عظمیٰ نیوزسروس
جموں//پولیس سٹی جموں نے موبائل چوری کے ایک کیس کو حل کرکے ایک عادی مجرم کو گرفتار کیا ہے اور اس کے قبضے سے دو موبائل فون اور ایک فیلو شپ ڈاکٹر کی مہر بر آمد کی ہے ۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ضلع راجوری کے فروالہ سے تعلق رکھنے والے عبدالوحید ولد عبدالعزیز نامی ایک شخص نے شکایت درج کرائی جس میں کہا گیا کہ اس کا موبائل فون اس وقت چوری ہوگیا جب وہ اس کو ایس ایم جی ایس ہسپتال جموں کے وارڈ نمبر 15 میں چارجنگ پر لگا کر گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن سٹی جموں میں بی این ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر57/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئیں۔بیان میں کہا گیا کہ جموں پولیس کی ایک ٹیم نے ایس پی سٹی نارتھ اور ایس ڈی پی او سٹی نارتھ کی نگرانی میں ملزم نتن کھوکھر ولد سونو کھوکھر ساکن مکان نمبر 16 کرشچن کالونی جموں کو گرفتار کیا۔انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران پولیس نے ملزم کے قبضے سے دو موبائل فون جن میں سے ایک رئیل می سی 31 اور دوسرا جیو کی پیڈ موبائل تھا اور ایک فیلو شپ ڈاکٹر کی مہر بر آمد کی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران مزید انکشاف ہوا کہ ملزم ماضی میں بھی چوری کے کئی مقدامت میں ملوث رہا ہے اور ملزم پہلے بھی پولیس اسٹیشن سٹی اور جی آر پی پولیس اسٹیشن میں درج مقدموں میں گرفتار ہوا ہے جس میں اس کو عدالت کی طرف سے ضمانت ملی تھی۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے ۔