عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کل سری نگر میں جموں کشمیر پولیس کے زیر اہتمام واٹر اسپورٹس ایونٹ ’جشن ڈل‘ کے فاتحین کو مبارکباد دی۔تین روزہ ایونٹ کے دوران 700 شرکاء نے کیکنگ، کینوئنگ اور سلالم ڈسپلن کی 20 کیٹیگریز میں حصہ لیا۔شرکاء اور منتظمین سے خطاب کرتے ہوئے، لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر پولیس کی نوجوان کھیلوں کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور انہیں اپنی مکمل تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے سوک ایکشن پروگرام کے ذریعے موقع فراہم کرنے کے لیے اس کے گراں قدر تعاون کی ستائش کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا”یہ ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے کہ اسے کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے کا موقع ملے، اپنے اپنے شعبے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور آنے والی نسل کے لیے رول ماڈل بنیں۔ کھیلوں کی جاری سرگرمیاں ہمیں امید اور اعتماد دیتی ہیں کہ ہمارے کھلاڑی شاندار کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں،‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے کھلاڑی اس کام میں اہم کردار ادا کریں گے اور ایک مضبوط اور خوشحال جموں کشمیر کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں کشمیر کے نوجوان کھیلوں کی صلاحیتوں کو عالمی معیار کی سہولیات، کوچنگ اور رہنمائی فراہم کرنے کے لیے UT انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔‘‘ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا”ہم جموں و کشمیر کے نئے کھیلوں کے مستقبل کی تعمیر کر رہے ہیں۔
یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے کھلاڑیوں کو بااختیار بنائیں، دیہاتوں میں چھپی ہوئی صلاحیتوں کی مدد کریں تاکہ وہ بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں میں شاندار کامیابیاں سمیٹ سکیں۔انہوں نے عوام بالخصوص نوجوانوں سے بھی کہا کہ وہ اپنے فرائض کی ادائیگی اور سوچھتا ابھیان میں حصہ ڈالیں۔اختتامی تقریب میں، لیفٹیننٹ گورنر نے ایک شاندار پیڈل پاس پر رسمی سلامی لی اور کھلاڑیوں سے بات چیت کی۔ لیفٹیننٹ گورنر کے مشیرایس راجیو رائے بھٹناگر،، ڈی جی پی دلباغ سنگھ، اسپیشل ڈی جی سی آئی ڈی آر آر سوین، ایس جے ایم گیلانی ۔پولیس اور سول ایڈمنسٹریشن کے اعلیٰ حکام، واٹر اسپورٹس ایسوسی ایشن کے ممبران، اسپورٹس کی سرکردہ شخصیات، مختلف اسپورٹس کلبوں اور ایسوسی ایشنوں کے نمائندوں اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں اس اعزازی تقریب میں شرکت کی۔