چنڈی گڑھ/یو این آئی//پنجاب ریاستی کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو نے ریاستی پارٹی ہیڈکوارٹر پہنچنے کے بعد اپنا کام دوبارہ سنبھال لیا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ پارٹی کے ریاستی امور کے انچارج ہریش چودھری بھی موجود تھے۔ سدھو کے دوبارہ چارج سنبھالنے کے بعد، وزیر اعلی چرنجیت سنگھ چنی کی قیادت والی ریاستی حکومت کے ساتھ ان کا جاری ٹکراؤ ختم ہوتا دکھائی دے رہا ہے اور ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ پارٹی تنظیم اور حکومت کے درمیان باہمی تال میل کے ساتھ مضبوطی سے ریاستی اسمبلی انتخابات میں اترنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔واضح رہے کہ برگاڑی کی توہین اور فائرنگ کی منصفانہ جانچ اور مجرموں کی سزا یقینی بنانے اور ڈرگ مافیا کو ختم کرنے جیسے دو اہم امورکی بدولت ریاست میں2017 میں برسراقتدار آنے والی کانگریس حکومت کے اس سمت میں کچھ ٹھوس نہ کرپانے کے سبب امریندر سنگھ کو وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینے پر مجبور ہونا پڑا۔