مینڈھر میں رام کنڈ میلہ شروع
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن میں رام کنڈ میلہ شروع ہو گیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں مینڈھر قصبہ کے ہنومان مندر سے چھڑی یا ترا بھی نکالی گئی ۔اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور ایس ایس پی پونچھ نے بھی رام کنڈ مندر جار کر میلے کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔مینڈھر سے نکالی گئی چھڑی یاترا رواں برس گاڑیوں کی مدد سے نکالی گئی ۔منتظمین کے مطابق کووڈ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے پیدل یاترا کے بجائے گاڑیوں پر یاترا کووڈ کے احتیاطی اقدامات کیساتھ نکالی گئی ۔چھڑی یاترا کے رام کنڈ مندر میں پہنچنے پر خصوصی پو جا بھی کی گئی ۔غور طلب ہے کہ آج سے باقاعدہ سے آغاز ہونے والے میلے میں راجوری اور پونچھ کے متعدد علا قوں کے عقیدت مند شرکت کرتے ہیں جبکہ اس سلسلہ میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں ۔
راجوری میں سابقہ فوجیوں کیلئے میلے کا اہتمام
راجوری //راجوری میں فوج کی جانب سے سابقہ فوجیوں اور ان کے رشتہ داروں کیلئے ایک میلے کا اہتمام کیا گیا ۔اس ریلی و میلے کا مقصد سابقہ فوجیوں اور شہیدا کے لواحقین کو درپیش مشکلات کے بارے میں جانکاری حاصل کر نا تھا ۔اس پروگرام میں 160سابقہ فوجیوں کیساتھ ساتھ 30ویر ناریوں اور بیواہوں نے شرکت کی ۔اس پروگرام میں ضلع کے مختلف علا قوں سے آئے ہوئے شرکا نے شرکت کر کے اپنے مسائل کے سلسلہ میں جانکاری فراہم کی ۔جے او سی ایس آف سپیڈ ڈویژن راجور ی نے اپنے خطاب میں کہا کہ فوج سابقہ فوجیوں کو درپیش مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ بزرگوں سے سیکھیں ۔فوج کی جانب سے اس دوران مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کر دہ فلاحی سکیموں کی بھی جانکاری فراہم کی گئی ۔
نرسنگ شعبہ کے طلباء کیلئے حلف بردار ی کی تقریب
راجوری //بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری میں نرسنگ شعبہ کے 5ویں سمسٹر کے طلباء کیلئے حلف برداری تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقعہ پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اکبر مسعود بطور مہمان خصوصی شامل ہو ئے ۔اس دورا ن وائس چانسلر نے طلباء کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے پیشہ کو کامیابی کیساتھ انجام دیں ۔انہوں نے کووڈ کے دوران نرسنگ شعبہ کی جانب سے انجام دی گئی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے بیماری کے پھیلائو کو روکنے کیلئے معیاری رول ادا کیا ہے ۔موصوف نے شعبہ کے پرنسل کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ نرسنگ شعبہ کیساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا ۔
فوج نے ڈگری کالج منڈی میں لائبریری قائم کی
عشرت حسین بٹ
منڈی//ڈگری کالج منڈی میں فوج کی 25آر آر کی جانب سے لائبریری کا قیام عمل میں لایا گیا جس میں مختلف موضوعات پر 300سے زائد کتابوں کو طلباء کیلئے دستیاب رکھا گیا۔ اس موقہ پر منڈی کے کھلاڑیوں میں مختلف کھیلوں کیلئے سامان بھی فراہم کیا گیا ۔ڈگری کالج میں اس سلسلہ میں تقریب کا اہتمام کیاگیا جس میں فوج کی مذکورہ بٹالین کے بریگیڈ کمانڈر بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ ان کے علاوہ تقریب میں منڈی کے متعدد سیاسی اور سماجی شخصیات نے بھی شمولیت کی ۔اس دوران ڈگری کالج کے طلباء کی طرف سے ایک رنگا رنگ پروگرام بھی منعقد کیا گیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیر کمانڈر پنیت دوال نے کہا کہ فوج کی ہمیشہ کوشش رہتی ہے کہ وہ ان پچھڑے علاقوں میں تعلیمی معیار کو بہتر کرنے میں اپنا اہم کردار نبھا سکیں تاکہ علاقہ جات کے طلباء اچھی تعلیم حاصل کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈگری کالج منڈی میں لائبریری کا قائم کرنے کا مقصد یہ ہے کہ یہاں کے طلباء و طالبات ان کتابوں سے فائدہ اٹھا کر موجود دور میں ہر امتحان کیلئے اپنے آپ کو تیار کریں تاکہ وہ بھی دوسرے علاقوں کے طلباء کے ساتھ تعلیمی مقابلہ کر سکیں۔آفیسر موصوف نے مزید کہاکہ منڈی تحصیل کے بچوں میں کھیل کود کے حوالے سے بھی کافی زیادہ صلاحیتیں ہیں جس کو دیکھتے ہوئے فوج نے یہاں کے کھلاڑیوں میں کھیل کود کا سامان بھی دستیاب کیا۔ اس موقہ پر ڈگری کالج منڈی کو مڈل سکول راجپورہ سے ملانے کیلئے ایک پل کی بھی تعمیر کر کے اس کا افتتاح کیا گیا ۔تقریب سے راجوری پونچھ کے سماجی کارکن مولوی محمد فرید پروفیسر جمیل احمد پرنسپل ڈگری کالج منڈی ہروفیسر اورنگ زیب نے بھی خطاب کیا ۔
