بانہال// بانہال کے نوگام خیر کوٹ علاقے میں ایک ریچھ کو مردہ حالت میں پایا گیا اور بعد میں اُسے محکمہ جنگلی حیات اور محکمہ جنگلات نے ضائع کیا۔ یہ کارروائی رینج آفیسر وائلڈ لائف بانہال ،بٹوٹ منصور احمد کرر ہے تھے۔ بانہال اور اس کے قریب و جوار کے علاقوں میں جنگلی درندوں نے ہڑبونگ مچا رکھی ہے اور بانہال میں پچھلے کئی ماہ سے درجنوں افراد زخمی اور ایک شخص انسان اور درندوں کے ٹکراؤ میں ہلاک بھی ہوا ہے۔ محکمہ جنگلی حیات بانہال کے کنٹرول روم انچارج نجم الدین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ کی صبح خیر کوٹ کے نزدیک ایک ریچھ کے مردہ حالت میں پائے جانے کی خبر کے بعد محکمہ کی ایک ٹیم جائے واقع پر پہنچ گئی اور پایا گیا کہ ایک کالا ریچھ مردہ پڑا ہے اور یہ موت قدرتی طور واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری احکامات کی روشنی میں اس ریچھ کو بعد میں آگ لگا کر ضائع کیا گیا اور رپورٹ اعلیٰ حکام کو بھیج دی گئی ہے۔
Contents
دچھن میں جنگلی جانوروں کا بستیوں کی طرف رخ
مقامی لوگ خوف زدہ ، رات بھر پٹاخوں و ڈھول کا سہرا لینے پر مجبور
عاصف بٹ
کشتواڑ //ضلع کشتواڑ کے دورافتادہ علاقہ تحصیل دچھن میں جنگلی جانوروں نے خوف و دہشت کا ماحول پیدا کررکھا ہے، جسکے سبب علاقہ کا ہر فرد خوف زدہ ہے۔ علاقہ دچھن کے تھچنا، گمب، جنکھپور ،سرچھا میں جنگلی ریچھ نے پچھلے کئی روز سے خوف کا ماحول قائم کررکھا ہے اور لوگ رات کو گھر سے باہر آنے سے کتراتے ہیں جبکہ دن کے دوران بھی لوگ اپنے کھیتوں میں جانے سے ڈر محسوس کرتے ہیں ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ان جانوروں نے فصل اور میوہ باغات کو بھی نقصان پہنچایا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اب لوگ ضروری کام کیلئے ہی گھروں سے باہر نکلتے ہیں ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس وقت زمینداری کا سیزن چل رہا ہے اور لوگوں کو اپنے کھیتوں کی رکھوالی کرنی ہوتی ہے جبکہ ڈر سے ہم کھیتوں میں کام کرنے سے بھی ڈررہے ہیں اور دوپہر کے بعد ہی باہر نکلنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کروناوائرس کی وبائی بیماری سے لوگوں میں اتناخوف نہیں تھا جتنا لوگ جنگلی جانورں سے ڈررہے ہیں۔ مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ محکمہ وائلڈ لائف کے افسران کو ہدایت کریں اور علاقہ میں ٹیم بھیج کر جنگلی جانوروں کو مقامی آبادی سے دور کیا جاسکے ۔