ریزرویشن کی بنیادپر ترقی
عدالت اعظمیٰ کے حکم کو لاگوکرنے کی مانگ
جموں //جموں یونیورسٹی ایس سی /ایس ٹی ایمپلائز ایسوسی ایشن نے ریاستی گور نر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ریزرویشن کی بنیاد پر ترقی کے معاملے پر سپریم کورٹ کی جانب سے دی گئی ہدایات کو لاگو کر نے کےلئے اقدامات اٹھا ئے جائیں ۔اس سلسلہ میںیونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں اپنی خدمات انجام دینے والے یونیورسٹی ایس سی /ایس ٹی ایمپلائز ایسوسی ایشن کے اراکین کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی ۔اس میٹنگ کے دوران ملازمین نے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ریاست میں عدالت عظمیٰ کے حکم کو لاگو کرکے ملازمین کو سہولیات فراہم کرنے کےلئے جلداز جلد حکم جاری کریں ۔ایسوسی ایشن اراکین نے کہاکہ دیگر کئی ریاستو ں میں عدالت کی جانب سے دی گئی ہدایات کو لاگو کیا گیا ہے لیکن ریاست جموں وکشمیر میں ابھی تک اس سلسلہ میں سنجیدگی کا مظاہر ہ نہیں کیا گیا ہے ۔ان ملازمین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ2008میں یو جی سی کی جانب سے یونیورسٹی کو ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ ایس سی اور ایس ٹی طبقہ سے یونیورسٹی کونسل ،اکیڈمک کونسل ودیگر کمیٹیوں میں اراکین کو شامل کیا جائے تاہم ابھی تک یونیورسٹی انتظامیہ نے کو ئی مثبت قدم نہیں اٹھا یا ہے ۔اس میٹنگ میں سرجیت سنگھ ہیر ،اشوک کمار ،غلام حسین ،عبدالمان ،سکھدیو بھگت ،بودھ راج ،وجے کمار ،راج کمار جنک راج ودیگران بھی موجود تھے ۔
درماندہ مسافروں کےلئے مزید عطیہ نہ دینے کی اپیل
جموں //دربار موﺅ ایمپلائز فیڈریشن نے عام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ درماند مسافروں کو سہولیات فراہم کرنے کےلئے اب عطیہ جمع نہ کریں کیونکہ مذکورہ معاملہ کو حل کر دیا گیا ہے ۔یہا ںجاری ایک پریس بیان میں دربار موﺅ ایمپلائز فیڈریشن کے ریاستی صدر اویس وانی نے درماندہ مسافروں کےلئے عطیہ دینے والے عام لوگوں اور ملازمین کا شکریہ ادا کر تے ہوئے کہا کہ مسافروں کے معاملہ کو حل کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے اب مزید عطیہ کی ضرورت نہیں ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ فیصلہ جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد و رفت بحال کئے جانے کے بعد لیا گیا ہے ۔فیڈریشن نے ریڈ کراس سوسائٹی ،آل انڈیا سکھ کمیونٹی جموں کے صدر ،مسلم اوقاف باڈی جموں کے صدر ودیگر نجی تنظیموں کے اراکین کی جانب سے درماندہ مسافروں کو سہولیات فراہم کرنے کےلئے دئیے گئے تعاون کا شکریہ ادا کیا ہے ۔فیڈریشن کے اراکین نے کہاکہ ان تنظیموں کی جانب سے کئی ایک مذہبی مقامات ودیگر جگہوں پر انسانیت کی بنیادوں پر درماندہ مسافروں کو سہولیات فراہم کرنے کےلئے پروگرامو ں کا اہتمام کیا گیا جس کی وجہ سے مسافروں کو مزید درماندہ ہونے سے بچایا گیا ۔
دومانہ میں گرمت سماگم17فروری کو
