عظمیٰ نیوز سروس
ایران// جاری کشیدگی اور مسلسل فضائی حملوں کے درمیان، تہران سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہروں میں شامل ہے، تہران میں ہندوستانی سفارت خانے نے سیکورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی اقدام کے طور پر ہندوستانی طلبا کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا آغاز کیا ہے۔اس وقت تہران میں موجود طلبا کو سفارت خانے کی طرف سے ترتیب دی گئی بسوں میں شہر قم منتقل کر دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ فی الحال ہندوستانی حکام کی نگرانی اور کوآرڈینیشن میں قم جا رہے ہیں۔سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تہران میں تمام ہندوستانی طلبا بشمول کشمیر ی طلبا محفوظ ہیں اور انہیں محفوظ مقامات پر لیجانے کیلئے ٹراسپورٹ، کھانے پینے اور رہائش کے اقدامات کئے گئے ہیں۔
اس میں مزید کہا گیا ہے کہ انخلا کا عمل اگلے دو دنوں میں مکمل ہوگا، جو کہ فضائی حدود کی کارروائیوں کے دوبارہ شروع ہونے اور زمین کی بدلتی ہوئی صورتحال سے مشروط ہے۔بیان میں تاہم یہ کہا گیا ہے کہ کچھ طلبا کی تعداد، نے تہران چھوڑنے سے انکار کیا ہے ۔بیان کے مطابق دیگر بھارتی طلبا اور شہری ، جو اب بھی ایران میں موجود ہیں، کیلئے پہلے ہی ایڈوائزری جاری کی گئی ہے ، جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ جہاں ہیں، اندر رہیں، کھڑکیوں سے نہ جھانکیں،تشدد زدہ علاقوں سے دور رہیں اور ہمیشہ سفارت خانے سے رابطہ میں رہیں۔ جموں و کشمیر سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے کہا ہے “ہم تہران میں وزارت خارجہ اور سفارت خانہ ہند کا تہران میں ان کے بروقت تال میل، تیز ردعمل اور اس مشکل وقت میں ہندوستانی طلبا کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل کوششوں کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔”