سرنکوٹ// جمعرات کے روز مغل شاہراہ پر ہوئے ایک ٹریفک حادثے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے جن کو علاج معالجہ کیلئے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ شاہراہ پر سرنکوٹ کے مونسر موڑ میں ایک ایکو گاڑی ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو کر ایک گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 5افراد زخمی ہوگئے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ گاڑی پونچھ سے سرینگر کی جانب جارہی تھی جس کے دوران وہ حادثے کا شکار ہو گئی ۔حادثے کی خبرملتے ہی پولیس اور مقامی لوگوں نے بچائو کارروائی میں شرکت کرتے ہوئے زخمیوں کو علاج معالجہ کیلئے سرنکوٹ ہسپتال منتقل کیا ۔مقامی لوگوں نے محکمہ صحت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کیلئے ایمبولینس سروس فراہم کرنے میں غیر ضروری طورپر تاخیر کی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں انجچارج پولیس چوکی بہرام گلہ محمد رفیق نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کروایا ۔حادثے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت محمد عفان ولد محمد الیاس ،عصمت بیگم زوجہ محمد شریف ،نسیمہ اختر زوجہ محمد فاروق ،جمیلہ بی زوجہ محمد الیاس، عفت جان زوجہ محمد شریف کے طور پر کی گئی ہے جبکہ زخمیوں کا تعلق منڈی کے اڑائی علاقہ سے بتایا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ایمبولینس وقت پر فراہم نہ کرنے والے محکمہ صحت کے ملازمین و آفیسران کیخلاف سخ کارروائی عمل میں لائی جائے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں ۔