ملی ٹینسی کا لگ بھگ صفایا ہوچکا امسال ملی ٹینٹ دراندازی کرنے میں کامیاب:دلباغ سنگھ

یو این آئی

جموں//جموں وکشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے جمعرات کے روز کہاکہ سرحدوں پر سیکورٹی گرڈ مستحکم کرنے کی خاطر مزید چوکیاں قائم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ا گر چہ ملی ٹینسی کا لگ بھگ صفایا ہوچکا ہے لیکن ابھی بھی کچھ غیر ملکی بچے ہوئے ہیں جنہیں بہت جلد انجام تک پہنچایا جائے گا۔ جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ امسال کچھ ملی ٹینٹ دراندازی کے ذریعے اس طرف آنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ راجوری کے ڈانگری گائوں میں دراندازی کے ذریعے اس طرف آنے والے ملی ٹینٹوں نے ہی عام شہریوں کا قتل کیا۔ان کے مطابق بارہ مولہ اور کپواڑہ میں برف باری سے قبل جتنے بھی ملی ٹینٹ اس طرف آئے ان کا بہت حد تک صفایا کیا گیا۔ڈی جی پی نے کہاکہ 56ایسے غیر ملکی ملی ٹینٹ ،جو یہاں دراندازی کے ذریعے آئے ہوئے تھے، ان کا لگ بھگ صفایا کیا گیا تاہم ابھی بھی کچھ بچے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمسایہ ملک دہشت گردوں کو تربیت دے کر اس طرف دھکیلنے کی لگاتار کوششوں میں مصروف ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہمسایہ ملک کو جموں وکشمیر کا امن راس ہی نہیں آرہا ہے اور وہ یہاں پر ملی ٹینٹوں کو دھکیل کر حالات کو درہم برہم کرنے کی کوششو ں میں لگا ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس کو دہشت گردی کے ساتھ ساتھ اب منشیات کے چیلنج کا بھی سامنا ہے۔ان کے مطابق پاکستان منشیات کے ذریعے نوجوانوں کے مستقبل کو تاریک بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔انہوں نے کہاکہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف پولیس نے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