سرینگر//منشیات مخالف مہم میں پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ اور کولگام میں 6 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں ممنوعہ نشیلی اشیاء کو برآمد کرلیا ہے۔ منشیات کے خلاف اپنی کاروائی جاری رکھتے ہوئے پلوامہ پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ یونس احمد وانی ساکن بٹہ پورہ نائنہ کے پاس بھاری مقدار میں بھنگ پائوڈر موجود ہے ۔اطلاع ملتے ہی پلوامہ پولیس نے ایس ڈی پی او لیتر فرقان قادری ، ایس ایچ او لیتراور مجسٹریٹ کی قیادت میں مذکورہ شخص کے رہائشی مکان پر چھاپہ ڈالکر تلاشی کاروائی شروع کردی ۔ تلاشی کاروائی کے دوران پولیس نے مذکورہ شخص کے رہائشی مکان اور گاوَ خانے سے30 کلو گرام بھنگ پائوڈر برآمد کی گئی البتہ ملزم ابھی مفرور ہے۔ تھانہ پولیس لیتر نے اس سلسلے میں کیس زیرایف آئی آرنمبر05/2021 درج کرلیا ہے۔ کولگام پولیس نے 6افرادکو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات کی کھیپ برآمد کرلی ہے۔ڈی ایس پی کولگام شیخ طاہر امین کی ہدایت پر مین بازار دیوسر میں تھانہ دیوسر کی پولیس پارٹی نے2افراد کوگرفتار کیا۔ ان کے قبضے سے18 کلو گرام خشخاش کا مادہ برآمد ہوا۔گرفتار کئے گئے افراد کی شناخت ہازق راتھر ساکن سوپٹ ، جتیندر سنگھ ولد مکھن سنگھ ساکن گومن خرود گرداسپورہ پنجاب کے بطو رہوئی ہے ان کے خلاف ایف آئی آر نمبر 08/2021دیوسر تھانے میں درج کی گئی ۔ادھر کولگام پولیس نے ہی ایس ڈی پی او قاضی گنڈ کی نگرانی میں نیپورہ کراسنگ پر چیکنگ کے دوران ایک سنٹرو گاڑی زیر رجسٹریشن نمبرکوHR60P-6076 روک کر اس کی تلاشی لی جس میں4 افراد سوار تھے جوکہ منشیات کا دھندہ کرتے تھے جن کی شناخت روی پال ولد گلجاری رام ساکن چوگام جالندھر ، گوویندر سنگھ ولد کلدیپ سنگھ ساکن گوداوالی جالندھر، ریشپال سنگھ ولد رگوناتھ سنگھ ساکن کود پٹنی ٹاپ اور سکھ وندر کمار ولد گلزار رام ساکن چوگام جالندھرپولیس نے چاروں افراد کو گرفتار کرکے جرائم کی واردات کو سر انجام دینے میں استعمال میں ہونے والی گاڑی کو بھی قبضے میں لے لیا ۔قاضی گنڈ تھانہ میں کیس زیر ایف آئی آر نمبر37/2021متعلقہ دفعات کے تحت درج کیاگیاہے۔