اہربل میں سرمائی سرگرمیاں شروع کی جائیں
علاقے کے لوگوں کا محکمہ سیاحت سے مطالبہ
سرینگر//اہربل میں سرما کے دوران بھی سیاحتی سرگرمیاں شروع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے علاقے کے لوگوں نے کہا کہ یہاں سکینگ کیلئے بہتر مقامات موجود ہیں۔مقامی لوگوںکا کہنا ہے کہ اہر بل کولگام وادی کشمیر کا انتہائی خوبصورت سیاحتی مقام ہے جہاں سیاحتی سرگرمیاں صرف تین ماہ تک رہتی ہیںجبکہ سال کے دیگر 9مہینے یہاں کوئی سیاح نہیں آتاہے ۔مقامی لوگوںکے مطابق اہربل میںموسم سرما کے دوران سرمائی کھیلوں کا بہتر انتظام ہوسکتا ہے لیکن سرکار اس جانب کوئی توجہ نہیں دی رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ موسم سرما شروع ہوتے ہی وہ بیروزگار ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گلمرگ کی طرز پریہاں بھی سنو سکیٹنگ شروع کی جائے۔انہوںنے کہا کہ اہربل میں گروٹن، کونگہ وٹن اور سییکجن وغیرہ ایسے مقامات ہیں جہاں نومبر میں ہی برفباری ہوتی ہے اسلئے یہ جگہیں سنو سکیٹنگ کیلئے بہترین ثابت ہوسکتی ہیںاور نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔ مقامی لوگوں نے محکمہ سیاحت کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ وہ اس اہم مسئلہ کی طرف توجہ دیکر یہاں بھی سرمائی سرگرمیاں شروع کرائیں۔
فوج کشمیری طلاب کے بہترمستقبل کیلئے سرگرم:کور کمانڈر
سپر50کوچنگ سہولیات کا افتتاح کیا
سرینگر//15ویںکور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر کے طلبہ وطالبات کے بہتر مستقبل کی خاطر وہ کوشاں ہیں اور اس حوالے سے میڈیکل اسٹوڈنٹس کیلئے سپر 50کے تحت کوچنگ فراہم کرنا ثمر آور ثابت ہو رہی ہے ۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار سرینگر میں ایچ سی پی ایل کشمیر سپر 50کا افتتاح کرنے کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا ’’فوج نے اس سے قبل سپر 30کوچنگ شروع کی پھر میڈیکل طلاب کیلئے 2018میں بھی کوچنگ کا عمل شروع کیا اوراُس وقت پتھراو کے باوجود بھی کشمیری عوام نے فوج پر اپنا اعتماد ظاہر کیا‘‘۔کور کمانڈر نے کہا ’’ پچھلے تین سیشن میں کامیابی کی شرح بہت اچھی رہی لیکن میری دلی تمنا تھی کہ اب کی بار طالبات کیلئے کچھ کریں‘‘۔انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں خواتین کو بااختیاربنانے کی خاطر فوج کی جانب سے زمینی سطح پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔فوجی کمانڈر کے مطابق ڈاکٹر بننے کے خواہشمند طالبات کی پڑھائی کیلئے فوج نے کام شروع کیا جس کے تحت خواہشمند لڑکیوں کو ایک جگہ پر جمع کرکے اُن کی پڑھائی کا انتظام کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ 18سو بچیوں نے فوج پر اعتماد ظاہر کیا ہے جس سے یہ عیاں ہوتا ہے کہ وادی کشمیر کے لوگ تعلیم اور بہتر مستقبل کی خاطر پیش پیش ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل نے کہا’’ اس کوچنگ کی خاطر جتنی بھی طالبات نے حصہ لیا میں اُن کے روشن مستقبل کیلئے دعا گوں ہوں‘‘۔ کمانڈر موصوف نے کہا’’ ہماری خواہش ہے کہ جموں وکشمیر کے نوجوانوں اور بچیوں کو بہترین تعلیم میسر ہوتاکہ وہ مسابقتی امتحانات میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں‘۔کوچنگ کے دوران طالب علموں کو کمپیوٹر لیبارٹری ، لائبریری ، آرام کیلئے کمرے ، ہائی ٹیک کلاس روم اور دوسری سہولیات بہم رکھی گئی ہیں۔واضح رہے کہ چنار کارپس کی جانب سے ایچ پی سی ایل کشمیر سپر 50 (میڈیکل ) شروع کیا گیا ہے جس کے تحت ایم بی بی ایس اور دوسرے میڈکل کورسوں کیلئے خواہشمند طلبا ء کو بہترین تعلیم فراہم کی جارہی ہے ۔
بانڈی پورہ میں پولیس دربار
سماجی مسائل پر بات چیت ،ایس ایس پی نے تعاون کا یقین دلایا
عازم جان
بانڈی پورہ//بانڈی پورہ پولیس نے آرن اور دیگر ملحقہ علاقوں میںلوگوں کے ساتھ ایک میٹنگ میں مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ کی صدارت ایس ایس پی محمد زاہدنے کی اور اے ایس پی بانڈی پورہ، ڈی وائی ایس پی ہیڈکوارٹر ، ایس ایچ او بانڈی پورہ اور دیگر سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ میٹنگ میں بات چیت کے دوران شرکاء نے عوامی اہمیت کے کئی مسائل پر روشنی ڈالی جو انہیں درپیش ہیں۔ایس ایس پی نے موقع پر ہی متعدد مسائل کا ازالہ کیا اور شرکاء کو یقین دلایا کہ پولیس سے متعلق ان کی دیگر حقیقی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور سول انتظامیہ سے متعلق مسائل ان کے جلد از جلد ازالہ کیلئے متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھائے جائیں گے۔ ایس ایس پی نے کہا کہ پولیس ملک دشمن اور سماج دشمن عناصر بالخصوص منشیات فروشوں اور شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کر رہی ہے تاکہ ضلع میں پُرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے عوام اور سول سوسائٹی اراکین سے اپیل کی کہ وہ ایسے عناصر کی نشاندہی کے لیے آگے آئیں تاکہ ان کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ شرکاء نے سماجی برائیوں سے نمٹنے کے لیے پولیس کے ساتھ اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
