پھلنی میں دنگل کا اہتمام کیا گیا
کوٹرنکہ //بلاک بدھل کی پنچایت پھلنی میں حکام کی جانب سے ایک دنگل کا اہتمام کیا گیا جس میں ضلع راجوری کیساتھ ساتھ ریاسی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے پہلوانوں میں شرکت کی ۔ان مقابلوں میں لگ بھگ ہر ایک عمر کے پہلوانوں نے شرکت کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔غور طلب ہے کہ ’کھیلو انڈیا ‘کے تحت اس وقت پنچایتی سطح پر کھیلوں کا اہتمام کیا جارہا ہے جس کے تحت مقامی نوجوانوں کو دیگر شعبوں کیساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کامظاہرہ کرنے کیلئے موقعہ فراہم کرنا ہے ۔حکام کے مطابق ان کھیلوں کا اصل مقصد نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا ہے تاکہ وہ نشہ و دیگر غیر قانونی کاموں سے محفوظ رہیں ۔مقامی سماجی کارکن روپ لعل اور نمبرفار قدیر و سابقہ سرپنچ محمد اقبال کی جانب سے قائم کردہ دنگل میں تحصیلدار کوٹرنکہ ،پی ڈی پی لیڈر فارو ق انقلابی ،محمد ایوب پہلوان ،پرویز ملک ودیگران نے بھی شرکت کی ۔
ڈاکٹر فاروق کی بہن کے داماد کی وفات
سید مشتاق بخاری نے تعزیت کا اظہار کیا
سرنکوٹ //نیشنل کانفرنس کے سربراہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی بہن کے داماد کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کے سینئر رہنما سید مشتاق بخاری نے کہاکہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں کہاکہ وہ مرحوم کی روح کی تسکین کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خاص طور پر وہ عبداللہ خاندان کے ساتھ دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔پارٹی کے صوبائی یوتھ صدر اعجاز جان نے بھی تعزیت کا اظہار کیاہے۔
بلنوئی میں فوج کا میڈیکل کیمپ
مینڈھر //فوج کی جانب سے مینڈھر کے سرحدی علاقہ بلنوئی میں ایک طبی کیمپ کا اہتمام کیا جس کے دوران مقامی لوگوں کو مفت علاج معالجہ کیساتھ ساتھ کووڈ ویکسین اور اس وبائی بیماری کے سلسلہ میں بیدار بھی کیا گیا ۔اس طبی کیمپ کے دوران مقامی نوجوانوں کو منشیات کے مضر اثرات کے سلسلہ میں بھی بیدار کیا گیا جبکہ اس سے پیل کی گئی کہ وہ منشیات کے بجائے ملکی تعمیر وترقی کی سرگرمیوں میں شامل ہو کر اپنا رول ادا کریں ۔کرشنا گھاٹی بریگیڈ کی جانب سے منعقدہ طبی کیمپ کے دوران ڈاکٹروں کی ایک ماہر ٹیم نے مریضوں کا معائینہ کرنے کیساتھ ساتھ ان کو مفت ادویات بھی فراہم کی ۔فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کیمپ و بیداری پروگرام میں 350مقامی افراد نے شرکت کی جن میں سے 250کا معائینہ کرنے کیساتھ ساتھ ان کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئی ۔ڈاکٹروں نے کووڈ کے سلسلہ میں بھی عام لوگوں کو مکمل جانکاری فراہم کرتے ہوئے اس سلسلہ میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی ۔
پوٹھہ اپر گائوں میں 1ماہ سے پانی سپلائی بند
محکمہ جل شکتی مکمل مفلوج ،مکینوں نے احتجاج کا انتباہ دیا
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ قصبہ سے لگ بھگ 2کلو میٹر کی دوری پر آباد گائوں پوٹھہ اپر میں گزشتہ ایک ماہ سے پانی کی سپلائی بند پڑی ہوئی ہے جبکہ محکمہ جل شکتی پانی کی سپلائی بحال کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہو چکا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ کے آفیسران و ملازمین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ملازمین کی مبینہ لاپرواہی کی وجہ سے گزشتہ کئی دنوں سے گائوں کی پانی سپلائی بند پڑی ہوئی ہے لیکن اس کو بحال کرنے میں کوئی دلچسپی ہی ظاہر نہیں کی جارہی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ محکمہ سے کئی مرتبہ رجوع کیا گیا لیکن پی ایچ ای سیول کے ملازمین میکینکل والوں پر الزام عائد کرتے ہیں جبکہ میکینکل والے سیول والے ملازمین پر الزام عائد کرتے ہوئے اس کو لاپرواہی سے تعبیر کرتے ہیں لیکن ان دونوں کی آپسی لڑائی کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔پنچایتی اراکین نے بتایا کہ ملازمین کی لاپرواہی کی وجہ سے اب علاقہ کی خواتین کئی کلو میٹر کی مسافت طے کر کے قدرتی چشموں سے پانی لانے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ لاپرواہ ملازمین و آفیسران کیخلاف کارروائی کر کے پانی سپلائی بحال کی جائے تاکہ ان کی مشکلات حل ہو سکے ۔