جموں //سنت پورہ دینا چیریٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے سنت گر بخش سنگھ کی یاد میں گرمت سما گم کا اہتمام آئندہ 17فروری کو دومانہ میں کیا جائے گا ۔اس سلسلہ منعقد ہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انتظامیہ کمیٹی کے رکن بلویندر سنگھ نے کہا کہ مذکورہ پروگرام اکھنور روڈ پر ڈھیرہ سنت پورہ دینا کے سنت تیجونت سنگھ کی قیادت میں منعقد کیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ اس گرمت سماگم میں سکھ طبقہ کے متعدد مذہبی لیڈران کے علا وہ گردورہ شری بنگلہ صاحب نئی دہلی کے ہیڈ گرانتھی بچتر سنگھ کے علا وہ دیگر ممالک سے بھی سکھ لیڈران شرکت کرینگے ۔انہوں نے کہاکہ اس تقریب میں جموں صوبہ کی تمام گرودرہ پربندھک کمیٹیاں ،سکھ نوجوان سبھا ،گردورہ مینجمنٹ کمیٹی سنت پورہ ودیگر تنظیموں کے اراکین بھی شرکت کرینگے ۔
پولیس افسر کے اعزاز میں تقریب
کٹھوعہ //ضلع کٹھوعہ میں پولیس انتظامیہ کی جانب سے ایڈیشنل سپرانٹنڈنٹ آف پولیس نثار احمد کی تبدیلی کے سلسلہ میں ایک الودعی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔تقریب کے دوران پولیس آفیسران ایس پی نثار احمد کی جانب سے ضلع میں تعیناتی کے دوران دی گئی خدمات کی تعریف کی ۔اپنے خطاب میں ایس ایس پی کٹھوعہ نے کہا کہ ایس پی نثار احمد نے 28مئی 2018کو ضلع میں اپنی تعیناتی کے بعد ضلع میں بہترین کارکر دگی کا مظاہر ہ کیا ۔اس تقریب میں ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر ،ایس ڈی پی او بلاور ،ایس ڈی پی او بسولی کے علا وہ دیگر پولیس آفیسران نے بھی شرکت کی ۔
صحت مندخوراک پر بیداری پروگرام
جموں //دہلی پبلک سکول ناگبانی میں طلباءکےلئے ’صحت مند خوراک ‘پر ایک بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔اس پروگرام کے دوران طلباءکو صحت کے اعتبار سے بہترین خوراک کے بارے میں معقول جانکاری فراہم کی گئی ۔بیداری پروگرام کو منعقد کرنے کا اصل مقصد طلباءکو ’فوڈ سیفٹی ‘کے بارے میں جانکاری فراہم کرنا تھا تاکہ چھوٹے بچوں کو مختلف بیماریوں سے دور رکھا جائے ۔اس دوران سنجیت آرین نے طلباءکو صحت اور خوراک کے سلسلہ میں جانکاری فراہم کی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے سکول پرنسپل نے کہاکہ اس طرح کے پروگراموں کو منعقد کرنے کا مقصد طلباءکو چھوٹی ہی عمر میں بہترین خوراک اور صفائی کے بارے میں بیدار کرنا ہے تاکہ وہ دیگر سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ اپنی صحت کا خیال بھی رکھ سکیں ۔
پلوامہ فدائین حملے کی مذمت
نیشنل کانفرنس
جموں //نیشنل کا نفرنس لیڈران نے ضلع پلوامہ کے لیتہ بورہ علا قہ میں سی آر پی ایف کی کانوائے پر ہوئے فدائین حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کر تے ہوئے مہلوک فوجیوں کے لواحقین کےساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔یہاں جاری ایک مشترکہ پریس بیان میں این سی لیڈران نے حملے کی مذمت کر تے ہوئے کہاکہ وہ لواحقین کے ساتھ اس دکھ کی گھڑی میں برابر کے شریک ہیں ۔این سی لیڈران نے کہاکہ عسکریت پسندی کی با شعور معاشرے میں کوئی جگہ نہیں ۔اس مشترکہ بیان میں پارٹی کے صوبائی صدر دویندر سنگھ رانا ،اجے کمار سڈوترہ،سرجیت سنگھ سلاتھیہ ،رتن لعل گپتا ،ٹھا کر کشمیرا سنگھ ،اعجاز احمد جان ،شیخ بشیر احمد ،ترلوچن سنگھ وزیر،دپیندر کور ،بملہ لتھرہ ،ستونت کور ڈوگرہ ودیگران نے فدائین حملے کی مذمت کی ہے ۔
حاجی عنایت علی
