محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کی اہم اور مصروف منڈی۔چنڈک سڑک پر تارکول بچھانے کا کام شروع ہونے پر مقامی شہریوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس مرتبہ محض چند حصوں تک کام محدود رکھنے کے بجائے پوری سڑک پر معیاری انداز میں تارکول بچھایا جائے گا تاکہ عوام کو دیرینہ مشکلات سے نجات مل سکے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ منڈی۔چنڈک سڑک گزشتہ کافی عرصے سے خستہ حالی کا شکار ہے۔ جگہ جگہ گڑھوں، ٹوٹی ہوئی سطح اور خراب ڈرینیج کے باعث نہ صرف روزمرہ آمدورفت متاثر ہوتی ہے بلکہ ہر وقت ٹریفک حادثات کا خدشہ بھی برقرار رہتا ہے۔
شہریوں کے مطابق طلبہ، مریضوں، سرکاری ملازمین، تاجروں اور عام مسافروں کو روزانہ شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ بارشوں کے دوران سڑک کی خراب حالت مزید سنگین صورت اختیار کر لیتی ہے۔شہریوں نے بتایا کہ ماضی میں بھی اس سڑک کے بعض مقامات پر تارکول بچھایا گیا، تاہم پورے روٹ کی مرمت نہ ہونے کے باعث عوام کو مطلوبہ ریلیف نہیں مل سکا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر سڑک کے چند حصوں کو بہتر بنا دیا جائے اور باقی حصہ خستہ حال رہے تو اس سے منصوبے کا اصل مقصد حاصل نہیں ہوتا۔ اس لیے ضروری ہے کہ تقریباً نو کلومیٹر طویل اس اہم سڑک پر مکمل اور یکساں معیار کے ساتھ تارکول بچھایا جائے۔عوام نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ رکن اسمبلی پونچھ حویلی اعجاز احمد جان اور ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے متعلقہ محکمہ کو ہدایت دیں گے کہ منصوبے کو مقررہ معیار اور مدت کے اندر مکمل کیا جائے، تاکہ عوام کو محفوظ، ہموار اور پائیدار سفری سہولت میسر آسکے۔شہریوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ آئندہ منعقد ہونے والی بابا بڈھا امرناتھ یاترا کے پیش نظر اس شاہراہ کی بروقت تکمیل نہایت ضروری ہے، کیونکہ یاترا کے دوران ہزاروں عقیدت مند اور سیاح اسی سڑک سے سفر کرتے ہیں۔ان کے مطابق اگر سڑک کی مرمت کا کام مکمل ہو گیا تو نہ صرف یاتریوں کو بہتر سفری سہولت میسر آئے گی بلکہ علاقے کی معاشی، تجارتی اور سیاحتی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