خطہ پیر پنچال کے کئی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری
کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا حدشہ ،گھاس کٹائی بھی متاثر ہوئی
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // گزشتہ کئی دنوں سے وقفے وقفے کے بعد خطہ پیر پنچال کے متعدد علاقوں میں تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے جہاں روایتی انداز میں گھاس کٹائی کا عمل متاثر ہوا ہے وہیں کسان اپنی فصلوں کو لے کر پریشان ہو گئے ہیں۔ خطہ میں کئی ایک جگہوں پر گھاس کٹائی کا عمل شروع کیا گیا تھا لیکن مسلسل بارشوں کی وجہ سے اب کاٹے ہوئے گھاس کیساتھ ساتھ کھڑی فصلوں کے متاثر ہونے کا حدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے ۔کسانوں نے بتایا کہ رواں موسم میں جہاں فصلیں تیار ہو جاتی ہیں وہائیں گھاس کٹائی کا سیزن بھی اپنے عروج پر پہنچ جاتا تھا لیکن رواں برس خطہ کے کئی مقامات پر شدید سے درمیانہ درجہ کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس کی وجہ سے ان کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔ واضح رہے کہ تھنہ منڈی کے بالائی علاقوں میں پچھلے کئی دنوں سے تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔اس سلسلہ میں سرپنچ پنچایت الال مختار احمد نے کہا کہ خطہ پیر پنچال کے بیشتر علاقوں میں شدید بارشوں سے تباہی مچ گئی ہے جس کی وجہ سے پہلے سے تباہ حال مکئی کی فصلوں کیساتھ ساتھ دیگر فصلوں اور اب گھاس کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ اس موقع پر پنچایتی اراکین و معززین نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ فصلوں ودیگر نقصان کا تخمینہ لگا کر متاثرین کو معقول معاوضہ دیا جائے۔
بدھل میں شدید ژالہ باری ،فصلیں تباہ
محمد بشارت
کوٹرنکہ //گزشتہ روز سب ڈویژن کوٹرنکہ کے بدھل علاقہ میں ہوئی شدید ژالہ باری کی وجہ سے مکئی و دیگر فصلیں تباہ ہو گئی ۔کسانوں نے بتایا کہ بدھل کی متعدد پنچایتوں میں سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب شدیدژالہ باری ہوئی جس کی وجہ سے علاقہ میں دھان و مکئی کیساتھ ساتھ دیگر فصلیں و سبزیاں مکمل طورپر تباہ ہو گئی ہیں ۔غور طلب ہے کہ رواں سیزن میں بدھل کے متعدد علاقوں میں مکئی و دھان کیساتھ ساتھ دیگر فصلیں تیار تھی۔کسانوں نے بتایا کہ مذکورہ علاقہ میں ایک ہی فصل تیار ہوتی ہے تاہم خراب موسمی صورتحال کی وجہ سے ان کی فصلیں مکمل طورپر خراب ہوگئی ہیں ۔محمد شبیر ،محمد سلیمان ،الف دین ،گھیر سنگھ و دیگران نے بتایا کہ علاقہ میں ہوئی طوفانی بارش و ژالہ باری میں وجہ سے ان کی چھ ماہ کی کمائی ضائع ہوگئی ہے ۔انہوں نے مقامی انتظامیہ سے ماگنگ کرتے ہوئے تباہ ہو ئی فصلوں کا تخمینہ لگا کر ان کو معاوضہ دیا جائے ۔
پونچھ ضلع میںچیتے کے متعدد حملے
1کمسن شدید زخمی ،مویشیوں کو بھی نشانہ بنایا
عشرت حسین بٹ+جاوید اقبال
