میاں الطاف بدستور میدان میں بابا نگری میں عمر عبداللہ سے ملاقات کے بعد تذبذب ختم

  کہا بہتر محسوس کر رہا ہوں، آئندہ الیکشن لڑوں گا

کنگن// انتخابی مہم میں حصہ لینے کے حوالے سے پیدا شدہ تذبذب کو ختم کرتے ہوئے اننت ناگ-راجوری پارلیمانی سیٹ کے لیے نیشنل کانفرنس امیدوار، میاں الطاف احمد نے کہا کہ وہ “بہتر محسوس کر رہے ہیں” اور وہ آئندہ الیکشن لڑیں گے۔”خرابی صحت” کی وجہ سے انتخابی مہم کے لیے اپنی عدم دستیابی کا اشارہ دینے کے چند ہی گھنٹے بعد، سینئر رہنما نے کہا کہ ان کی صحت میں بہتری آئی ہے اور وہ انتخابات میں حصہ لیں گے۔صحت کی وجوہات کی بنا پر انتخابی مہم کے لیے ان کی عدم دستیابی کی خبریں منظر عام پر آنے کے فورا ًبعد جاری کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں میاں الطاف نے حامیوں کو یقین دلایا کہ ان کی صحت میں بہتری آئی ہے اور وہ انتخابی عمل میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے انتخابی مہم سے اپنی حالیہ غیر موجودگی کی وجہ وائرل انفیکشن کو قرار دیا، جس کے لیے انہوں نے طبی علاج و معالجہ شروع کیا ہے۔میاں الطاف کا کہنا تھا کہ مجھے وائرل انفیکشن ہوا تھا اور ڈاکٹروں نے مجھے آرام کا مشورہ دیا تھا تاہم علاج کے بعد میری طبیعت بہتر ہے اور شاید مجھے اگلے دو دن مزید آرام کی ضرورت پڑے گی۔میاں الطاف کا یہ اعلان نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ کے دورے کے موقع پر سامنے آیا ہے، جنہوں نے کنگن کے بابا نگری وانگت میں ان کی رہائش گاہ پر ذاتی طور پر ان سے ملاقات کی۔میاں الطاف نے کہا کہ عمر عبداللہ کے دورے کا مقصد بنیادی طور پر ان کی خیریت معلوم کرنا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ میاں الطاف احمد پیر پنچال کے آرپار خاصا اثر رکھتے ہیں اور خطہ پیر پنچال کی غالب آبادی ان سے عقیدت رکھتی ہے کیونکہ سیاستدان ہونے کے ساتھ ساتھ وہ مذہبی راہنما بھی ہیں اور بابا نگری وانگت شریف زیارت کے سجادہ نشین بھی ہیں.