کوروناگائیڈ لائنزکی خلاف ورزی
۔2620افراد سے اڑھائی لاکھ جرمانہ وصول
سرینگر//پولیس نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا سے بچائو کے رہنماخطوط کی خلاف روزی کرنے والے2620افراد سے 245900 روپے کا جرمانہ وصول کیا۔ایک بیان کے مطابق کورونارہنماخطوط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پولیس کی مہم وادی بھر میں جاری ہے۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا سے بچائو کیلئے گائیڈ لائنز پرسختی سے عمل کریں تاکہ کووِڈ کومزیدپھیلنے سے روکاجائے۔
ٹیکہ کاری کووِڈ- 19 سے بچائو کا واحدذریعہ
کشمیر یونیورسٹی میں تقریر کااہتمام
سرینگر// این ایس ایس کی طرف سے ’عالمگیروباء کے دوران تندرستی‘ موضوع پر کشمیر یونیورسٹی میں ایک تقریرکااہتمام کیا گیا۔ڈاکٹر فرزانہ شوراجنرل پریکٹیشنراین ایچ ایس اورڈاکٹر اسحاق پالہ کنسلٹنٹ سائیکیٹرسٹ ،کینٹ اینڈمیڈوے این ایچ ایس ٹرسٹ ،یوکے اس موقعہ پرآن لائن تقریر کے چیف ریسورس پرسن تھے۔اپنے پیغام میں ڈاکٹر مصوراحمد پروگرام کارڈنیٹر این این ایس نے کہا کہ ایسے تقاریر کااہتمام وقت کاتقاضا ہے تاکہ لوگوں کو جسمانی اور ذہنی صحت کے بارے میں آگاہ کیاجائے۔اس دوران ڈاکٹر شورا نے کورونا کے دوران احتیاط سے متعلق جانکاری دی۔انہوں نے کہا کہ کوروناسے بچائو کا واحد ہتھیار ٹیکہ کاری ہے۔ڈاکٹر پالانے اپنی تقریر میں ذہنی طور بیمار لوگوں کے علاج کی ضرورت اُجاگر کی۔انہوں نے عالمگیر وباء کے دوران فکرمندی کودور کرنے کیلئے اقدامات تجویز کئے۔
دومیل نارہ بل میں آگ
بسکٹ گودام خاکستر
ارشاد احمد
بڈگام//دومیل نارہ بل کے مرکزی بازار میں درمیانی شب آتشزدگی کی واردات میں بسکٹوں کے ایک گودام میں آگ لگ گئی جس سے لاکھوں روپے مالیت کا مال خاکستر ہوگیا۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ بسکٹ اسٹور ساحل ٹریڈنگ کمپنی کے نام سرینگر گلمرگ شاہراہ پر نارہ بل کے مرکزی بازار میں موجود ہے جو محمد انور لون ساکن سوپور کی ملکیت ہے۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً پورے گودام کولپیٹ میں لے لیا۔ آگ میں موجود لاکھوں روپے مالیت کے بسکٹ راکھ کا ڈھیر بن گئے۔محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی ،مقامی لوگوں اور پولیس نے کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔آگ کی واردات میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔پولیس نے کیس درج کرکے آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگانے کیلئے تحقیقات شروع کی ہے۔
مبار ک گل کی کشمیریونیورسٹی میں آر ٹ ورکشاپ میں شرکت
سرینگر//آرٹ اور تمدن کو فروغ دینے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے جموں کشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے چیئرمین اور سابق اسپیکر لیجسلیٹواسمبلی مبارک گل نے کہا کہ طلاب کو آرٹ اور تمدن کی تعلیم دینے سے تخلیق کار افراد کی نشاندہی ہوتی ہے اور ان میں موجودتخلیقی صلاحیتیں اُبھر کرسامنے آتی ہیں۔مبارک گل کشمیر یونیورسٹی میں ماسٹر سنسارچندباروخیراتی ٹرسٹ کے اشتراک سے منعقدہ ایک آڑٹ ورکشاپ میں خطاب کررہے تھے۔مبارک گل نے ایسے ورکشاپوں کے انعقاد پروزوردیتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی چھپی صلاحیتوں کو سامنے لانے کیلئے ایسے ورکشاپوں کااہتمام لازمی ہے۔انہوں نے آرٹ کے فروغ کے تئیں ماسٹر سنسارچند کے رول کا بھی تذکرہ کیااور کہا کہ وہ جموں میں جدیدمصوری کے بانی تھے اور لوگ انہیں ماسٹرجی کے نام سے جانتے تھے۔ مبارک گل نے کہا کہ ان سے سینکڑوں طلبہ نے پینٹنگ سیکھی ۔ مبارک گل نے ٹرسٹ اوراس کی چیئرپرسن انورادھارشی کی کوششوں کی سراہنا کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ وہ خود بھی ایک معروف آرٹسٹ ہیں اورانہوں نے ابھرتے آرٹسٹوں کیلئے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا ہے۔
پلوامہ میں محفل مشاعرہ منعقد
