سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی رہنمائوں اور عوامی نیشنل کانفرنس نے معروف کیمسٹ مکھن لال بندرو کی نامعلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں ہلاکت کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے۔پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کے جنرل سیکریٹری اور سابق وزیرغلام نبی لون ہانجورہ نے پارٹی وفد کے ہمراہ مکھن لال بندرو،جنہیں نامعلوم بندوق برداروں نے منگل شام کو گولی مار کر ہلاک کیاتھا،کی آخری رسومات میں شرکت کی۔پارٹی کے سینئر نائب صدر عبدلارحمن ویری اورجنرل سیکریٹری غلام نبی لون ہانجورہ نے اندرانگر میں مکھن لال بندرو کے گھر جاکر تعزیت پرسی کی۔دونوں رہنمائوں نے سورگباشی بندرو کی نامعلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں ہلاکت کی مذمت کی ۔انہوں نے سورگباشی کو خراج عقیدت پیش کیااور غمزدہ خاندان کی ڈھارس بندھائی۔ان کے ہمراہ پارٹی کے سینئر رہنما عبدالحمید کوہ شین،غلا م محی الدین وچی اور یوتھ کارڈنیٹر عارف لائیگرو بھی تھے۔عوامی نیشنل کانفرنس کی صدر بیگم خالدہ شاہ اور نائب صدر مظفر شاہ نے معروف دوافروش مکھن لال بندرو کی ہلاکت پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔انہوں نے کہا کہ مکھن لال بندرو ایک مشفق انسان تھے اور وہ نامساعدحالات کے دور میں بھی یہیں رہے اور ہمیشہ اپنی دکان کھلی رکھتے ہوئے لو گوں کی خدمت کرتے آئے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اس حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں اور ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر شریک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حملوں اور جارحانہ کارروائیوں کیلئے ہمارے سماج میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ دریں اثنا پارٹی کے جنرل سکریڑی ایڈوکیٹ میر محمد شفیع کی قیادت میں ایک اعلی سطحی وفد نے بندرو کے گھر جاکر لواحقین کے ساتھ تعزیت کی اور آنجہانی کے ابدی سکون کی دعا کی۔