۔ 24گھنٹوں کے اندر چور پولیس گرفت میں
محمد بشارت
کوٹرنکہ //راجنگر بدھل میں جموں و کشمیر بینک کے نصب کردہ اے ٹی ایم مشین کا مین گیٹ توڑنے کی کوشش کرنے والے چوروں کو پولیس نے 24گھنٹوں کے اندر ہی گرفتار کرلیا ۔پولیس نے بتایا کہ 7اپریل کو مذکورہ اے ٹی ایم مشین کے مین گیٹ کو توڑنے کی کوشش کی گئی تھی جس کے بعد تحقیقات کے سلسلہ میں کارروائی عمل میں لائی گئی ۔مقامی لوگوں نے پولیس کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ سماج دشمن عناصر اور غیر قانونی کام انجام دینے والوں کیخلاف پولیس متحرک ہو کر کام کررہی ہے ۔
بدھل کی متعدد پنچایتوں میں پانی کا بحران
محمد بشارت
کوٹرنکہ //بلاک بدھل کی متعدد پنچایتوں میں اس وقت کی پانی کی شدید قلت نے بحرانی صورتحال اختیار کرلی ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ آب رسانی کے آفیسران و ملازمین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دیہات میں پانی کی سپلائی کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے محکمہ کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پنچایت حلقہ ڈھنڈوٹ میں حالیہ کئی دنوں سے پینے کا صاف پانی دستیاب ہی نہیں ہے لیکن متعلقہ حکام کی جانب سے دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔ْانہوں نے کہاکہ اسی طرح بلاک کی دیگر پنچایتوں میں پانی کی سپلائی ہی نہیں دی جارہی ہے جبکہ متعدد مرتبہ محکمہ سے رجوع کرنے کے باوجود بھی ملازمین کو ٹس سے مس تک نہیں ہے ۔محمد شکیل نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ دھنڈوٹ پنچایت میں گزشتہ 15دنوں سے پانی سپلائی بند ہو ئی ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگ پانی کیلئے ترس رہے ہیں ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ دیہات میں جلدازجلد پانی کی سپلائی بحال کرنے کیلئے ملازمین کو ہدایت جاری کی جائیں ۔
بار ایسوسی ایشن سرنکوٹ کی باڈی تشکیل دی گئی
سرنکوٹ//سرنکوٹ بار ایسوسی ایشن کی نئی باڈی تشکیل دی گئی ہے ۔اس سلسلہ میں وکلاء نے آپسی افہام و تفہیم کیساتھ نئی باڈی تشکیل دی ہے جس کے تحت ایڈوکیٹ ماجد خان کو ایسوسی ایشن کا صد ر،ممتاز حسین شاہ کو جنرل سیکریٹری سید نقی علی رضوی، بختیار کاظمی جوائنٹ سیکریٹری ،توصیف اکرم کو خزانچی منتخب کیا گیا ۔نئے منتخب ہوئے بار صدر نے تمام وکلاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وہ وکلاء کے مسائل کو اجاگر کرنے کیساتھ ساتھ اس عہد ے پر رہ کر اپنا معیاری رول ادا کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ وہ اور ان کے زیر تحت ایسوسی ایشن ہمیشہ مفاد عامہ کیلئے اپنی لڑائی جاری رکھیں گے ۔ جنرل سیکریٹری بار ایسوسی ایشن ایڈوکیٹ ممتاز حسین شاہ نے ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ جلد ہی اس سلسلہ میں بار ایسوسی ایشن کے زیر تحت ایک اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں سنیئر وکلا ء بھی شامل ہونگے ۔
کووڈ معاملات میں اضافہ | بینک شاخو ں میں ایس او پی کی خلاف ورزیاں جاری
حسین محتشم
