راجوری//نوشہرہ ، سندر بنی اور کالاکوٹ میں مسلسل ہڑتال کی وجہ سے معمول کی زندگی بری طرح سے متاثر ہورہی ہے ۔نوشہرہ میں مسلسل دسویں روز بھی بند رہا اور ہڑتال کی گئی جبکہ سند ربنی میں پانچویں دن بھی ہڑتال میں گزرااور کالاکوٹ میں بھی تجارتی مراکز بند رہے ۔واضح رہے کہ ان تینوں علاقوں میں علیحدہ ضلع کے درجے کے حق میں ہڑتال کی جارہی ہے ۔ نوشہرہ اور سندر بنی میں ہر قسم کی تجارتی سرگرمیاں ٹھپ رہیں اورسڑکیں بھی سنسان نظر آئیں ۔ لوگوںنے حکومت کے خلاف احتجاج بھی کیا اور الزام لگایاکہ ان کی ہڑتال کے باوجود مانگ پر کوئی دھیان نہیں دیاجارہا۔ انہوںنے کہاکہ انہیں نظرانداز کیاجارہاہے اوران کے ساتھ جذبات سے کھلواڑ ہورہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ بھاجپا وزراء اور لیڈران نے انہیں بیوقوف بنانے کی کوشش کی ۔ دونوں ہی علاقوں میں ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ لیاگیاہے ۔ وہیں کالاکوٹ میں دوسرے روز بھی ہڑتال کی گئی اور تجارتی سرگرمیاں ٹھپ رہیں ۔ اس دوران مقامی دکانداروں نے احتجاجی دھرنا بھی دیا ۔ بگنوتی علاقے کے لوگوںنے بھی بند رکھا ۔