تحصیل بھلوال کے کنڈی دیہات میں پینے کے پانی کا بحران
محکمہ پی ایچ ای پرغفلت شعاری برتنے کاالزام ،کانگریس لیڈرکااظہارتشویش
جموں // ریاست جموں و کشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں کی تحصیل بھلوال کے متعدد علاقوں میں خاص طور پر کنڈی ایریا میں پانی کی سخت قلت پر کانگریس رہنما چوہدری محمد یاسمین نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ آج اخبار نویسوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے موصوف نے کہا کہ اسمبلی حلقہ نگروٹہ کی تحصیل بھلوال کے متعدد علاقہ جات میں لوگ پانی کی بوند بوند کے لیے ترس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند روز بعد رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہونے والا ہے لیکن انتظامیہ کی طرف سے پانی، بجلی جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلیے ہنوذ کوئی مثبت ردعمل ظاہر نہیں ہو رہا ہے۔ انہوں نے لازوال کے نمائندہ ذاکر حسین کے ساتھ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہیکہ پنچایت گھینک کی وارڈ نمبر, 4 کلے اور نارگڑہ میں گزشتہ 20روز سے متواتر پانی کی کوئی سپلائی نہیں دی گئی ہے یہ اطلاعات موصوف کو علاقہ کے پنچ چوہدری محمد اقبال پسوال نے فون کرکے فراہم کی اور کہا کہ علاقہ کی عوام کو پانی کی قلت سے دشواری کا سامنا کرنا پڑہ رہا ہے۔ اسکے ساتھ ساتھ پنچایت جنڈیال اوپر، فراٹی، چھوا، نرگاڑہ، لواکھی، سروٹ، دھنوں، بگانی اور گورڈہ میں پانی کی سخت قلت ہے۔ محکمہ پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ کو ہوش کے ناخن لینے چاہیے۔متعلقہ محکمہ کو علاقہ میں ٹریکٹر اور واٹر ٹینکر کے ذریعے پانی کی سپلائی کو یقینی بنانا چاہیے۔ واضح رہے کہ چوہدری محمد یاسمین نے اکھنور ڈویڑن کے محکمہ پی ایچ ای کے آفیسر ایگزیکٹیو انجینئر ست پال شرما کو فون کر کے متذکرہ بالا شکایات درج کرانے کی کوشش کی مگر انہوں نے فون پر بات کرنا گوارا نہیں سمجھا۔ چوہدری محمد یاسمین نے علاقہ کے عوام کو درپیش مسائل پانی جیسی ضروری سہولیات کو لیکر ریاست کے گورنر کے صلح کار خورشید احمد گنائی کے ساتھ فون پر بات کرکے متذکرہ بالا علاقہ کے عوام کی درپیش پانی کی مشکلات پر شکائت درج کرائی۔ گورنر کے صلح کار خورشید احمد گنائی نے موصوف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ رمضان المبارک سے قبل ہی پانی کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے گا اور متعلقہ محکمہ کے آفیسر ان کو فوری طور پر پانی کی سپلائی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
ریٹائرڈ آفیسرز فورم نے پانی فیس میں کمی کرنے کا مطالبہ کیا
جموں //ریٹائرڈ آفیسرس فورم (ROF) کا ایک اجلاس زیر قیادت آئی ڈی سونی منعقد کیا گیا ،جس میں فورم کے متعدد مدعوں پر مباحثہ کیا گیا۔فورم کے جنرل سیکرٹری ایس سی ریکھی نے فورم کی جانب سے پہلے ہی اُٹھائے گئے مدعوں پر ہوئی پیش رفت کی جانکاری دی ۔ فورم کے بیشتر ممبروں نے پانی کے فیس میں تخفیف کرنے ، اے جی آفس میں پنشنروں کے فارمیٹ۔