عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ضلع راجوری میں کرایہ داروں کی لازمی تصدیق سے متعلق ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے جاری کردہ احکامات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے راجوری پولیس نے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر نو ایف آئی آر درج کی ہیں۔ یہ کارروائیاں منجاکوٹ، نوشہرہ اور کنڈی پولیس اسٹیشنوں کی حدود میں اس وقت کی گئیں جب پولیس کو قابلِ اعتماد اطلاعات موصول ہوئیں کہ بعض مکان مالکان اور دکاندار بغیر لازمی تصدیق کاغذات مکمل کئے بیرونِ یو ٹی افراد کو رہائش فراہم کررہے ہیں۔ترجمانِ پولیس کے مطابق پولیس اسٹیشن منجاکوٹ میں دو مختلف مقامات سے معلومات ملی کہ چند افراد نے اپنے مکانات کے کمروں کو ایسے افراد کے حوالے کیا ہے جو جموں و کشمیر سے باہر کے ہیں اور جن کی ضروری کرایہ دار تصدیق مکمل نہیں کی گئی تھی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی آر نمبر 110/2025 اور 111/2025 میں تین مقدمات درج کئے، جن میں مکان مالکان کو قانون کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہرایا گیا ہے۔اسی طرح پولیس اسٹیشن نوشہرہ میں قابلِ بھروسہ اطلاعات کی بنیاد پر پولیس ٹیموں نے تین دکانداروں کو اپنے تجارتی مقامات میں بیرونِ ریاست افراد کو رہائش فراہم کرتے ہوئے پایا، جبکہ کرایہ دار تصدیق کا عمل مکمل نہیں کیا گیا تھا۔ ان خلاف ورزیوں کے بعد تین مقدمات درج کئے گئے جن کے نمبر 186/2025، 187/2025، اور 188/2025 ہیں، اور انہیں دفعہ 223 بی این ایس کے تحت درج کیا گیا ہے۔کنڈی پولیس اسٹیشن میں بھی اسی نوعیت کی خلاف ورزیاں سامنے آئیں جہاں چار مکانات میں غیر تصدیق شدہ افراد کے رہنے کی اطلاعات موصول ہوئیں، جبکہ بعض جگہوں پر وی پی این سروسز کے غلط استعمال کی بھی نشاندہی ہوئی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی آر نمبر 163/2025، 164/2025، 165/2025 اور 168/2025 کے تحت مقدمات درج کئے۔راجوری پولیس نے تمام مکان مالکان، دکانداروں اور دیگر پراپرٹی ہولڈرز سے اپیل کی ہے کہ وہ کرایہ داروں کی لازمی تصدیق کے عمل کو ہر صورت مکمل کریں اور کسی بھی فرد کو بغیر دستاویزی جانچ کے رہائش نہ دیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات عوامی تحفظ کو یقینی بنانے، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام، اور ضلع میں امن و قانون کی فضا برقرار رکھنے کے لئے ناگزیر ہیں۔پولیس نے خبردار کیا ہے کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، لہٰذا تمام افراد ان ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