سرینگر//جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی، اپنی پارٹی،پلز ڈیموکریٹک فرنٹ ، انجمن حمایت الاسلام ،حقانی ٹرسٹ اوراہل سنت والجماعت نے شہدائے کربلاؓ کو خراج عقیدت ادا کیا ہے ۔جے کے پی سی سی صدر جی اے میر نے شہدائے کربلا کوخراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ اہلبیت نے کربلا کے میدان میں اپنی جانیں اسلام کی سربلندی کیلئے نچھاور کرکے سچائی کی شمع کو ہمیشہ کیلئے روشن کیا۔اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امام عالی مقام ؑ نے سچائی اور انصاف کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔بخاری نے کہاکہ حضرت امام حسین ؓ اور اُن کے ساتھیوں کی طرف سے دی گئی عظیم قربانیاں رہتی دنیا تک مثال رہے گی اور ہمیں دوسروں کے لئے جینے اور بے لوث طرز زندگی اپنانے کا درس دیتی رہے گی۔انہوںنے کہا ’’واقعہ کربلا کا پیغام کسی خاص مذہب یا مسلک تک محدود نہیں، یہ ہمیں اِس بات کا پیغام دیتا ہے کہ کیسے شہداء نے جانوں کی پرواہ کئے بغیر حق گوئی اورصداقت کی بالادستی کے لئے سر بھی کٹوا دیئے‘‘۔انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگونے شہدائے کربلاؓ کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام حسینؓ نے تحفظ اسلام و شریعت کی بالادستی کیلئے راہ عزیمت اختیار کرتے ہوئے عالم اسلام کو یہ پیغام دیا کہ حق پر مبنی قلیل جماعت کثرت پر حاوی ہوسکتی ہے۔ مولانا قانگونگو نے نواکدل بابامنزل میں قدیم حسینی مجلس اور بوٹہ کدل مسجد میں بعد مغرب تا عشاء شہدائے کربلاؓ کی گراں قدر قربانیوں پر روشنی ڈالی۔حقانی میموریل ٹرسٹ نے گلہائے عقیدت پیش کرنے کے سلسلے میں ایک کانفرنس کا انعقاد کیا۔ کانفرنس میں کئی علماء نے شرکت کی۔ٹرسٹ کے سرپرست سیدحمید اللہ حقانی نے اپنے خطاب میںکہا کہ امام عالی مقام ؑنے میدان کربلا میں اپنے خاندان اور اصحاب سمیت جان قربان کر کے انسانیت کو رہتی دنیا تک کے لئے باطل کے سامنے سر نہ جھکانے کا سبق دیا۔پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین حکیم یاسین نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کربلا کے شہداء نے معرکہ کربلا میں اپنی قیمتی جانوں کی شہادت پیش کر کے حق و صداقت کی الم کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بلند کر دیا اور رہتی دنیا تک باطل کی کمر توڑ کے رکھ دی۔ اہل سنت و الجماعت کی جانب سے پیربابا منزل جمالٹہ نوا کدل میں صبح صادق سے ہی ایک تقریب کا انعقاد ہوا، جس میں علماء اورعقیدتمندوںنے شرکت کی۔مقررین نے روز عاشورہ کی فضیلت اور امام عالی مقامؓکی سیرت پر روشنی ڈالی۔
سکمز کی جانب سے جڈی بل میں طبی کیمپ
سرینگر// سکمزکی جانب سے یوم عاشورہ کے موقع پر جڈی بل اور دیگر شیعہ برادری والے علاقوں میںطبی کیمپوں کا انعقاد کیا گیا جہاں ماتمی عزاداروں کا مفت علاج و معالجہ کیا گیا ۔جڈی بل کیمپ کی نگرانی خود ڈائریکٹر سکمز کررہے تھے ۔ کیمپ کے دوران درجنوں زخمیوں اور دیگر بیماروں کا علاج ومعالجہ کیا گیا اور کئی افراد کو مزید علاج کیلئے صورہ منتقل کیا گیا جہاں انہیں مفت علاج ، ٹسٹ اور ادویات فراہم کی جارہی ہیں ۔ڈائریکٹر کے ہمراہ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق جان ، ڈاکٹرغلام حسن ایتو ، ایچ او ڈی ہسپتال انتظامیہ اورنگوا صدر اشتیاق بیگ نے بھی اس کیمپ میں اپنی خدمات انجام دیں۔