عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نلین پربھات نے پیر کو کہا کہ ملی ٹینسی اور دیگر تمام قسم کی مجرمانہ سرگرمیاں ہمیشہ یوٹی کی پولیس فورس کی سخت نگرانی میں رہیں گی۔کٹھوعہ میں 14ویں پولیس شہدا میموریل ٹی 20کرکٹ ٹورنامنٹ 2025-2026 کا افتتاح کرتے ہوئے ڈی جی پی نے کہا کہ چاہے وہ منشیات ہو، غنڈہ گردی، مافیا یا کسی اور قسم کا جرم، خاص طور پر ملی ٹینسی، سب کچھ پولیس کی بندوق کی نظر میں رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پولیس کا اصل مقصد جموں و کشمیر میں ایسی تمام ملک دشمن اور سماج دشمن سرگرمیوں کو ختم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز ملی ٹینٹوں، ان کے اوور گرائونڈ ورکرز ، ہمدردوں، منشیات سمگلروں اور حوالہ رقم ریکیٹ میں ملوث افراد کے خلاف جارحانہ کارروائیاں کر رہی ہیں۔ڈی جی پی نے کہا کہ مربوط کارروائیوں کا مقصد ملی ٹینسی کے مکمل ماحولیاتی نظام اور اس کے سپورٹ سسٹم کو ختم کرنا ہے۔ منشیات سمگلر اور حوالہ منی ریکیٹ میں ملوث افراد بھی پولیس اور سیکورٹی فورسز کے ریڈار پر ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ان غیر قانونی سرگرمیوں سے حاصل ہونے والی رقم جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی کو برقرار رکھنے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ دراندازی، منشیات کی سمگلنگ اور سرحد پار سے شروع ہونے والی ڈرون سرگرمیوں کو روکنے کے فرائض فوج اور بارڈر سیکورٹی فورس کے پاس ہیں۔ فوج کے زیر انتظام 740 کلومیٹر لمبی لائن آف کنٹرول ہے اور جموں و کشمیر میں 240 کلومیٹر طویل بین الاقوامی سرحد بی ایس ایف کے زیر انتظام ہے۔کنٹرول لائن وادی کے بارہمولہ، بانڈی پورہ اور کپواڑہ اضلاع اور پونچھ، راجوری اور جزوی طور پر جموں میں پھیلی ہوئی ہے۔ بین الاقوامی سرحد جموں، کٹھوعہ اور سامبا اضلاع میں واقع ہے۔