جموں//ریاستی قانون ساز کونسل کے چیئر مین حاجی عنایت علی نے لیتھ پورہ میں سی آر پی ایف کانوائی پر ہوئے حملے کی سخت مذمت کی ہے ۔ انہوں نے غمزدہ کنبوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے حملے میں جانبحق ہوئے سپاہیوں کو خراج پیش کیا ہے ۔ انہوں نے مستقبل میں ایسے حملوں کو روکنے کیلئے مناسب اقدامات کرنے پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے اس حملے میں جانبحق ہوئے بہادروں کے ابدی سکون کیلئے دعا کی ہے ۔
کے وجے کمار
جموں//گورنر کے صلاحکار کے عوجے کمار نے لیتھ پورہ پلوامہ میں سی آر پی ایف کانوائی پر ہوئے دہشت گردانہ حملے میں سی آر پی ایف جوانوں کے جانبحق ہونے پر سخت رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے تعزیتی پیغام میں صلاحکار نے شہید سپاہیوں کے غمزدہ کنبوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے ابدی سکون کیلئے دعا کی ہے ۔ انہوں نے اس بزدلانہ حملے میں زخمی ہوئے سپاہیوں کی فوری صحت یابی کیلئے دعا کی ہے ۔
فاروق شاہ نے مہاجرکنبوں کو دی جارہی سہولیات کا جائزہ لیا
جموں//سیکرٹری ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، ریلیف و باز آباد کاری فاروق احمد شاہ نے ایک میٹنگ کے دوران مائیگرنٹ کنبوں کو دی جارہی سہولیات کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں ریلیف اور باز آباد کاری کمشنر ، ایڈیشنل کمشنر جموں اور کئی دیگر افسروں نے شرکت کی جبکہ اودھمپور ، راجوری ، ڈوڈہ، ریاسی ، پونچھ ، رام بن ، سانبہ اور کشتواڑ کے ترقیاتی کمشنروں نے میٹنگ میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔اس موقعہ پر جموں مائیگرنٹوں کو درپیش معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ڈوڈہ ضلع سے ہجرت کرنے والے 18کنبوں کو اس وقت جموں مائیگرنٹوں کی طرز پر مفت راشن فراہم کی جاتی ہے۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ سال 2004ءسے لے کر 2007ءتک ڈوڈہ سے 248 کنبے جموں منتقل ہوئے اور یہ لوگ مفت راشن کا مطالبہ کر رہے ہیں۔مناسب جائزے کے بعد جون ، جولائی اور اگست 2018ءکے مہینوں کا راشن انہیں مفت فراہم کیا گیا۔این ایچ پی سی کالونی تلواڑہ میں رہائش پذیر ریاسی ضلع کے 84مائیگرنٹ کنبوں کے معاملات کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا گیا کہ مختلف سکیموں کے استدقاق کی بدولت ان کے لئے 22.54 کروڑ روپے کا ایک منصوبہ مرتب کیا گیا اور اس سے منظوری کے لئے حکومت کو بھیج دیا گیا۔اس دوران مزید بتایا گیا کہ 100کوارٹروں ، پرائمری سکولوں ، کمیونٹی ہال اور دیگر کام 4.49کرو ڑروپے کی لاگت سے ہاتھ میں لئے جارہے ہیں جس کے لئے این ایچ پی سی اور ضلع انتظامیہ کی طرف سے پہلے ہی این او سی جاری کئے گئے ہیں۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ جموں مائیگرنٹوں کے لئے 91.56کروڑ روپے کا باز آباد کاری پیکیج پہلے ہی مرکزی سرکار کو منظوری کے لئے بھیج دیا گیا۔سیکرٹری موصوف نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ مائیگرنٹ کنبوں کے لئے سہولیات میں بہتری اور بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے سے متعلق جامع رپورٹ تیار کریں۔
حکومت صنعتی روزگار پیدا کرنے کیلئے مراعات فراہم کرے گی:نوین
