امن و امان ، خوشحالی اور مصائب و مشکلات سے نجات کی دعا
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنرکے مشیروں فاروق خان، راجیو رائے بھٹناگر اور بصیر احمد خان، نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ،پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی صدر محبوبہ مفتی ،اپنی پارٹی صد ر الطاف بخاری،عوامی اتحاد پارٹی،جموں وکشمیر ورکرس پارٹی،انجمن شرعی شیعیان کے صدرآغا سید حسن،جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی اورحقانی میموریل ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی اور علمائے احناف کے سربراہ مولانا اخضرنے معراج کی تقریب سعید پر مسلمانانِ عالم بالخصوص جموں وکشمیر کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اِس بابرکت شب کے طفیل عوام کو موجودہ مشکلات اور مصائب سے نجات دے۔ لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا کے مشیران فاروق خان، راجیو رائے بھٹناگر اور بصیر احمد خان نے شب معراج کے مبارک موقع پر جموںوکشمیر کے عوام کو مبارک باد پیش کی۔اَپنے تہنیتی پیغامات میں مشیران نے اُمید ظاہر کی کہ اِس مقدس موقع پر اِنسانی محبت ، اخوت ، ہمدردی اور باہمی احترام کو فروغ ملے گا۔مشیران نے اُمید ظاہر کی کہ اِس مقدس موقعہ سے ہم آہنگی اور بھائی چارے کے رشتے کو مزید تقویت ملے گی۔ اُنہوں نے دعا کی کہ اِس مقدس شب کی بدولت پورے جموں و کشمیر کے لئے اَمن ، ترقی اور خوشحالی کی راہ ہموار ہوگی۔نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے معراج کی تقریب سعید پر مسلمانانِ عالم خصوصاً جموں وکشمیر کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اِس بابرکت شب کے طفیل عوام کو موجودہ مشکلات اور مصائب سے نجات دے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اور اسلام کی بدولت ہی دنیا میں جہالت ، گمراہی ، دختر کشی، اونچ نیچ، گورے کالے، رنگ ونسل کا تمیز مٹ گیا اور ایک صالح نظام کی بنیاد پڑگئی۔انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ بابرکت شب کے دوران عالم اسلام کی فتح ونصرت، خوشحالی اور جموں وکشمیر میں امن اور خوشحالی کیلئے دعا کریں۔ انہوں نے صوبائی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ معراج کی تقریبات کے سلسلے میںدرگاہ حضرت بل میں تمام بنیادی خدمات دستیاب رکھی جائیں۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگراور معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال نے بھی شب معراج پر مبارکباد پیش کی۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) صدر محبوبہ مفتی نے معراج کے مقدس موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی اورانہیں پیغمبر اسلامؐ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی تاکید کی۔محبوبہ نے اپنے مبارکبادی پیغام میں حضورؐ کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت پر زوردیا جو انسانیت میں محبت ، پیار ، شفقت اور باہمی احترام کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا کو جو بیماریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس کا علاج بھی اسی پیغام میں ہے ۔محبوبہ نے شب معراج کو انسانی تاریخ کا سب سے بڑا معجزہ بتایا۔ پی ڈی پی کے دیگر لیڈروں نے بھی جموں وکشمیر کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اپنے مبارکبادی پیغام میں خوشحالی اور امن کیلئے دعا کرنے کی اپیل کی ۔ معراج کی مقدس تقریب کے سلسلے میں جن دیگر پی ڈی پی لیڈروں نے مبارکباد پیش کی ہے اُن میںغلام نبی لون ہانجورا ،آسیہ نقاش، خورشید عالم ،حمید کوہشین ، عارف لائیگرو ، رئوف بٹ ، محمد شفیع کندنگر شامل ہیں۔اپنی پارٹی صد ر سید الطاف بخاری نے شب ِ معراج کے بابرکت دن کی عوام کو مبارک باد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن اسلامی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس روزحضرت محمدؐکو معراج نصیب ہوئی تھی۔ ۔انہوں نے کہا’’ہمیں اِس مقدس اور بابرکت رات کا فائدہ اُٹھاکر پورے عالم ِ انسانیت میں امن، خوشحالی اور ترقی کے لئے دعا کرنی چاہئے‘‘۔ بخاری نے خاص طور سے جموں وکشمیر کی عوام کو اِس مقدس موقع کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ رات امن اور خوشحالی کی نئی صبح لیکر آئے۔عوامی اتحاد پارٹی نے معراج کی تقریب سعید پر عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس بابرکت شب کے طفیل جموں کشمیر میں امن اور خوشحالی کا بول بالا کردے۔ جموں وکشمیر ورکرس پارٹی کے صدر میر جنیدنے مبارکبادپیش کرتے ہوئے عالم اسلام کی امن و سلامتی اور سربلندی کی دعا کی۔انہوں نے عالم اسلام کی سربلندی، عالم انسانیت کی بقاء اور جموں و کشمیر کے لوگوں کی خوشحالی اورامن و امان کیلئے دعا کی ۔انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ بابرکت شب کے دوران، عالم اسلام کی فتح ونصرت، خوشحالی اور جموں وکشمیر کے عوام کی فتح و نصرت کیلئے دعا کریں۔انجمن شرعی شیعیان کے صدرآغا سید حسن نے فرزندان توحید کو ہدیہ تہنیت پیش کرتے ہوئے عالم اسلام کی امن و سلامتی اور سربلندی کی دعا کی ۔انہوںنے کہا کہ معراج النبیؐ ایمان افروز واقعہ اور امت مسلمہ کے لئے رحمت و عنایات کا حامل ہے ۔جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں دین اسلام کے دکھائے ہوئے پاک اور مقدس تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا کرے۔ انہوں نے کہا کہ نماز مسلمانوں کیلئے معراج ہے ، اسلئے ہمیں اپنے بچوں کو ابتدا سے ہی قرآن کی تلاوت اور نماز کی پابندی کی طرف راغب کرنا چاہیے۔انہوں عالم اسلام کی سربلندی اور امن وامان کیلئے دعا کی۔ حقانی میموریل ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی اور جنرل سکریٹری بشیر احمد ڈار نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ باسعادت دن ہمیں اس عظیم واقع کی یاد دلاتا ہے جب اللہ تعالی نے امت کو کو نماز جیسا تحفہ عطا کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اِس عظیم، بابرکت اور فضیلت والے شب کے طفیل ریاستی عوام کو موجودہ مشکلات اور مصائب سے نجات دے ۔انجمن علمائے احناف کے سربراہ مولانا اخضر حسین نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ’’شب معراج میں ہمارے پیغمبر آخرزمانؐ کو اللہ نے اپنے قدرتی آثار اور راز الٰہی سے آگاہ کیا اورتحائف عطا کئے‘‘۔ اُنہوں نے عالم اسلام کی سربلندی، عالم انسانیت کی بقاء ا کیلئے دعا کی۔