پونچھ// ضلع پونچھ کے منڈی اور مینڈھر کے سرحدی علاقہ میں چیتے کے حملے میں ایک کمسن شدید زخمی جبکہ ایک گائے بھی لقمہ اجل بن گئی ۔ تحصیل منڈی کے علاقہ بیدار باغاں میں چیتے نے ایک کمسن بچے کو شدید طور پر زخمی کر دیا ہے جسے منڈی سب ضلع ہسپتال میں ابتدائی علاج کے بعد مزید علاج کیلئے ضلع ہسپتال پونچھ لے جایا گیا۔ پولیس کے مطابق اتوار کی صبح منڈی تحصیل کے علاقہ بیدار باغاں سے تعلق رکھنے والا ایک کمسن اپنے مال مویشیوںکو لے کر چراگاہ کی طرف لے جا رہا تھا کہ اچانک راستے سے ایک جنگلی چیتانمودار ہوا جس نے اس پر حملہ کر کے اسے شدید طور پر زخمی کر دیا۔کمسن کی شناخت محمد اسحاق ولد ولی محمد کے طور پر ہوئی ہے بعد ازاں مقامی لوگوں کی مدد سے اسے سب ضلع ہسپتال منڈی لایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے ابتدائی علاج کر کے مزید علاج کیلئے ضلع ہسپتال پونچھ ریفر کردیا جہاں پر اس کا علاج جاری ہے ۔ڈاکٹروں کے مطابق متعلقہ کمسن خطرے سے باہر ہے۔سر پنچ بیدار رفیق مدنی نے بتایا کہ محمد اسحاق ولد ولی محمد ساکنہ بیداراتوار کی صبح اپنے مویشیوں کے ہمراہ گھر سے باہر نکالا تو اچانک ایک جنگلی شیر نے اس پر حملہ کر دیا اور اسے شدید طور پر زخمی کر دیا۔ان کا کہنا تھا کہ تحصیل منڈی کے متعدد علاقوں میں اس سے قبل بھی جنگلی جانوروں جو کہ انسانی بستیوں میں اتر آئے ہیں، نے کافی لوگوں کو زخمی کیا ہے مگر انتظامیہ اور محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے عوام کوتحفظ نہیں دیا جارہاہے ۔اسی طرح مینڈھر بالاکوٹ کی حد متارکہ کے قریب چیتے کے حملے میں محمد خلیل ولد سید محمد کی ایک گائے لقمہ اجل بن گئی ۔مکینوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جنگلی جانوروں پر قابو پانے کیلئے وائلڈ لائف حکام کو متحرک کر کے متاثرین کو معاوضہ فراہم کیا جائے ۔
ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں پنچایت کانفرنس کا اجلاس
سرنکوٹ// سرنکوٹ میں آل جموں کشمیر پنچایت کانفرس کی جانب سے ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں پنچایتی اراکین نے شرکت کی ۔آل جموں وکشمیر پنچایت کانفرنس کے چیئر مین شفیق میر کی قیادت میں منعقدہ اجلاس میں سکندر نورانی کو کانفرنس کا ضلع صدر منتخب کرلیا گیا ۔اسی طرح بلاک سرنکوٹ اور بلاک لسانہ سے سید واحید حسین شاہ اور اشتیاق خان کو صدر اور افضل خالق کو ضلع جنرل سیکریٹری منتخب کیا گیا ۔مقررین نے جموں کشمیر میں بڑھتی ہوئی رشوت خوری پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بڑے بڑے دعوئے کئے لیکن زمینی سطح کو صورتحال جوں کی توں ہی ہے ۔جموں وکشمیر پنچایت کانفرنس نے عزم ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ عوامی مشکلات کیساتھ ساتھ رشوت خوری و دیگر غیر قانونی کاموں کو روکنے کیلئے یکجا ہو کر کام کیا جائے گا ۔
پونچھ میں سوچھ بھارت ابھیان کاغذوںو فوٹو سیشنوں تک محدود
قصبہ کے مختلف مقامات پر گندگی کے ڈھیر جمع ،بد بو سے مقامی لوگ پریشان
حسین محتشم
پونچھ// پونچھ قصبہ میں مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کردہ ’سوچھ بھارت ابھیان‘محض کاغذوں و فوٹو سیشنوں تک محدود ہو کر رہ گیا ہے جبکہ قصبہ میں کئی مقامات پر گندگی کے ڈھیر جمع ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے علاقہ مکین بدبو سے شدید پریشان ہیں ۔انتظامیہ کی جانب سے ایک روز قبل ہی مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش پر جگہ جگہ 'سوچھ بھارت ابھیان کے تحت صفائی مہم چلا کر پونچھ کو صاف وشفاف بنانے کے بلند و بانگ دعوے کئے گئے لیکن یہ صفائی مہم صرف فوٹو سیشن تک محدود رہی ہے۔ پونچھ شہر میں مختلف مقامات پر گندگی کے ڈھیر میونسپل کمیٹی کی ناقص کارکردگی کا اعلان کر رہے ہیں۔ ناخواں والی سڑک پر لگے ڈھیروں سے اٹھنے والے تعفن سے مقامی لوگوں و عام راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ پونچھ کے ایک مقامی شہری محبوب احمد نے کہا پونچھ شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر پڑے ہیں جس کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں بدبو پھیلی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا میونسپل کمیٹی و مقامی انتظامیہ کی نوٹس میں ہونے کے بعد بھی کوئی دھیان نہیں دیاجارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صفائی کا نظام فعال نہ ہونے سے مقامی راہگیروں کو چلنے میں دقتوں کا سامنا ہے۔ مقامی لوگوں نے میونسپل کمیٹی و انتظامیہ کی عدم توجہی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گندگی کے ڈھیر اس بات کا ثبوت ہیں کہ وہ قصبہ کی صحت و صفائی سے متعلق کس قدر سنجیدہ ہیں۔انہوں نے محکمہ میونسپل کونسل کے اعلی افسران سے صفائی نظام کو بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اقدام کرنے کی اپیل کی۔
سیاحت کو فروغ دینے کیلئے یک روزہ ٹریکنگ مہم
ہاڑی بڈھا سے جبی طوطی تک300 ٹریکر نے حصہ لیا
حسین محتشم
پونچھ//آزادی کا امرت مہااتسو کے تحت پونچھ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ڈائریکٹر یٹ آف ٹورزم ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن پونچھ ،جموں وکشمیر اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز راجوری پونچھ اور سماجی شخصیات کے تعاون سے ایک روزہ ٹریکنگ مہم کا انعقاد کیا گیا۔ اس دوران ہاڑی بڈھا سے جبی طوطی کے لئے ایک قافلہ روانہ ہوا جس میں تقریبا 300 مقامی ٹریکرز شامل ہوئے۔ اس دوران سی ای او سیاحت ڈاکٹر تنویر احمد نے کہا کہ اس کیمپ کا بنیادی مقصد پیر پنجال خاص طور پر ضلع پونچھ کی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے پروگرام نوجوانوں کو ان کی صلاحیت اور طاقت کو سمجھنے اور ان کی مہارت کو بہتر بنانے کے لئے ہیں جو ان کے مستقبل میں ان کی مدد کریں گے۔ کیمپ کے دوران ، ثقافتی سرگرمیوں کے خصوصی افسر راجوری/ پونچھ ، ڈاکٹر علمدار عدم کی نگرانی میں جبی طوطی میں ایک ثقافتی پروگرام کا اہتمام کیا جس میں مقامی فنکاروں نے لوک کہانی ، گیت ، بیت پیش کیے۔ ثقافتی سرگرمیوں کے خصوصی افسر نے کہا کہ اس طرح کے ثقافتی پروگراموں کے انعقاد کا بنیادی مقصد مقامی لوگوں کو لوک کلچر ، خاص طور پر لوک لوز ، لوک گیت اور پہاڑی ، گوجری اور کشمیری جیسی علاقائی زبانوں کو فروغ دینا ہے۔ ٹریکنگ میں شریک ٹریکرز نے ضلع انتظامیہ پونچھ ، ڈائریکٹوریٹ آف ٹورزم جموں اور ثقافتی سرگرمیوں کے خصوصی افسر راجوری/پونچھ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں کیمپ کا حصہ بنایا اور سیاحت کے امکانات سے آگاہ کیا ۔ اس دوران گاندھی جینتی کے سلسلہ میں صفائی پروگرام سوچتا ہی سیوا بھی چلایا گیا تاکہ مقامی لوگوں میں صفائی کے بارے میں آگاہی کو فروغ دیا جاسکے اور گھر گھر جاکر لوگوں کو مشن یوتھ اور دیگر مختلف سرکاری سکیموں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر سی ڈی پی او عادل میر،تحصیل سوشل ویلفیئر آفیسر محمد اعظم راتھر اور ہاڑی بڈھا کے مقامی افراد کے ساتھ پنچ،سرپنچ بھی موجود تھے۔
راجدھانی میں پشو پالن شعبہ کا بیدار ی کیمپ
تھنہ منڈی //سب ڈویژن تھنہ منڈی کے راجدھانی علاقہ میں محکمہ پشو پالن کی جانب سے جانوروں کی افزائش نسل اور مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے لئے ایک آگاہی کیمپ کا انعقاد کیا گیاجس میں لوگوں کو ویٹرنری ڈیپارٹمنٹ ، ڈیری اور پولٹری یونٹس میں نئی تکنیکوں کے بارے میں آگاہی دی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر امتیاز انجم ویٹرنری اسسٹنٹ سرجن تھنہ منڈی اور ڈاکٹر زبیر علی ویٹرنری اسسٹنٹ سرجن شاہدرہ شریف نے لوگوں سے کہا کہ دیہی اور پہاڑی علاقوں میں عوام کی اکثریت کا روز گار مالداری سے وابستہ ہے۔ لہٰذا مویشیوں کے اس روزگار کو تحفظ دینا، ان کی مستقل نگہداشت رکھنا اور ان کے جانوروں کی افزائش نسل کو بڑھانا محکمہ کی ذمہ داری ہے۔ کیمپ کے دوران مال مویشیوں کی صحت برقرار رکھنے کیلئے لوگوں میں مفت ادویات تقسیم کی گئیں۔ وہیں عوام نے حکومت کی جانب سے اس طرح کے اقدامات کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس طرح کے کیمپ کا انعقاد خوش آئند ہے۔ اس موقع پر سرپنچ غفار احمد ڈار ، دیگر پنچایت ممبران اور عوام نے شرکت کی۔