جموں//اقتصادی ترقی یقینی بنانے کی غرض سے ریاستی حکومت نے فیصلہ کیا کہ وہ ریاست سے تعلق رکھنے والے صنعتی یونٹوں میں روزگار پیدا کرنے کے لئے مراعات فراہم کرے گی اور سروس سیکٹر کے لئے مراعات فراہم کرنے کے عمل میںمعقولیت لائی جائے گی تاکہ ریاست میں تجارت و کاروبار میں فروغ دیا جاسکے۔مجوزہ اقدامات میں ریاستی حکومت کی طرف سے صنعتی یونٹوں کو اور زیادہ مراعات فراہم کرنے کے علاوہ موجودہ مراعات میںبنیادی 55فیصد نشانے میں بڑی حد تک اضافہ دینے پر بھی غور کیا جارہا ہے تاکہ مقامی ورکروں کو ان تجاویز کی بدولت فائدہ دیا جاسکے ۔یہ فیصلہ صنعتی یونٹوں میں کام کرنے والے مقامی ورکروں کے روزگار میں وسعت دینے اور معقولیت لانے کے لئے لیا گیا ہے۔موجودہ مراعات پالیسی کے تحت صنعتی یونٹ مقامی لوگوں کا 90فیصد ورک فورس کام پر لگا سکتا ہے جن کا بنیاد ی ہدف 55فیصد مقرر کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ صنعت و حرفت محکمہ صنعتی یونٹوں میں کام کرنے والے ورکروں کی سکل ٹریننگ کے لئے اخراجات برداشت کرے گا۔دریں اثنا حکومت کے پاس سروسز سیکٹر کے مراعات میں معقولیت لانے کی تجویز ہے ۔اِن اقدامات کے تحت مختلف ہنروں جنہیں بہت کم سہولیات دستیاب ہےں لیکن ریاست کے اقتصادی ترقی کے لئے کافی طاقت موجود ہے کو حکومت بھرپور امداد فراہم کرے گی۔صنعت و حرفت کے پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری کی صدار ت میں ایک جائزہ میٹنگ منعقد کی گئی جس میں اس طرح کی کئی تجاویز پر سیر حاصل بحث ہوئی اور کئی تجاویز کو حتمی شکل بھی دی گئی۔میٹنگ میں محکمہ صنعت و حرفت جموں کے سربراہان، سیڈکو ، سیکاپ ، ہینڈلوم اور ہینڈی کرافٹ ڈیولپمنٹ محکمہ کے سربراہان کے علاوہ کارپوریشنوں ، پبلک سیکٹر کمپنیوں کے افسران بھی موجود تھے۔میٹنگ کے دوران پرنسپل سیکرٹری نے صنعت و حرفت اور ہینڈی کرافٹ اور ہینڈ لوم اور ہینڈی کرافٹ کارپوریشن کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔جموں صوبے میں موجودہ اور نئی صنعتی بستیوں سے متعلق رِپورٹ طلب کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے سرمایہ کاروں کو بہتر بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے کی ہدایت دی۔اس وقت ریاست میں 13000 صنعتی یونٹ رجسرڈ ہے جن میں سے 10,000باقاعدہ طور پر اپنا کام کاج کر رہے ہیں جبکہ باقی ماندہ بند پڑے ہیں۔نئے صنعتی یونٹوں کے لئے اراضی کی ضرورت پوری کرنے کے لئے پرنسپل سیکرٹری نے قانونی طور پر دستیاب پلاٹوں کو ہاتھ میں لینے کی ہدایت دی اور دیگر پلاٹوں جنہیں کورٹ سٹے لگایا گیا ہے کو بہت جلد چھڑایا جائے۔اُنہوں نے کہا کہ میں اس سلسلے میں ایڈوکیٹ جنرل کے ساتھ یہ معاملہ اُٹھاﺅں گا تاکہ تمام کیسوں پر لگائے گئے سٹے کو ہٹانے کے امکانات تلاش کئے جاسکیں۔نئی صنعتی بستیوں سے متعلق پرنسپل سیکرٹری نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اندرونی سڑکوں کو ترقی دیتے ہوئے بجلی ، پانی و دیگر سہولیات بہم کرنے کے بعد الاٹمنٹ کا عمل شروع کریں۔ہینڈی کرافٹ ، ہینڈ لوم سیکٹر محکموں کا جائزہ لینے کے دوران پرنسپل سیکرٹری نے متعلقین کو ریاست بھر میں مشترکہ ایکسپوز منعقد کرنے کی ہدایت دی تاکہ زیادہ سے زیادہ گاہک راغب کئے جاسکیں۔تیار کئے جارہے مصنوعات کی مارکیٹنگ میں تیزی لانے کے لئے نوین کمارچودھری نے متعلقین کو ہدایت دی کہ مذہبی تہواروں کے دوران جموں اور سری نگر ہاٹ میں سیل ایکسپو قائم کرنے کی تجاویز پیش کریں۔اس سے قبل ان محکموں کی کارکردگی سے متعلق سربراہان نے تفصیلی پاور پوائنٹ پرزنٹیشن پیش کی۔
