مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی تحصیل منکو ٹ میں پنچایتی اراکین کا ایک اجلاس بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل چیئر مین امان اللہ چوہدری کی قیادت میں منعقد ہوا جس میں کئی پنچایتوں کے سرپنچوں و پنچوں نے شرکت کی ۔اجلاس کے دوران منکوٹ میں ہوئے تعمیر اتی کاموں پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے مقررین نے کہاکہ سرحدی ضلع میں منکوٹ ایک پسماندہ ترین بلاک ہے جہاں پر لوگوں کے پاس پینے کا صاف پانی ،بجلی کی معیاری سپلائی ،سڑکیں و دیگر سہولیات بھی دستیاب نہیں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سرحدی تحصیل میں کئی واٹر سپلائی سکیمیں مکمل بند پڑی ہوئی ہیں جبکہ ملازمین ڈیوٹی پر حاضر ہی نہیں ہوتے جس کی وجہ سے خواتین کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے پینے کا صاف پانی لانے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پانی کی قلت کو پورا کرنے کیلئے محکمہ جل شکتی کے بجائے فوج کی جانب سے کچھ علاقوں میں گاڑیوں کے ذریعے پانی سپلائی کیا جاتا رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بجلی کی سپلائی کیلئے بھی متعلقہ شعبہ کی جانب سے معقول سپلائی نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بجلی کی سپلائی لکڑی کے کھمبوں اور سبز درختوں کی وجہ سے ممکن بنائی گئی ہے ۔بلاک ڈیولپمنٹ کونسل چیئر مین نے یقین دلاتے ہوئے کہاکہ عوامی مسائل کے سلسلہ میں اعلیٰ حکام کیساتھ ترجیح بنیادوں پر بات چیت کی جائے گی ۔