اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ضلع ڈوڈہ کی تحصیل چلی پنگل میں ملکپورہ چلی سڑک کو بالآخر 35روز بعد عارضی طور پر ٹریفک کی آمدورفت کے لیے بحال کر دیا گیا۔ سڑک کی بحالی کے ساتھ ہی علاقے میں اشیائے خوردنی کی سپلائی، تعمیراتی میٹیریل اور مریضوں کو ہسپتال منتقل کرنے میں درپیش سنگین مشکلات کا خاتمہ ہو گیا ہے۔یاد رہے کہ مذکورہ سڑک شدید پسیوں اور زمین دھنسنے کی وجہ سے گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے بند تھی، جس کے باعث تحصیل چلی پنگل کے ایک وسیع علاقے کا زمینی رابطہ تحصیل و ضلعی ہیڈ کوارٹر اور دیگر حصوں سے کٹ کر رہ گیا تھا۔ سڑک کی بندش کی وجہ سے مقامی لوگوں، بالخصوص طلبہ اور ملازمین، مریضوں و بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا جبکہ ٹرانسپورٹ نظام بھی متاثر ہوا تھا۔سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت شروع ہوتے ہی مقامی لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا اور انتظامیہ و متعلقہ محکمہ کا شکریہ ادا کیا۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ “35دن ہمارے لیے کسی آزمائش سے کم نہیں تھے، لیکن اب سڑک کھلنے سے ہماری مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی‘‘۔اس دوران سب ڈویژنل مجسٹریٹ گندوہ ارون کمار بڈیال ،ایس ڈی پی او لو کرن و ایس ایچ او فاروق کٹوچ نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تعمیری کام کا جائزہ لیا۔انہوں نے ڈرائیوروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس مقام پر انتہائی احتیاط سے کام لیں جہاں سڑک کمزور ہے، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ محکمہ تعمیراتِ عامہ کے مطابق سڑک کی مکمل اور مستقل بحالی کے لیے کام مزید کچھ دن جاری رہے گا۔س