پونچھ// عوامی خدمات کو جاری رکھتے ہوئے پریتم سپریچول فاؤنڈیشن نے کامسر پونچھ میں اپنے ہیڈکوارٹر پر چار روزہ کیمپ کا انعقاد کیاجس میں پونچھ اور راجوری اضلاع کے 300 سے زیادہ معذور افراد کو مفت مصنوعی اعضاء لگائے جائیں گے جبکہ ان معذورافراد کو وہیل چیئرز بھی فراہم کی گئیں۔ کیمپ کا افتتاح ایس ایس پی پونچھ ڈاکٹر ونود کمار نے کیا۔ فاؤنڈیشن کے بانی اور چیئرمین پروفیسر جگبیر سنگھ نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاؤنڈیشن نے بی ایم وی ایس ایس (کوٹا) راجستھان اور ضلع انتظامیہ پونچھ کے تعاون سے معذور افراد کی مددکیلئے یہ مصنوعی اعضاء کیمپ منعقد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ 14 نومبر سے 17 نومبر تک جاری رہے گا، اس میں دونوں اضلاع کے معذور افراد کی مدد کی جائے گی۔ اس موقع پر پروفیسر جگبیر سنگھ نے ضلعی انتظامیہ بالخصوص بھارتی فوج، گجر اور بکروال ہاسٹل کے وارڈن اور جامعہ ضیاء العلوم کے پرنسپل وحید بانڈے کا ان کا تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کیمپ سے فائدہ اٹھانے والے بہت سے معذور افراد نے ٹرسٹ اور ضلع انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