اننت ناگ میں غیرمقامی ذہنی مریض کی لاش برآمد
اننت ناگ // اننت ناگ قصبہ میں جمعہ کو ایک ذہنی طور پر بیمار غیر مقامی شخص کو مردہ پایا گیا،جس کے سرپرچوٹ تھی تاہم پولیس نے جنگجویانہ پہلو کو مسترد کردیا۔ایک بیان میں پولیس نے کہا کہ جمعہ کوتقریباً12بجکر20منٹ پرپولیس اسٹیشن اننت ناگ کے دائرہ اختیار میں واقع شمشان گھاٹ بلال کالونی جنگلات منڈی علاقہ سے ایک نامعلوم لاش ملی۔ انہوں نے کہا کہ مقتول علاقے سے جمع کی جانے والی بھیک پرہی گزارہ کیاکرتاتھا۔پولیس ترجمان نے کہا کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ کسی تیز چیز سے اس غیرمقامی شخص کے سر پر چوٹ آئی ہے۔ تاہم آئی جی پی کشمیر نے کہا ہے کہ اس معاملے میں جنگجوئوںسے متعلق کوئی زاویہ سامنے نہیں آیا۔قبل ازیں ایک پولیس افسرکے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا کہ اُس سر میں ایک زخم ہے ، لیکن اس کوگولی لگنے کا امکان نہیں ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ مقتول اس علاقے میں گھومتا تھا اور کہا جاتا ہے کہ وہ ذہنی طورپر بیمارتھا۔
اقوام متحدہ میں بھارت کیخلاف بے بنیادپروپیگنڈا
نئی دہلی کی مذمت، پاکستان کوسرزنش
اقوام متحدہ//اقوام متحدہ میں بھارت کے خلاف ’’بے بنیاد اور کینہ پرور‘‘ پروپیگنڈا کرنے پر بھارت نے پاکستان کی سخت سرزنش کی ،جہاں پاکستان نے اپنے قریبی حلیف چین کے ’’زنجیانگ میں مذہبی اورنسلی اقلیتوںکاتحفظ ‘‘ کرنے کے حق میں بولا۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی کی میٹنگ میں سماجی،انسانی ہمدردی اور تمدن کے معاملات پر شرما نے پاکستان کی طرف سے ایک بار پھر جموں کشمیر کا معاملہ اُٹھائے جانے پر مداخلت کرتے ہوئے کہا۔ اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل مشن کے فرسٹ سیکریٹری آشیش شرما نے جمعرات کو کہا کہ ہم پاکستان کی طرف سے ہمارے ملک کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کرنے کیلئے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کا غلط استعمال کرنے کی مذمت کرتے ہیں ۔ہم ان تمام کوششوں کو مسترد اورمذمت کرتے ہیں ،جن کے وہ حقدار ہیں۔رما نے کہا کہ بھارت کے کثیرمذہبی ،کثیرنسلی اور کثیرلسانی ملک ہے اوراس کی رہنمائی جمہوریت،اورقانون کے اصول کرتے ہیں۔انہوں نے سپیشل رپورٹیئر کی رپورٹ میں بے ریاستی سے متعلق رپورٹ کاحوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم مایوس ہیں کہ اس معاملے کوغلط طور سے اور باربار اقلیتوں کے حقوق سے جوڑا جاتا ہے۔اقلیتوں کو بھارت میں تمام بنیادی حقوق حاصل ہیں جوانہیں آئین نے دیئے ہیں ۔شرما نے مزیدکہا کہ حکومت ہندنے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ تمام بتدریج ترقی کے قوانین جموں کشمیرمیں نافذ ہوں اورسماجی واقتصادی ترقی دوبارہ بحال ہو۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو مزیدآزادی اوربنیادی حقوق حاصل ہیںجب سے تمام مرکزی قوانین لاگوہیں۔ہم ان سبھی اقدامات پراعتراض کرتے ہیں جن کا مقصد ترقیاتی معاملوں کو سیاسی رنگت دینا ہے ۔جموں کشمیرکامسئلہ اُٹھاتے ہوئے پاکستان کے ڈیلی گیٹ نے کہاتھا کہ ہم کچھ ملکوں کی طرف سے چین کی آزادی،علاقائی سالمیت اورخودمختاری پرحملہ کرنے کومسترد کرتے ہیں ۔
