نروانہ اکیڈمی نے عالمی یوم ڈانس منایا
جموں //عالمی یوم ڈانس کے سلسلہ میں نروانہ اکیڈمی کی جانب سے یہاں ڈانس فٹ مسائلی زون کے اشتراک سے بچوں کے لئے ایک ڈانس پروگرام کا اہتمام کیا گیا، جس میں 50سے زائد بچوں نے شرکت کی۔عالمی یوم ڈانس ہر سال 29۔اپریل کو دنیا بھر میںمنایا جاتا ہے۔نروانہ اکیڈمی کے بانی ہتیش بڈھیال نے اس موقعہ پر شرکاء کو اس دن کی اہمیت کے بارے میں جانکاری دی۔اس سال اس دن کا عنوان ’’ڈانس اور روحانیت ‘‘ تھا۔بڑھیال نے اس موقعہ پر الکیس ریفٹس کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔اس موقعہ پر والدین ، نامور شہری اور نروانہ اکیڈمی کے ممبران بھی موجود تھے ۔پروگرام کے بعد شرکا ء میں اسناد تقسیم کئے گئے۔
اقلیتی سیل کے ممبروں کی جانب سے بائیکاٹ غیر قانونی
بقایا کا مائیگرنٹ ووٹروںکیلئے M-Formعمل آسان بنانے کا مطالبہ
جموں //قانون ساز کونسل کے سابقہ ممبر اور جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس اقلیتی سیل کے سرپرست وجے بقایا نے ایک عہدہ دار کی جانب سے M-Form کے عمل کو آسان نہ بنانے کی صورت میں انتخاب کا بائیکاٹ کرنے کی بات کو غیر قانونی قرا ردیاہے۔ایک بیان میں انہوں نے وضاحت کی ہے کہ تمام کشمیری پنڈت انجمنیں بشمول نیشنل کانفرنس اقلیتی سیل لگاتار الیکشن کمیشن سے کے پی مائیگرنٹوں کے لئے M-Form کے مشکل ترین عمل کو دور کرنے پر اسرار کر رہے ہیں کیونکہ M-Form ووٹ ڈالنے میں روکاوٹ بن گئے ہیں۔بقایا نے کہا کہ تمام کشمیری پنڈت جہاں کہیں بھی رہتے ہیں ،ملک کے دیگر شہریوں کی طرح جمہوری حق کا استعمال کرنے کے لئے بے تاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طبقہ کے ممبران الیکشن کمیشن سے خفا ہیں۔وہ چاہتے ہیں کہ M-Form کو آسان بنایا جائے ،تاکہ وہ بھی اپنے جمہوری حق کا استعمال کرسکیں ۔انہوں نے کہا کہ این سی اقلیتی سیل M-Form کی پریشانی کو ختم کرنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی ۔
سلاتھیہ کا آتشزدہ فصل کے کھیتوں کا معائینہ ،عبوری راحت کا مطالبہ
جموں //سابقہ وزیر و نیشنل کانفرنس کے ریاستی سیکرٹری سرجیت سنگھ سلاتھیہ نے منگل کے روز وجے پور حلقہ کے رام گڑھ علاقہ کے نانگا دیہات کا دورہ کرکے وہاں آتشزنی سے فصلوں کو ہوئے نقصان کا جائزہ لیا،جہاں پر 216 کنال اراضی پر پھیلے فصلوں کو آتشزنی سے نقصان ہوا ہے۔سلاتھیہ نے متاثرہ کسانوں سے تنبادلہ خیال کرکے کہا کہ کسانوں کی سخت محنت ضائع ہوئی ہے ۔انہوں نے کسانوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرکے انہیں یقین دلایا کہ وہ یہ معاملہ متعلقہ حکام کے ساتھ اُٹھائیں گے ، تاکہ متاثرہ کسانوں کو عبوری راحت فراہم ہو۔اس موقعہ پر سلاتھیہ کو کسانوں نے نقصان کی صورتحال سے واقف کیا اور کہا کہ انکے پاس یہی فقط ایک گُذارہ تھا۔سابقہ وزیر نے انتظامیہ سے نقصان کاجائزہ لینے اور نقصان کا معاوضہ ادا کرنے پر زور دیا ۔انہوں نے انتظامیہ سے معاوضہ کی رقم منظور ہونے تک متاثرہ
کسانوں میں تین مہینے کا مفت راشن مہیا کرنے کا مطالبہ کیا۔
جموں کے نوجوان نے JEE
مقابلہ جاتی امتحان میں نام روشن کیا
جموں//ہماری ریاست کے بچے بھی تعلیمی میدان میں ملک کی باقی ریاستوں کے بچوں سے پیچھے نہیں ابھی حال ہی میں ملکی سطح پرJEE کے مقابلہ جاتی امتحان میں جموں سے شاہذیب خان پسر محمد سلیم خان نے 95.6 فیصد نمبرات حاصل کرکے نام روشن کیاہے جس کے لئے یہ ہونہار مبارکباد کا مستحق ہے۔
ڈوگرہ لاء کالج میں لیگل ایڈ کلینک کا افتتاح
جموں //ضلع لیگل سروسز اتھارٹی سانبہ کی جانب سے یہاں منگل کے روز ڈوگرہ لاء کالج میں لیگل ایڈ کلینک کا افتتاح کیا گیا ۔افتتاحی تقریب کی صدارت سابق وزیر و ڈوگرہ ایجوکیشنل ٹرسٹ کے چیئرمین گلچین سنگھ چاڑک نے کی۔جے اینڈ کے لیگل سروسز اتھارٹی کے ممبر سیکرٹری محمد اکرم چودھری اور چیئر میں ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی سانبہ ایم کے شرما اور سیکرٹری لیگل سروسز اتھارٹی سانبہ سواتی گپتا بی اس موقعہ پر موجود تھے۔ ڈوگرہ ایجوکیشنل ٹرسٹ کے سیکرٹری کنور سمر دیو سنگھ چاڑک اور ڈوگرہ ایجوکیشنل ٹرسٹ کے ایڈمنسٹریٹر و ڈائریکٹر ڈکٹر کے این پادھا بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔لیگل ایڈ کلینک سماج کے کمزور طبقوں و ضرورتمندوں کی خدمت کے لئے مفت قانونی صلاح فراہم کرے گی۔اپنے خطاب میں گلچین سنگھ چاڑک نے لیگل ایڈ کی اہمیت کے متعلق خطاب کیا اور ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کا کیمپس میں لیگل ایڈ کلینک کھولنے پر شکریہ اداکیا۔