سرنکوٹ//بفلیاز تا چند ی مڑھ مغل شاہراہ کا حصہ انتہائی خراب ہونے کی وجہ سے مسافروں و ٹرانسپورٹروں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مسافروں نے بتایا کہ بفلیاز بھونی کھیت چندی مڑھ اور ڈوگراں کے مقامات پر سڑک ختم ہو کر گہرے کھڈوں میں تبدیل ہو گئی ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ سڑک کا الگ بھگ بیس کلو میٹر سے زائد حصہ پوری طرح سے تباہ ہو گیا ہے لیکن متعلقہ محکمہ و حکام کو ٹس سے مس تک نہیں ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ شاہراہ صوبہ جموں کے پیر پنچال رینج کو وادی کشمیر کیساتھ جوڑنے میں اہم رول ادا کررہی ہے جبکہ شاہراہ کے بحال ہونے کے بعد روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیاں مذکورہ شاہراہ پر چلتی ہیں ۔انتظامیہ کی جانب سے مغل شاہراہ کو بحال کرنے کے بعد بڑی تعداد میں مقامی و غیر مقامی مسافروں کی ایک بڑی تعداد اس شاہراہ کے ذریعہ سفر کررہی ہے تاہم سڑک کی انتہائی خراب حالت کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد ورفت بھی متاثر ہورہی ہے ۔مسافروں و ٹرانسپورٹروں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ شاہراہ کی مرمت کر کے اس کو معیاری بنایا جائے تاکہ دوران آمد ورفت مسائل کا سامنا نہ کرناپڑے ۔