پروجیکٹوں کی نگرانی کی کمیٹی میں وکرم کوٹھاری بھی شامل
سرینگر//بلال فرقانی// حکومت نے پروجیکٹوں کی نگراں کمیٹی میں مالیاتی ماہر وکرم کوٹھاری کو بھی شامل کیا ہے۔ جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کی جانب سے جمعرات کو جاری حکم نامہ میں کہا گیا کہ سرکار کی جانب سے پروجیکٹوں کی نگرانی کرنے والی کمیٹی کا قیام8 اکتوبر کو عمل میں لایا گیا اور اب پروجیکٹ مانیٹرنگ کمیٹی میں مالیاتی ماہر وکرم کوٹھاری کو بھی شامل کیا گیا ہے،جو کمیٹی سے متعلق آرڈر کے فہرست نمبر7پر ہوںگے۔
کرشنا کی خالی جیب ،کیرالہ سے کشمیر تک کاسفر
انسانیت کہیں موجود ہے یانہیں ،اس کیلئے پیدل مارچ کافیصلہ
مشتاق الحسن
گلمرگ//عزم اورحوصلہ ہو،توانسان کچھ بھی کرکے دکھاسکتا ہے اوراس کا مظاہرہ کیا کیرالہ کے ایک32برس کے جوان کرشنا کمار نے۔گریجویشن تک تعلیم حاصل کرنے والے کرشنانے عزم کیا کہ وہ دیکھے گاکہ دنیا میں اب بھی انسانیت کہیں موجو دہے یانہیں اور اس کیلئے اُس نے پیدل کشمیرکی سیر پر جانے کافیصلہ کیا۔ کرشنا نے ماں نے اُسے 100روپے کانوٹ دیا جب وہ5اگست کو گھر سے کشمیرکی سیر پرنکلااور75روز کے سفرکے بعد وہ جمعہ کوپیدل گلمرگ پہنچا۔ کرشنا نے اس نمائندے کو بتایا کہ سفرکے دوران اُس نے کہیں کسی سے لفٹ لیااورکہیں وہ پیدل چلا۔اُس نے کہا کہ سفر کے دوران ہرجگہ اُسے لوگوں نے نہ صرف کھانا کھلایا پلایا بلکہ آرام اور سونے کیلئے جگہ بھی فراہم کی۔کرشنا اب یہاں سے واپس جاکر ایک کتاب تحریر کرے گا جس میں وہ اپنے سفر کی پوری روئیداد بیان کرے گاکہ کس طرح لوگوں نے اس کی ہر جگہ میزبانی کی اور کہیں اُسے یہ محسوس ہونے نہیں دیا کہ انسانیت دم توڑ چکی ہے۔قابل ذکر ہے کہ گھر سے نکلتے وقت اُس کی ماں نے اُسے جو سو روپے کا نوٹ دیاتھا وہ اُس کی جیب میں ابھی بھی موجود ہے اور اُسے یہ نوٹ خرچ کرنے کی نوبت ہی نہیں آئی۔کرشنا نے کہا کہ کشمیرمیں بھی لوگوں نے اس کی خوب میزبانی کرنے کے علاوہ اُسے رہنے کیلئے جگہ دی اورسفر کے دوران گاڑیوں میں لفٹ بھی دیا۔
اننت ناگ اورڈوڈہ میں المناک حادثات
خاتون سمیت 3افراد لقمہ اجل
عارف بلوچ
اننت ناگ+ڈوڈہ//جنوبی ضلع اننت ناگ اوروادی چناب کے ضلع ڈوڈہ میںدو سڑک حادثات کے دوران ایک خاتون سمیت 3 افراد لقمہ اجل بن گئے ۔ اننت ناگ میںکے پی روڑپر مال بردار ٹرک زیرنمبرJK04A-6858نے جمعہ کی صبح 52سالہ حسینہ بانو زوجہ محمدیوسف غریب ساکن ایف ایم گلی کو ٹکر ماردی ۔ خون میں لت پت پڑی خاتون کو ضلع اسپتال منتقل کیاگیا تاہم ڈاکٹروںنے خاتون کومردہ قرار دیا۔ پولیس نے حادثے کاموجب بننے والے ٹرک کواپنی تحویل میںلیا۔اُدھرضلع ڈوڈہ میں ایک ٹرک زیر نمبر JK14D-6072 جمعہ کوعلی صبح ساڑھے پانچ بجے کھلانی نالے کے نزدیک ایک گہری کھائی میں جاگری ،جسکے نتیجے میںڈرائیور اورکنڈیکٹرموقعہ پرہی دم توڑبیٹھے ۔اس حادثے میں جانیں گنوانے والوںکی شناخت منوہر سنگھ ولدکاکارام اورسنیل سنگھ ولدپریتم سنگھ ساکنان راہنو اودھمپورکے بطورہوئی ہے۔