ڈی آئی پی آر کے کلچرل یونٹ سری نگر نے ’قومی یوم صحافت‘ منایا
سرینگر// ہندوستان بھر میں ہر سال 17 نومبر کو منائے جانے والے 'قومی صحافتی دن' کے موقع پر محکمہ اطلاعات اور تعلقات عامہ کی ثقافتی اکائی سرینگر نے بدھ کوسرینگر کے کانفرنس ہال میں ایک مباحثے کا اہتمام کیا۔بحث شروع ہونے سے قبل صحافی شاہد بخاری جن کا حال ہی میں انتقال ہو گیا ، کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور ان کی مغفرت کیلئے دعا کی گئی۔مباحثے میں شبیر احمد میر (نیوز 18 اردو)، محمد اسلم (کے این ایس)، رشید راہی (سی این ایس)، سینئر صحافی سید تجمل، نذیر گنائی، فرزانہ ممتاز،ایم افضل بٹ اور شاہانہ فاطمہ نے شرکت کی۔اس موقع پر شریک صحافیوں نے میڈیا کے کردار پر روشنی ڈالی جو شہریوں میں ہم آہنگی، امن اور بھائی چارے کو پھیلانے میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے اورحکومت اور شہریوں کے درمیان پْل کا کام کرتا ہے۔سید شکیل شان نے شکریہ کی تحریک پیش کی ۔اس موقع پر ڈی آئی پی آر کے افسران بھی موجود تھے۔
نیشنل کانفرنس کا اظہارِ تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سابق ڈپٹی سکریٹری اور اخبار ترجمانِ کشمیر کے مدیر اعلیٰ سید غلام عباس ساکن شاہ آباد بالا کپرن ویری ناگ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے سوگوارکنبے سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،جنوبی زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری، ضلع صدر اننت ناگ الطاف احمد کلو ، ترجمان عمران نبی ڈار اور نائب صوبائی صدر سید توقیر احمد نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے رکن پارلیمان برائے جنوبی کشمیر جسٹس(ر) حسنین مسعودی نے مرحوم کے پسماندگان کے ساتھ ٹیلی فون پر تعزیت کی۔
گورونانک کے یوم پیدائش پرانتظامات میسر رکھنے کی اپیل
سرینگر// نیشنل کانفرنس کی اقلیتی سیل کے کنوینیر جگدیش سنگھ آزاد نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ گورونانک کے 552ویں یوم پیدائش پر جموں وکشمیر کے تمام گوردواروں اور خالصہ آبادی والے علاقوں میں بغیر خلل بجلی، پانی، صحت و صفائی اور ٹرانسپورٹ کا معقول انتظام کیا جائے۔ پارٹی کے صوبائی صدر جموں ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا نے بھی جموں کے تمام گوردواروں میں ایسے ہی انتظامات رکھنے کی اپیل کی ہے۔
خانیار میں سکمز کا طبی کیمپ
سرینگر//حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانی ؒ کے عرس مبارک کے سلسلے میں آستان عالیہ خانیار میں ایک طبی کیمپ ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر اے جی آہنگر اور سپر انٹنڈنٹڈاکٹر فاروق جان کی نگرانی میں منعقد ہوا ۔ کیمپ میں صورہ ہسپتال کے ماہر ڈاکٹروں نے اپنی خدمات انجام دیں ۔ کیمپ میں نگوا صدر اشتیاق بیگ بھی موجود رہے۔ مریضوں کو ادویات بھی مفت فراہم کی گئیں ۔
اندر کلچرل فورم سوناواری کا اظہارتعزیت
سر ینگر//اندر کلچرل فورم سوناواری نے فورم کے اہم رکن منظور احمد میر ولد غلام محمد میر کی چنانی جموں میں ایک دلدوز سڑک حادثے میں انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منظور احمد کی موت نہ صرف فورم بلکہ علاقہ سوناواری کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ فورم کے صدر سلیم یوسف چلکی نے منظور احمد کی موت پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موصوف سوناواری میں ہردلعزیز شخصیت کے مالک تھے اور حال ہی میں مانسبل ڈرامہ فیسٹیول میں موصوف نے کشمیری ڈرامہ کاش میر پارک میں باغبان کا کردار نبھا کر داد تحسین حاصل کی۔
فاروق اندرابی کا اظہار تعزیت
سرینگر//اپنی پارٹی میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی نے بدھ کے روز میونسپل کونسلر چاڈورہ وارڈ نمبر18اور خاتون لیڈر شبینہ کے والد غلام نبی وانی کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے سوگوار کنبہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کیلئے مغفرت کی دعا کی ۔ انہوں نے کہاکہ وہ دکھ کی اِس گھڑی میں غمزدہ کنبہ کے ساتھ ہیں اور مرحوم کی جنت نشینی کے لئے دعا گو ہیں۔ میونسپل کونسل چاڈورہ کے صدر اور اپنی پارٹی یوتھ لیڈر فہد اندرابی نے بھی سوگواران کنبہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