سرینگر// شہر خاص کارڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس میں ائمہ مساجد اور منتظمین نے بھی شرکت کی،جس دوران میرواعظ محمد عمر فاروق کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔اجلاس میں کہا گیا کہ شب معراج اور ماہ رمضان کی آمد کے نتیجے میں میرواعظ کی رہائی عمل میں لائی جانی چاہئے تاکہ وہ اپنی مذہبی خدمات کو انجام دیں سکیں۔انہوں نے کہا کہ میرواعظ کی رہائی سے جامع مسجد میں رونق بحال ہوسکتی ہے اور اس علاقے میں تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوسکتا ہے۔ادھرجموں کشمیرسول سوسائٹی فورم نے معراج العالم سے قبل میرواعظ محمد عمر فاروق کورہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ایک بیان میں جموں کشمیر سول سوسائٹی فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے حکومت پرزوردیا کہ وہ معراج سے قبل ہی جموں کشمیر کے اعلیٰ پایہ کے مذہبی رہنماکورہا کریں۔انہوں نے کہا کہ میرواعظ گزشتہ ڈیڑھ برس سے مسلسل نظر بندہیں جو ہمارے لئے باعث فکروتشویش ہے۔وانی نے کہا کہ میرواعظ کی مسلسل نظر بندی سے لوگوں کے جذبات مجروح ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب جبکہ ماہ رجب کامتبرک مہینہ شروع ہوچکا ہے اور اس ماہ کے دوران پیغمبر اسلام ؐ کومعراج کا معجزہ عطا ہوااور اس کے پس منظر میں میرواعظ کشمیر صدیوں سے لوگوں کو اس دن کی مناسبت سے فلسفہ معراج سے روشناس کرتے آئے ہیں۔عبدالقیوم وانی نے معراج العالم ؐ کے متبرک موقع پر فوری طور میرواعظ کی نظر بندی کو ختم کرنے کا مطالبہ کیاتاکہ وہ جامع مسجد میں اپنے مذہبی فرائض انجام دے سکیں۔