اتر سو اننت ناگ میں آتشزدگی
مکان اور4 دکانیں خاکستر
سرینگر// اتر سو اننت ناگ میں دوران شب آگ کی ایک ہولناک واردات میں ایک رہائشی مکان اور 4 دکانیں خاکستر ہوگئیں۔جے کے این ایس کے مطابق کراڈ اترسو میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب غلام نبی ایتو ولد محمد اکبر کے رہائشی مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے دیگر دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائرسروس عملہ جائے واقع پرپہنچ گیا اور آگ پر کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا۔ آتشزدگی میں 4دکانیں اور ایک مکان لاکھوں روپے کا مال و اسباب راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔پولیس نے معاملے کے نسبت کیس درج کر لیاہے۔
حضورؐ کی ولادت کائنات کیلئے باعث افتخار: مولاناقانونگو
سرینگر//انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشیداحمد قانونگو نے میلادا لنبیؐکی اختتامی تقریب پر خانقاہ اکملیہ حول میں نماز جمعہ سے قبل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمدؐ کی ولادت باسعادت پوری کائنات کیلئے باعث فخر ہے۔ انہوںنے کہاکہ امت مسلمہ کی کامیابی وکامرانی حضورؐ کے فرمودات پر عمل کرنے میںمضمرہے۔
امت مسلمہ حضرت محمدؐ کی تعلیمات پر عمل کریں: مولانا اخضر
سرینگر//تاریخی گاڑیار مسجد شریف میں ربیع الاول اور ولادت باسعادت حضرت پیغمبر اخر الزماں محمد مصطفی ﷺ کی مناسبت سے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انجمن علمائے احناف کے سربراہ مولانا اخضر حسین نے حضرت نبی رحمت ﷺ کی شان میں زبردست عقیدت و محبت کا نذرانہ پیش کیا۔ مولانا اخضر نے کہاکہ حضرت محمد ﷺ کے تعلق سے دنیائے اسلام کے مسلمانوںکا یہ عقیدہ دہرایا کہ اگر محمد ﷺ نہ ہوتے تو کچھ بھی نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ کی ولادت اور بعثت ہی بنیادی لحاظ سے اس کائنات ہست و بود کے وجود میں آنے کا سبب ہے جیسا کہ احادیث مقدسہ اور قرآنی تفاسیر اس پر شاہد عدل ہے ۔مولانا اخضرنے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ حضور رحمتہ للعالمین ﷺ کی تعلیمات اور ہدایات کو صدق دلی سے اپنا کر دنیا میں اخلاقی قیادت کا فریضہ انجام دیں۔
سویہ بگ بڈگام میں اتوار کو میلاد کانفرنس
سرینگر//حقانی میموریل ٹرسٹ سے منسلک ابن حقانی یوتھ فاونڈیشن ضلع بڈگام کے اہتمام سے سویہ بگ بڈگام کی مرکزی جامع مسجد شریف میں اتوار24اکتوبر کو نماز ظہر سے عشا ء تک میلادالنبی ﷺ کانفرنس منعقد ہورہی ہے۔ کانفرنس میں جید علمائے کرام میلاد کے فیوض و برکات پر مفصل روشنی ڈالیں گے ۔
کشمیر عظمیٰ کے نامہ نگار ارشاد احمد کو صدمہ
چاچا راجہ ارشد محمود انتقال کر گئے