سرینگر// ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ کی جانب سے میں محفل مشاعرہ منعقد ہواجس میں ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے شعراء نے حصہ لیا۔مشاعرہ کی صدارت غلام رسول مشکور نے کی اور نظامت کے فرائض جلال الدین دلنواز نے انجام دی۔مشاعرے میں شعراء نے اپنے کلام پیش کئے۔ آخر پر عبدالرحمان میر نے مہمانوں اور شعراء کرام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔(سی این ایس)
ہندوارہ میں پولیس کی ٹریڈرس فیڈریشن اور ٹرانسپورٹروں سے میٹنگ
کورونا وائرس پر قابو پانے میں تعاون دینے پر زور
سری نگر//ہنڈوارہ میں پولیس نے تاجروں اور ٹرانسپورٹروںکے ساتھ میٹنگ منعقد کی جس میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کویقینی بنانے پر زور دیاگیا۔ میٹنگ میں ایس پی ہندوارہ سندیپ گپتا، ایس ڈی پی او ہندوارہ فارض حسین،چیئرمین میونسپل کمیٹی ہندوارہ، ایس ایچ او ہندوارہ ، ٹریڈرس فیڈریشن ہندوارہ اور ٹرانسپورٹرس ہندوارہ نے شرکت کی۔ میٹنگ میں ایس پی ہندواڑہ نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ حالیہ حکومتی احکامات اور محکمہ صحت کی جانب سے COVID-19 پر قابو پانے کی کوششوں کے حوالے سے وقتا فوقتا جاری کی گئی ہدایات پر عمل درآمد کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔ پبلک ٹرانسپورٹ اور بازاروں میں ماسک لگائیں اور عام لوگوں کو تمام ہدایات اور مشورے دیں۔انہوں نے شرکاء پرزور دیا کہ غیر قانونی پارکنگ پر پابندی لگائی جائے تاکہ عام لوگوں کو تکلیف نہ ہو اور ٹریفک کی نقل و حرکت کو آسانی بنائے ۔ شرکاء نے یقین دلایا کہ وہ حکومت کی ہدایات؍احکامات پر عمل کریں گے اور محکمہ صحت کے مشوروں پہ عمل کریں گے ، اس کے علاوہ سول انتظامیہ ہندواڑہ اور پولیس کے ساتھ تمام عوامی خدمات میں تعاون کریں گے۔ایس پی ہندوارہ نے شرکاء کا ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے میں مثبت کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اپیل کی کہ آئندہ بھی ایسا ہی ہونا چاہیے۔
جنم اشٹمی پر ڈاکٹر فاروق ، میر،سجاد لون اورحکیم کی مبارکباد
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ ،پردیش کانگریس صدر غلام احمد میر، پیپلز کانفرنس چیئرمین سجاد غنی لون اور حکیم محمدیاسین نے مبارکباد پیش کی ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ مذہبی تہوار ہمیں آپس میں بھائی چارہ، اخوت، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور خصوصاً انسانیت کا درس دیتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ جموںوکشمیر صدیوں سے آپسی بھائی چارہ اور امن وامان کا گہوارہ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر بزرگان دین، منیوں، ریشیوں کی سرزمین ہے اور ہر ایک فرقہ کے لوگ یہاں اپنے تہوار دوسرے فرقوں کو ماننے والوں کے ساتھ مناتے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق نے دعا کی کہ اللہ ہمیں انسانیت کے عظیم اصولوں پر قائم دائم رکھے اور امن وامان جلد از جلد بحال ہوجائے تاکہ مہاجر پنڈت برادری کے لوگ پھر اپنے گھروں میں آکر سکون کی زندگی گزاریں۔ جنم اشٹمی کے موقعہ پر صدر صوبہ جموں دویندر سنگھ رانا ، اقلیتی سیل کے صدر ایم کے یوگی، ڈاکٹر سمیر کول، بھوشن لعل بھٹ، رتن لعل گپتا اور جگدیش سنگھ آزاد نے بھی لوگوں کو مبارک باد دی ہے۔اس دوران غلام احمد میر نے کہاکہ یہ تہوار جموںوکشمیرمیں امن اور خوشحالی لے کرآئے۔انہوںنے جنم اشٹمی کا تہوار لوگوںکو سچائی اور انصاف کی راہ پر گامزن کرے۔ اس دوران پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ چیئرمین حکیم محمدیاسین نے کہاکہ جنم اشٹمی ایک مقدس تہوار ہے اور لوگوں کی خوشحالی کی دعا کی۔ دریںاثناء سجادغنی لون نے شری کرشن کے یوم پیدائش کے سلسلہ میں منائے جانے والے جنم اشٹمی کے تہوار پر جموں وکشمیر کے باشندوںبا لخصوص کشمیری پنڈتوں اور ہندو برادری کو مبارک باد پیش کی ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں یہاں کے رہنے والوں کی خوشحالی ، ترقی اور استحکام کی دعا کی ۔ سجاد لون نے کہا کہ یہ تہوار ہمیںبے لوث خدمت اور سچائی کا درس دیتا ہے جو ایک ہم آہنگ معاشرے کی تعمیر کیلئے لازمی ہے۔ جنم اشٹمی کو منانے کا مقصد آپسی رواداری ، میل ملاپ او ربھائی چارہ قائم کرنا ہے۔