مشیر بھٹناگر نے میڈیکل کالج اننت ناگ کا معائنہ کیا | اہم پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کیلئے ڈبل شفٹ میں کام کرنے کی ہدایت

اننت ناگ//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے اتوار کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت نا گ کا دورہ کیا۔انہوں نے وہاں اِدارے کے کام کاج اور وہاں جاری کاموں کی پیش رفت کاجائزہ لیا۔ دورے کے دوران مشیر نے کالج کے مختلف بلاکوں بشمول اکیڈمک بلاک ، لائبریری بلاک ، ایڈمنسٹریٹیو بلاک ، ڈاکٹروں کے رہائشی کوارٹروں اور ہوسٹل کا بھی معائنہ کیا اور وہاں جاری کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔مشیر موصوف نے کالج کی مختلف سہولیات کا معائینہ کرتے ہوئے عمل آوری ایجنسی کے اَفسران کو مشن موڈ کے تحت کام کرنے اور تمام فنشنگ کاموں کوبر وقت مکمل کرنے پر زور دیا۔ اُنہوں نے بار بار تکمیل کی ڈیڈ لائن میں ناکام ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے جے کے پی سی سی کے نمائند وں سے کہا کہ وہ ڈبل شفٹوں میں کام کریں اور اس اہم پروجیکٹ کو بروقت مکمل کریں تاکہ اس کی پوری صلاحیت سے اِستفادہ کیا جاسکے۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ سے بھی کہا کہ وہ عمل آوری ایجنسی کے ساتھ قریبی تال میل برقرار رکھیں اور باقاعدگی سے جائزہ لیں تاکہ کیمپس کو وقت پر مکمل کیا جائے۔ اُنہوں نے پرنسپل سے مزید کہا کہ وہ کیمپس میں طلباء کے لئے تمام مطلوبہ سہولیتیں فراہم کریں ۔اس کے علاوہ غیر نصابی سرگرمیوں کے لئے بھی کیمپس میں سہولیات پیدا کی جائیں۔انہوں نے کیمپس کے احاطے کا تفصیلی چکر لگاے ہوئے عمل آوری ایجنسی سے کہا کہ وہ کیمپس کے ماحول اور ارد گرد کے ساتھ ساتھ اپروچ سڑکوں کو بھی برقرار رکھے تاکہ عام لوگوں کو کسی بھی قسم کی تکلیف سے بچا جاسکے۔اِس موقعہ پر مشیر موصوف نے مختلف شعبہ جات کے سربراہان کے ساتھ استفساری گفتگو کرتے ہوئے انہیں تاکید کی کہ وہ طبی کورسوں کے نتائج پر مبنی نقطہ نظر کی پیروی کریں اور طالب علم کو طبی علم ، طبی مہارت ، ثبوت پر مبنی سیکھنے ، مؤثر مواصلاتی مہارتوں اورپیشہ ورانہ مہارت و مریضوں کی دیکھ ریکھ میں مہارت حاصل کرنے کے لئے تیار کریں۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر کے ہمراہ پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ ، جنرل منیجر جے کے پی سی سی ، جی ایم سی کے مختلف شعبوں کے سربراہان ، محکمہ صحت کے سینئر اَفسران اور دیگر متعلقہ اَفسران بھی تھے۔