو پہنچنے والے نقصانات پر روشنی ڈالنے کی کوشش کی ہے ۔