بانہال // گزشتہ روز بانہال کے منگت علاقے میں ایک دلدوز واقع میں ایک اٹھارہ مہینے کا بچہ پانی کے ایک ٹب میں گرجانے کے بعد دم گھٹنے کی وجہ سے لقمہ اجل بنا ہے۔مہلوک بچے کی شناخت شاہباز احمد میر عمر اٹھارہ ماہ ولد بلال احمد میر ساکنہ منگت تحصیل کھڑی ضلع رام بن کے طور کی گئی ہے۔ منگت کے مقامی پنچ فاروق احمد شیخ جو مہلوک بچے کا قریبی رشتہ دار بھی ہے ، نے کشمیر عظمیٰ کو اس دلخراش واقع کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ شاہباز احمد کے والدین گھاس کٹائی کی غرض سے گھر سے باہر کھیتوں میں میں تھے اور ڈیڑھ سال کا شاہباز اپنے بھائی اور چچیرے بھائی کے ساتھ گھر پر ہی موجود کھیل رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران چار سال سے کم کے اِن تینوں بچوں نے ہاتھوں پر مہندی لگائی تھی کہ ڈیڑھ سال کا شہباز اپنے گھر میں موجود غسل خانے میں گھس گیا اور ہاتھ دھونے کی کوشش کے دوران پھسل کر وہاں پانی سے بھرے ٹب میں گر گیا۔ انہوں نے کہا کہ مہلوک کا بھائی اور چچا زاد بھائی اسے باہر ڈھونڈ رہے تھے لیکن اس کا کوئی پتہ نہ چل سکا۔انہوں نے کہا کہ اس دوران کام سے واپس آئی اس کی ماں نے جب غسل خانے کا دروازہ کھولا تو وہاں شاہباز کو پانی کے ٹب میں مردہ پایا۔ انہوں نے کہا کہ بچے کی موت موقع پر ہی واقع ہوچکی تھی۔