سرینگر//کشمیر عظمی کے نامہ نگار ارشاد احمد کوکے چاچا راجہ ارشد محمود مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ راجہ ارشد محمود نہایت ملنسار، ، شریف النفس اور دیندار تھے۔تعزیت پرسی 3روز تک مرحوم کی رہائش گاہ واقع ٹینگہ پورہ سرینگر میں جاری رہے گی۔ اس دوران کشمیر عظمیٰ کے عملہ ادارت نے ارشاد احمد کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اورمرحوم کی جنت نشینی اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی دعا کی ہے۔
ڈی جی ہارٹیکلچرکاپلوامہ دورہ
باغبانوںکومحکمے کیساتھ قریبی رابطہ رکھنے کا مشورہ
سرینگر //ڈائریکٹر جنرل ہارٹی کلچر کشمیر اعجاز احمدبٹ نے کل ضلع پلوامہ کا وسیع دورہ کیا۔انہوں نے ضلع کے کئی ہائی ڈینسٹی باغات کا دورہ کیا اور باغم مالکان ،ماہرین اور محکمہ کے فیلڈ افسران کی محنت کو سراہا۔انہوں نے محکمہ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ایچ ڈی سیب کی مختلف اقسام کا وسیع پیمانے پر مطالعہ کریں تاکہ مستقبل کے اعلیٰ کثافتی ایچ ڈی پودوں کے لیے ترجیح دی جائے گی۔انہوں نے فیلڈ افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ باغوںکو تمام تر تکنیکی معلومات مہیا کریں خاص طور پر اعلی کثافت والے باغات کی تربیت کریں اور باغبانوں کو مشورہ دیا کہ وہ محکمے کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔محکمہ موسمیات کی جانب سے شدید برف باری کے امکان کے ساتھ جاری موسم کی پیش گوئی پر ڈی جی نے کہا کہ محکمہ پہلے ہی وادی کے کاشتکاروں کے لیے ایڈوائزری جاری کر چکا ہے۔انہوں نے شتکاروں کو مشورہ دیا کہ وہ پھلوںاتارنے کے عمل کو تیز کریں اور اپنے باغات میں مناسب نکاسی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ گھبرائیں نہیں اور ایڈوائزری پر صحیح طریقے سے عمل کریں۔دورے کے دوران ڈی جی کے ساتھ چیف ہارٹیکلچر آفیسر پلوامہ اور محکمہ کے دیگر افسران بھی تھے۔
دسو پانپور میں زعفران میلہ
محکمہ اطلاعات کے فنکاروں کا تمدنی پروگرام پیش
سرینگر // محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ (ڈی آئی پی آر) کے کلچرل یونٹ کشمیر کے فنکاروں نے کل انڈین انٹرنیشنل کشمیر سیفران ٹریڈنگ سینٹر (آئی آئی کے ایس ٹی سی) میں ڈائریکٹوریٹ آف ایگریکلچر کشمیر کے زیر اہتمام جشن زعفران میلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔جشن زعفران خریداروں اور فروخت کنندگان کا اجلاس اور ایک زعفرانی میلہ ہے جو IIKSTC دسو پانپور میں منعقد ہوا۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میلے سے خطاب کیا جبکہ مرکزی وزیر مملکت برائے زراعت نے بھی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تقریب سے خطاب کیا۔اس موقعہ پرلیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان مہمان خصوصی تھے۔ میلے میں خریداروں ، بیچنے والوں اور مختلف محکموں کے افسران کا ایک بڑا اجتماع بھی موجود تھا۔فیسٹیول میں ،کلچرل یونٹ کشمیر کے مشہور فنکاروں بشمول مشتاق شہنواز ، غلام محمد بٹ ،غلام محی الدین کھانڈے نے سازیانہ ، رؤف اور چکری پر مشتمل ایک خصوصی کلچر پروگرام پیش کیا۔
