مژھل سیکٹر میں مسلح تصادم،2ملی ٹینٹ ہلاک | ملی ٹینٹوں کو پناہ دینے کا الزام، بانڈی پورہ میں رہائشی مکان سر بمہر

اشرف چراغ +عازم جان
کپوارہ+بانڈی پورہ //کپواڑہ کے مژھل سیکٹر میں دراندازی کی ایک کوشش کے دوران 2ملی ٹینٹوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ادھر بانڈی پورہ میں ملی ٹینٹوں کو پناہ دینے کے الزام میں ایک رہائشی مکان سر بمہر کردیا گیا۔

کپوارہ
پولیس نے بتایا کہ25ستمبر اتوار کی صبح 7بجکر 30منٹ پر خراب موسمی حالات کے دوران ملی ٹینٹوںکے ایک گروپ نے ٹیکری نار کے قریب ایل او سی عبور کرنے کی کوشش کی ۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملی ٹینٹوں کو گھیرے میں لیا گیا اور ہتھیار ڈالنے کی پیشکش کی گئی لیکن گھنے جنگل میں انہوں نے بھاگنے کی کوشش کی جس کے بعد طرفین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا جس میں دونوں ملی ٹینٹ مارے گئے۔انہوں نے کہاکہ مہلوک ملی ٹینٹوں کے قبضے سے2 اے کے رائفلیں، 2 پستول، 4 گرینیڈ ،53رائونڈس،35پستول کی گولیاںاور قابل اعتراض مواد برآمد کرنے کے علاوہ پاکستانی کرنسی10ہزار کے 3نوٹ ،5سو روپے کے 2نوٹ ،50روپے کے 7نوٹ اورکچھ کھانے کی چیزوں کو بھی ضبط کیا گیا۔اْن کے مطابق مارے گئے ملی ٹینٹوں کی شناخت اور اْن کی تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی۔دریں اثنا مژھل سیکٹر میں مختصر تصادم آرائی کے دوران دو ملی ٹینٹوں کی ہلاکت کے بعد سرحدی علاقوں میں چوکسی بڑھائی گئی ہے۔ امکانی دراندازی کے پیش نظر حد متارکہ اور بین الاقوامی کنٹرول لائن پر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ فوج کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ چوبیس گھنٹے متحرک رہے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔

بانڈی پورہ
پولیس نے بانڈی پورہ ضلع میں ایک رہائشی مکان کو سر بمہر کیا ، جس کے مالک پر “ملی ٹینٹوں کو پناہ دینے” کا الزام ہے۔پولیس نے بتایا کہ انہوں نے “مجاز حکام سے قانونی منظوری حاصل کرنے” کے بعد بشیر احمد میر ولد ستار میر ساکن ونہ پورہ گریز حال وترینہ بانڈی پورہ کے مکان کو منسلک کر دیا ۔پولیس نے کہا”مذکورہ مکان بانڈی پورہ پولیس تھانے میں درج کیس زیر نمبر 166/2021 بتاریخ 26ستمبر 2021سے منسلک تھا،جس میں دو سخت گیر ملی ٹینٹوں کو بے اثر کر دیا گیا تھا۔ جو بانڈی پورہ میں دہشت گردی کے مختلف جرائم میں ملوث تھے” ۔پولیس کے مطابق”تحقیقات سے یہ بات بلاشبہ ثابت ہوئی کہ مذکورہ مکان دہشت گردی اوردہشت گردوں کو پناہ دینے کے مقصد کے لیے استعمال کیا گیا تھا اور ایسا عمل رضاکارانہ طور پر/جان بوجھ کر خاندان/گھر کے کسی فرد نے کیا تھا۔ اس گھر کو ٹھکانے کے طور پر استعمال کرتے ہوئے دہشت گردوں کی طرف سے شہریوں/محفوظ افراد پر بہت سے حملے کیے گئے یامنصوبہ بندی کی گئی۔