میوہ گاڑیاں 8روز سے درماندہ | قاضی گنڈ میںفروٹ گروررس ایسوسیشن کا دھرنا و احتجاج

عارف بلوچ
اننت ناگ //میوہ گاڑیوں کو روکنے کے خلاف قاضی گنڈ میں آل فرورٹ گروررس ایسوسیشن نے احتجاج کرتے ہوئے شاہراہ پر دھرنا دیا اور گاڑیوں کی نقل وحرکت کو بلا خلل جاری رکھنے کی مانگ کی ہے۔سرینگر جموں شاہراہ پر گذشتہ 8روز سے سینکڑوں مال بردار گاڑیاں کھڑی ہیں جن میں سیب سے لدی گاڑیوں کی ایک اچھی تعداد موجود ہے ۔اگر چہ حکومت نے گذشتہ روز ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئےسیب سے لدی گاڑیوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے چلنے کی اجازت دی گئی، تاہم ایڈوائزری پر کئی روز گذر جانے کے بعد بھی عمل نہیں ہوپایا جس کی وجہ سے سینکڑوں گاڑیاں پچھلے 8روزسے شاہراہ کے مختلف مقامات پر درماندہ ہیں اور گاڑیوں میں کروڑوں روپے کا میوہ تباہ ہورہا ہے۔ہفتے کو آل فروٹ گروررس ایسوسیشن کے بینر تلے بیوپاریوں اور ڈرائیوروں نے قاضی گنڈ میں زبردست احتجاج کیا اور مانگ کی کہ گاڑیوں کو آگے جانے کی اجازت دی جائے ۔قاضی گنڈ میں احتجاج کرتے ہوئے تاجروں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا کر شاہراہ پر دھرنا دیا اور نعرے بازی کی۔انہوں نے کہا کہ حکومتی احکامات نظر انداز کرنے والے عناصر کیخلاف کارروائی کی جائے، جو جان بوجھ کر تاجروں کو دیوالیہ بنانے کی کوششیں کررہے ہیں۔ایسوسیشن کے صدر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جموں کشمیر میں 90 فیصد کسان میوہ صنعت سے براہ راست منسلک ہیں، لیکن امسال اچھی پیداوار ہونے کا فی الحال کوئی فائدہ انہیں نہیں ہورہا ہے۔انکا کہنا تھا کہ پچھلے 8روز سے شاہراہ پر سینکڑوں میوہ گاڑیاں روک دی گئی ہیں جس کی وجہ سے فروٹ سے وابستہ تاجر زبردست مالی نقصان سے دوچار ہورہے ہیں۔