منجا کوٹ تحصیل میں 1درجن ہینڈ پمپ ناکارہ
لوگوںکوپانی کی شدید قلت کا سامنا ،محکمہ خاموش
پرویز خان
منجا کوٹ //راجوری ضلع کی منجا کوٹ تحصیل میں اس وقت 1درجن کے قریب نصب کردہ ہینڈ پمپ ناکارہ پڑے ہوئے ہیں لیکن محکمہ کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے ابھی تک خراب مشینری کی مرمت ہی نہیں کی جاسکی جس کی وجہ سے لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ و ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ان ہینڈ پمپوں میں سے کئی ایک ایسے بھی ہیں جو نصب کرنے کے کچھ ہی عرصہ بعد ناکارہ ہو گئے تھے لیکن محکمہ گرانڈواٹر کو کئی مرتبہ آگاہ کرنے کے بعد بھی ان کی مرمت نہیں کی جارہی ہے ۔غور طلب ہے کہ سرحدی تحصیل کے مختلف علاقوں میں انتظامیہ کی جانب سے پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے ہینڈ پمپ نصب کئے گئے ہیں لیکن مشینری گزشتہ کئی عرصہ سے خراب پڑی ہوئی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ ان ہینڈ پمپوں میں زیادہ عوامی مقامات پر نصب کئے گئے ہیں لیکن اب لوگوں کیلئے درد سربن گئے ہیں ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ ہینڈ پمپوں کی جلدازجلد مرمت کر کے لوگوں کیلئے سہولیت باز یاب کروائی جائے ۔
تڑوتی گائوں میں 17دنوں سے پانی سپلائی بند
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے تڑوتی گائوں میں گزشتہ 17روز سے پینے کے صاف پانی کی سپلائی بند پڑی ہوئی ہے لیکن متعلقہ محکمہ سپلائی کی بحالی کیلئے سنجیدہ نہیں ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ پانی کی سپلائی کو بحال کرنے کیلئے محکمہ کے ملازمین جہاں ڈیوٹی پر حاضر ہی نہیں ہوتے وہائیں آفیسران بھی معاملہ کو سنجیدگی کیساتھ نہیں لے رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ جل شکتی کی سپلائی بند ہونے کی وجہ سے گائوں میں لگ بھگ 300گھروں کے لوگ قدرتی چشموں سے پینے کا صاف پانی لانے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری اور مقامی انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں پانی سپلائی بحال کرنے کیلئے ملازمین کو حکم جاری کر کے ڈیوٹی میں کوتاہی کرنے کا بھی نوٹس لیا جائے ۔
سیری ۔سیال سڑک پر تار کول بچھانے کی مانگ
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے سیری تا سیال گائوں میں جانے والی رابطہ سڑک پر گزشتہ چھ برسوں سے تار کول نہیں بچھائی گئی جس کی وجہ سے لوگوںکی آمد ورفت متاثر ہورہی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے تعمیر کردہ سڑک پر گزشتہ کئی برسوں سے تار کول بچھانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے لیکن متعلقہ محکمہ او ر مقامی انتظامیہ کی جانب سے اس طرف دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔معززین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اس جدید دور میں بھی کئی دیہات ایسے ہیں جہاں پر لوگوں کے پاس پانی ،بجلی و سڑکوں کی جیسی بنیادی سہولیات ہی موجود نہیں ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سیری تا سیال 9کلو میٹر سڑک کی زد میں 9ہزار سے زائد کی آبادی آتی ہے لیکن محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے مقامی آبادی کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرناپڑتا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد سڑ ک پر تار کول بچھائی جارئے تاکہ عام لوگوں کو سہولیات میسر ہو سکیں ۔