۔26جنوری کو سرکاری اعزازات کی عطائی
اُمیدواروں سے نامزدگیاں طلب کی گئیں
بلال فرقانی
سرینگر//حکومت نے26جنوری کے موقعہ پر سرکاری اعزازات سے نوازنے کیلئے نامزدگیاں طلب کی ہیں۔ سرکاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’’مرکزی زیر انتظام علاقے جموں کشمیر میں سرکاری ایوراڈ کی حصولیابی کیلئے مطلع کیا جا رہا ہے کہ ہرسال 26جنوری کے موقع پر کئی شعبوں میں سرکاری ایورڈوں سے نوازا جائیگا۔ ان زمروں میںبہادری ،ادب کے میدان میں کامیابی،فن کی کارکردگی، آرٹ اینڈ کرافٹس میں کا ر ہائے نمایا کارکردگی، سماجی اصلاحات اور بااختیاری، عوامی خدمت،نان گزیٹیڈ افسران، کسی دوسرے شعبے میں لائف ٹائم ایچیومنٹ،بہترین کھلاڑی،شاندار میڈیا پرسن، ماحولیات، بہترین صنعتی کاروباری شخصیت شامل ہیں۔اسکیم کے مطابق سرکاری ایوارڈ دینے کے لیے نامزدگیاں کھیلوں کی تنظیمیں این جی اوز، یونیورسیٹیاں، کلچرل اکاڈمی،انتظامی سیکریٹری، ڈپٹی کمشنر،صوبائی کمشنر پیش کرسکتی ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے’’تمام متعلقہ افراد سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ مستحق افراد،تنظیموں کے حوالے سے مناسب نامزدگی،سفارشات ، حوالہ جات اور معاون دستاویزات کے ساتھ 25 نومبر 2021 تک یا اس سے پہلے ایوارڈ دینے پر غور کے لیے بھیجیں‘‘۔
پولیس میں سب انسپکٹروں کی اسامیاں
بھرتی کیلئے عمر کی حد میںاضافہ کیا جائے: اپنی پارٹی
جموں//اپنی پارٹی یوتھ ونگ صوبائی صدر جموں وپل بالی نے حکومت سے گذارش کی ہے کہ جموں وکشمیر پولیس میں بھرتی کیلئے سب انسپکٹروں کی عمر کی حدمیں اضافہ کیاجائے۔ گذشتہ روز جاری نوٹیفکیشن ،جس میں عمر کی حد28سال رکھی گئی ہے، کے بعد تعلیم یافتہ نوجوانوں میں پائے جارہے غم وغصے کاحوالہ دیتے ہوئے لیڈر وپل بالی نے کہاکہ وہ تعلیم یافتہ نوجوان جو30سال عمر پار کر چکے ہیں، کو بھی جموں وکشمیر پولیس میں سب انسپکٹر بھرتی کا موقع دیاجانا چاہئے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ زیادہ سے زیادہ عمر کی حد 35سال ہونی چاہئے۔ زیادہ سے زیادہ عمر کی حد28سال مقرر کرنا بے روزگار نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمتوں میں اسامیوں کیلئے تعلیم یافتہ نوجوان انتظار کر رہے تھے اور اُن کے لئے عمر کی حد مقرر کرنا موجودہ جموں وکشمیر کے صورتحال کے پیش نظر بلاجواز ہے۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں سب انسپکٹر اسامیوں کے خواہشمندوں کے مطالبات کو تسلیم کرتے وقت موجودہ سیاسی اور حفاظتی صورتحال کو بھی مد نظر رکھاجائے۔
اونتی پورہ اور کولگام میں3منشیات سمگلر گرفتار
۔19کلوگرام خشخاش اور بھنگ برآمد، سکوٹی ضبط
