فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیاں دینے کا مطالبہ
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے مکینوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژن میں قائم فائر بریگیڈ سروس سٹیشن میں مزید گاڑیاں دستیاب کروائی جائیں تاکہ مشکل وقت میں لوگوں کو معیاری سہولیات مل سکیں ۔انہوں نے بتایا کہ نوشہرہ فائر اینڈ ایمرجنسی سٹیشن میں اس وقت محض ایک گاڑی دستیاب رکھی گئی ہے جبکہ پورے سب ڈویژن میں ایک گاڑی سے کام نہیں چلایا جاسکتا ہے ۔غور طلب ہے کہ سندر بنی سے لے کر ناریاں چنگس اور قلعہ درہال علاقوں کیلئے صرف ایک فائر بریگیڈ کی گاڑی رکھی گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس سے قبل کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے رجوع کیا جاچکا ہے لیکن ابھی تک فائر اینڈ ایمرجنسی سٹیشن کی اپر گریڈیشن کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے جاسکے ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ نوشہرہ فائراینڈ ایمر جنسی سٹیشن میں مزید دو گاڑیاں فراہم کی جائیں ۔
زچہ بچہ ہسپتال کی تعمیر شروع
مرکزی انتظامیہ کے کام کی ستائش
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے لمبیڑی علاقہ میں مرکزی حکومت کی جانب سے منظور کردہ زچہ بچہ ہسپتا ل کی تعمیر کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔اس قدم پر مقامی لوگوں و معززین نے مرکزی حکومت کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ نوشہرہ جیسے پسماندہ سب ڈویژن میں مذکورہ نوعیت کے ہسپتال کو قائم کرنے سے عام لوگوں کو فائدہ پہنچے گا ۔غور طلب ہے کہ جموں پونچھ شاہراہ پر ہی کروڑوں روپے کی لاگت سے زچہ بچہ ہسپتال کی تعمیر کا عمل شرو ع کر دیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ہسپتال کی منظوری سے نہ صرف سب ڈویژ ن نوشہرہ بلکہ راجوری اور پونچھ دونوں اضلاع کے مکینوں کو فاہدہ پہنچے گا ۔انہوں نے مرکزی حکومت کے کام کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مذکورہ پروجیکٹ کو جلد ہی مکمل کرلیا جائے گا ۔
جھنگڑ میں پرائمری ہیلتھ سنٹر قائم کرنے کی مانگ
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے سرحدی گائوں جھنگڑکی عوام نے جموں وکشمیر اور مرکزی حکومت سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی علاقوں میں صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے گائوں میں ایک پرائمری ہیلتھ سنٹر قائم کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ صفر لائن کے قریب آباد گائوں میں اس جدید دور میں بھی طبی سہولیات کے لئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے جس کی وجہ سے مریضوں و حاملہ خواتین کو دیگر علاقوں میں قائم کر دہ طبی مراکز میں دربدر ہونا پڑتا ہے ۔غور طلب ہے کہ نوشہرہ سب ڈویژں کو جھنگڑ علاقہ جہاں بریگیڈئیر محمد عثمان کی شہادت کی وجہ سے جانا جاتا ہے وہائیں گائوں میں معیاری طبی سہولیات ہی دستیاب نہیں ہیں ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مریضوں کی بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے جلدازجلد ایک پرائمری ہیلتھ سنٹر قائم کیا جائے ۔