لائیو سٹاک کسان کے سی سی سکیم سے مستفید ہوں گے:سامون
جموں//لائیو سٹاک اور ماہی پروری سیکٹروں سے تعلق رکھنے والے کسان کسان کریڈٹ کارڈ کے فوائد سے مستفید ہوں گے جس کا سا ل 2018-19ءکے لئے حکومت ہند کے بجٹ میں اعلان کیا گیا۔پشو و بھیڑپالن اور ماہی پروری محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے ان باتوں کا اِظہار ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں کیاجس میں محکمہ پشو و بھیڑ پالن اور ماہی پروری محکمہ ، نبارڈ اوربینکوں سے تعلق رکھنے والے افسران نے شرکت کی اور اس سکیم کو چالو کرنے سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ میں اینمل ہسبنڈری جموں کے ڈائریکٹر ڈاکٹر وِکٹر کول ، ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری کشمیر ڈاکٹر ایم وائی چاپرو ، ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری جموں ڈاکٹر سنجیو کمار ، ڈائریکٹر فشریز آر این پنڈتا ، ایم ڈی وول بورڈ ہرنام سنگھ رانا اور دیگر افسران موجود تھے۔ڈاکٹر سامون نے کہا کہ اس سکیم کی بدولت ماہی پروری اور پشو پانے والے کسان بڑی حد تک مستفید ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت لائیو سٹاک سے تعلق رکھنے والے کسانوں کی پیداوار اور معیاربڑھانے کے لئے کئی اور اقدامات اُٹھانے پر غور کر رہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ کریڈٹ سہولیت کی دستیابی سے کسان کا حوصلہ بڑھانے اور اس سیکٹر میں سرمایہ لگانے کی ہمت بڑھائی جاسکے گی۔اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ مختلف بینکوں سے رابطہ کر کے اس سکیم کے تحت مستحقین کو فوائد پہنچانے کے اقدامات کریں۔اُنہوں نے تمام اضلاع میں ایک ہفتے کے اندر کے سی سی فوائد کی پہلی فہرست فراہم کرنے کی ہدایت دی۔اس سکیم کی بدولت ماہی پروری ، مرغ پالن ،ڈیری ودیگر سیکٹروں سے تعلق رکھنے والے کسان اپنے اقتصادی حالت بہتر بنانے کے لئے اس سکیم سے مستفید ہوسکتے ہیں۔سکیم کے تحت قرضہ حاصل کرنے کے لئے اکاﺅنٹ / سمارٹ کارڈ کا رکھ رکھاﺅ بنانا ہوگا ۔
زمینی وسائل کے مرکزی سپیشل سیکریٹری نے ڈی آئی ایل آر ایم پی کا جائزہ لیا
جموں//وزارت دیہی ترقیات کے لینڈ ریورسز محکمہ کی سپیشل سیکرٹری وینا اِش نے ڈیجیٹل انڈیا لینڈ ریکارڈز مارڈنائزیشن پروگرام کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔انہوں نے جموں میں شمالی زون کی ریاستوں کی یک روزہ ریجنل کانفرنس کی صدارت کی۔ یہ پروگرام متعلقہ مرکزی وزارت نے منعقد کیا جس میں ریاست کی نمائندگی فائنانشل کمشنر مال ڈاکٹر پون کوتوال ، صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما، ریاستی ہائی کورٹ کے رجسٹرار آر کے واتل اور دیگر افسروں نے کی۔مرکزی سیکرٹری نے مذکورہ پروگرام کی ریاست میں عمل آوری کی سراہنا کرتے ہوئے دیگر ریاستوں کو بھی اس عمل میں سرعت لاکر اسے جون2019 تک مکمل کرنے کی ہدایت دی۔فائنانشل کمشنر ریونیو نے اس موقعہ پر ریاست میں اس پروگرام کی عمل آوری کا خلاصہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹائزیشن کے بعد تازہ سروے کرایاجائے گا۔دریں اثنا پی ایم کے ایس وائی کی واٹر شیڈ ڈیولپمنٹ کی میٹنگ بھی منعقد ہوئی جس میں تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی۔