محمد تسکین
بانہال //محکمہ جل شکتی میں کام کرنے والے ڈیلی ویجروں نے جموں و کشمیر کے تمام اسمبلی حلقوں میں احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے اپنی مستقلی کے مطالبے کو لے کر متعلقہ ممبران اسمبلی کو میمورنڈم پیش کیے۔بھارت مزدور سنگ کے بینر تلے جموں و کشمیر پی ایچ ای ڈیلی ویجرز ایسوسی ایشن صدر دفتر جموں کی قیادت کی جانب سے جموں و کشمیر کے تمام ڈیلی ویجروں کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ اپنے اپنے حلقوں کے ممبران اسمبلی کو میمورنڈم دیں تاکہ آئندہ اسمبلی سیشن میں پی ایچ ای ڈیلی ویجروں کی مستقلی کے مطالبے کو ترجیح دے کر ایوان میں اٹھایا جائے۔بانہال میں پی ایچ ای ڈیلی ویجروں کے گول اور بانہال کے نمائندوں جن میں جنرل سیکریٹری رحمت اللہ زہد، نذیر احمد تانترے ، غلام نبی نائیک ، محمد رفیق گولوی اور بھارت مزدور سنگ ضلع رام بن کے صدر امتیاز احمد سہل نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اگر آئندہ اسمبلی سیشن میں ڈیلی ویجروں کے لیے مستقلی کی پالیسی وضع نہیں کی گئی تو تمام پی ایچ ای ڈیلی ویجر کام چھوڑ ہڑتال پر چلے جائیں گے۔انہوں نے کہا ان کی مانگوں کو فوری طور حل نہ کرنے کی صورت میں احتجاج کے طور پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سمیت جموں و کشمیر کے تمام ممبران اسمبلی کے گھروں میں پینے کے پانی کی سپلائی بند کر دی جائے گی اور کام چھوڑ ہڑتال اور سیکریٹریٹ کا گھیرائوکیاجائیگا ۔