پونچھ//پورے ملک کی طرح مرکزی زیر انتظام جموںکشمیر میں بھی بڑھتے کرونا کیسز کے پیش نظر شہر بھر میں چیکنگ جاری ہے اور ماسک نہ پہننے والوں کو جرمانے کئے جا رہے ہیں، خاص طور پرجو دکانوں یا بند جگہوں پر ماسک نہیں پہن رہے ہیں،لیکن پونچھ میں قائم بینک شاخوں میں انتظامیہ اس سلسلہ میں فیل نظر آرہی ہے ۔انتظامیہ کی جانب سے بارہا ہدایات کے باوجود پونچھ کے بینکوںمیں سخت بھیڑ لگی رہتی ہے لوگ ایک دوسرے کے اوپر چڑھے نظر آتے ہیں اور بینک انتظامیہ کی جانب سے ان کو کوئی روک ٹوک نہیں کی جارہی ہے ۔بھارتیہ جنتا پارٹی جموں کشمیر کے ترجمان سنیل گپتا نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں سے نمٹنے کیلئے شہر بھر میں پولیس اور دیگر انتظامیہ کے افسران دورے کر ر ہے ہیں، اس کے باوجود لوگ احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا خصوصی طور پر بینکوں میں بہت زیادہ بھیڑ لگی رہتی ہے وہاں سے وائرس کا پھیلاؤ کا بہت زیادہ خطرہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ خلاف ورزیاں بینکوں میں ہوتی ہیں اس لئے وہاں سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے بینک افسران سے اپیل کی کہ وہ بینک میں ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف کارروائی کریں اور سماجی دوری قائم کرنے کے لئے دائرے بنائے جائیں اور بینکوں میں سینی ٹائزر رکھے جائیں اور ہاتھ دھونے کا بھی انتظام کیا جائے۔انہوں نے مزید بتایا کہ کرونا کی پہلی لہر میں پونچھ میں فوری اقدامات اٹھائے گئے تھے اور اب یہ لہر اس سے زیادہ سخت ہے اس لئے انتظامیہ کو عوام میں بیداری لانے کے لئے مزیداقدامات اٹھانے ہوں گے۔
دس سالہ بچی سے مزدوروں کام لینے کا الزام
حسین محتشم
پونچھ//ایک طرف جہاں ملک میں بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو مہم چلائی جا رہی ہے وہی دوسری جانب بیٹیوں کے ساتھ آج بھی بھید بھائو کا سلسلہ جاری ہے۔جھلاس لور کی دس سالہ بچی نویا شرما دختر گلشن کمار جس کی ماں کا انتقال ہو چکا ہے کے ماموں بھید پرکاش ولد بال کرشن نے الزام لگایا ہے کہ اس معصوم بچی کو باپ نے مینڈھر کے اڑی گائوںکے شام لعل نامی انجان شخص کے پاس چھوڑا ہے جہاں اس سے گھر کام کام لیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بچی کی حفاظت کے سلسلہ میں انہوں نے چائلڈ ویلفیئر کمیٹی ضلع پونچھ کے پاس شکایت کی تھی جہاں مکمل تحقیقات کے بعد کمیٹی کے ممبر سید انور حسین شاہ اور دیگر ممبران نے ایک ہدایت نامہ زیر نبرCWC/P/736 مورخہ20-03-2021 کوجاری کیا جس میںفیصلہ کیاگیا کہ بچی کو اس کے والد اپنے پاس رکھ کر اس کی اچھی طرح پرورش کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کا فیصلہ ان کو منظور ہے اگر بچی اپنے والد کے پاس رہے تو انھیں کوئی اعتراض نہیں لیکن اگر کسی اور شخص کے پاس اس بچی کو چھوڑ کر اس سے کام کروایاجائے تو وہ ان کو منظور نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ کمیٹی کے فیصلے کے بعد بچی کے والد نے اسے کچھ عرصہ اپنے پاس رکھا اب پھر اسے مینڈھر میں اسی شخص کے پاس چھوڑدیا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں انہوں نے جب سرپنچ حلقہ پنچایت جھلاس لور سے گزارش کی تو اس نے بھی بچی کے والد کا ساتھ دیتے ہوئے کہا کہ بچی جہاں ہے وہاں محفوظ ہے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے اس سلسلہ میں مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے بچی کو انصاف دلانے پر زور دیا۔
محکمہ بھیڑ پالن ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر کا استقبال
حسین محتشم
پونچھ//رفیق ملک جو کہ حال ہی میں محکمہ بھیڑ پالن(شب ہسبنڈری) ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر منتخب ہوئے ہیں کا پونچھ پہنچنے پر متعلقہ محکمہ کے ملازموں کی جانب سے والہانہ استقبال کیا گیا۔اس موقعہ پر ملازموں نے نئے صدر کو ہار پہنا کر استقبال کیا۔پونچھ کے صدر دفتر کے باہران کے استقبال میں ایک مختصر اجلاس منعقد ہوا جہاں انہوں نے تمام ملازموں کا شکریہ ادا کیا۔اس موقعہ پر محمد ریاض، مختاربھٹی، سادھوں سنگھ، ساقی، سرفراز، محمد افضل،ذوالفقار احمد، راکیش شرما، افضل شاہ اور توصیف احمد نے خطاب کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ رفیق ملک کے صوبائی صدر بننے سے ملازموں کے مسائل حل ہوں گے۔انہوں نے کہا خصوصی طور پر پونچھ کے ملازم جن کی سنوائی بہت کم ہوتی ہے ان کی آواز وہ اعلیٰ حکام تک پہنچانے میں وہ کامیاب ہوںگے وہ پُر امید ہیں۔