سرینگر// اونتی پورہ اور کولگام میں پولیس نے 3منشیات سمگلروںکو گرفتار کرکے 19 کلوگرام خشخاش اور بھنگ ضبط کی۔ پولیس تھانہ پارمپورہ سے وابستہ اہلکاروںنے لتربل پامپور میںناکہ بٹھایا تھا اورسکوٹی زیر نمبرJK13F/1366کو روک لیا۔ پولیس اہلکاروںنے تلاشی کے دوران 13کلوگرام خشخاش برآمد کی۔اس موقعہ پر پولیس نے جاوید احمد بٹ اورعبدالحمید میر ساکنان پامپور کو گرفتار کرکے سکوٹی ضبط کی۔ اس دوران پولیس تھانہ کولگام نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے کی بنا پر بشیر احمد میر کے گھر پر چھاپہ مارا اور وہاں چھپائی گئی 6.5کلوگرام بھنگ برآمد کی۔ پولیس نے مذکورہ شخص کو گرفتار کرلیا۔
بھاجپا اور دیگر جماعتوںکے 91افراد این سی میں شامل
جموں//نیشنل کانفرنس میں مختلف سیاسی ، سماجی افراد اور اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کی شمولیت کا سلسلہ جاری ہے ۔اس سلسلے میں پارٹی کی اقلیتی سیل کے کنوینیر ایم کے یوگی کی سربراہی میں پنڈت برادری سے تعلق رکھنے والے 91افراد نے پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی موجودگی میں نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقعہ پر پارٹی کے صوبائی صدر جموں رتن لعل گپتا اور صوبائی یوتھ صدر اعجاز جان بھی موجود تھے۔ پارٹی میں شمولیت اختیا رکرنے والوں میں بی جے پی کے عہدیداران چندرا، ڈیزی بزاز، نیلم کول، چاند جی پنڈتا، ورملا کانت، مونیکا سپرو سواکی پنڈتاکے علاوہ جگتی سے تعلق رکھنے والے نتن ، لوینا پارمو، منیشا گپتا، روہت کول، سنجے کمار، سمت بٹ، رینوکا بٹ، ویر جی رائو، کلدیپ رینہ، نوین گوسامی، انیل بالی شبم آملا کے نام قابل ذکر ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا خیر مقدم کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔
غلام رسول غیور کی16ویں برسی پر خراج عقیدت
تعلیمی وادبی خدمات ناقابل فراموش :حسن میر
سرینگر//اپنی پارٹی نے سید غلام رسول غیور کو 16ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنی پارٹی کے مرکزی دفتر ایم ٹو چرچ لین سونہ وار میں ایک اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے کی ۔اجلاس میں میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی کے علاوہ پارٹی سے وابستہ کئی لیڈران وکارکنان موجود تھے ۔ غلام حسن میر نے سید غلام رسول غیور کو ماہر تعلیم، مفکر، سیاستدان اور شاعر قرار دیا جن کی کشمیری سماج کے لئے انجام دی گئی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔ حسن میر نے کہا کہ غیور کو کشمیر کی آواز کہاجاتا تھا اوراُنہیں بعد از مرگ ’صوت ِ کشمیر‘ایوارڈ سے بھی سرفراز کیاگیا۔ انہوںنے کہاکہ ادبی شخصیت ہونے کے ساتھ ساتھ غیور صاحب معروف سماجی کارکن، عوامی خدمتگار بھی تھے جو ہمیشہ لوگوں کی خدمت کے لئے تیار رہتے تھے ۔ یاد رہے کہ 16برس قبل نامعلوم بندوق برداروں نے غلام رسول غیور کو ہلاک کر دیاتھا جس سے سیاسی وسماجی حلقوں میں شدید غم وغصے کی لہر دوڑ گئی تھی، البتہ اُن کا ورثہ اور کام آج بھی موجود ہے۔ اجلاس کے آخر میں مرحوم کے ایصال ِ ثواب کے لئے دعا کی گئی۔