IIپر کاروائی جلدی کرنے اور ساتویں تنخواہ کمیشن کے بقایا جات یکمشت ادا کرنے پر سرکار سے رابطہ کرنے پر زور دیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ سرکارنے پانی کے فیس میں اضافہ کرکے اسے 30روپے سے2100روپے سالانہ کیا ہے ،جس میں تخفیف کرنے کی ضرورت ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ بیشتر صارفین نے محکمہ کے اہلکاروں کے ساتھ ساز و باز کرکے تین ،چار پانی کنکشن حاصل کئے ہیں ،بج کہ فیس ایک ہی کنکشن کا ادا کر رہے ہیں اور 70سے 80 فیصد پانی اور فلو و کی وجہ سے ضائع ہوتا ہے ،جس پر محکمہ کا دھیان ہی نہیں جاتا ہے۔وہیں محکمہ اپنی نااہلیت چھپانے کیلئے پانی کے فیس میں لگاتار اضافہ کرنے کی سفارش کرتی ہے۔اجلاس میں سرکار سے اے جی دفتر سے نظر ثانی شدہ پی پی او فوری طور جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔مزید یہ بھی بتایا گیا کہ جن پنشنروں نے گذشتہ سال مئی ۔جون مہینے میں فارم دائر کئے تھے ،ابھی تک انکے نظر ثانی شدہ پی پی او نہیں آئے ہیں جبکہ حال ہی میں دائر کئے گئے فارموں پر فوری کارروائی کی گئی ہے، جس پر نظر ثانی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔اجلاس میں سرکار سے بلالحاظ عمر تمام پنشنروں کے بقایا جات یکمشت ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
این سی کا آر ایس پورہ واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرنے کا مطالبہ
جموں //نیشنل کانفرنس نے جمعرات کو آر ایس پورہ میں ایک خاتون سرپنچ اور پارٹی لیڈر ڈاکٹر گگن بھگت کے درمیان ایک بجلی ٹرانسفارمر کو نصب کرنے پر ہوئے جھگڑے فوری طور سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور واقعہ کو بدقسمتی سے تعبیر کیا۔ایک بیان میں نیشنل کانفرنس نے اس واقعہ کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی عوامی زندگی میں دیانتداری پر اعتبار کرتی ہے اور توقع کا ظہار کیا ہے کہ اس مدعے پر سیاست نہیں کی جائے ۔پارٹی کے صوبائی ترجمان نے اس واقعہ سے سیاسی فائدہ لینے کی کاوشوں پر افسوس کا اظہار کیا۔ترجمان نے مزید کہا ہے چنانچہ پولیس نے معاملہ درج کیا ہے ،اب ہمیں تحقیقات کے نتیجہ کا انتظار کرنا چاہیے اور کہا ہے کہ قانون اپنا کام کرے گا۔
۔KVK سانبہ نے برسیم پر فیلڈ ڈے منایا
جموں //کرشی وگیان کیندر (KVK), ،سانبہ نے شیر کشمیر یونیورسٹی آف اگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ،جموں کے زیر اہتمام ضلع سانبہ کے بلاک راجپورہ کے موضع راجپورہ میں برسیم کی فصل پر فیلڈ ڈے کا اہتمام کیا ۔پروگرام میں 45 سے زائد ترقی پسند کسانوں اور استفادہ حاصل کرنے والوں نے سرگرمی سے شرکت کی۔کے وی کے سانبہ نے مذکورہ دیہات میں برسیم فصل پر ایک ڈیمانسٹریشن دیا تھااور علاقہ کے کسان اس سے مطمئن تھے اور اگلے سال کے لئے بھی یہی بیج فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔کے وی کے سانبہ کے سیئنر سائنٹسٹ ڈاکٹر ونود گپتا نے پروگرام کی پہل کی تھی۔ وہ کسانوں کی جانب سے اچھی برسیم فصل کی پیداوار پر بہت ہی خوش تھے۔انہوں نے موضع میں برسیم فصل پر فیلڈ ڈے منعقد کرنے کی اہمیت بیان کی۔ڈاکٹر سنجے گپتا نے کسانوں پر برسیم کی فصل بڑے پیمانے پر کاشت کرنے پر زور دیا ،تاکہ کسانوں کو کافی منافع حاصل ہوکیونکہ اسکا پیداوار فی ایکڑ 380 کوئنٹل سبز چارہ ہے۔ڈاکٹر اے کے سنھا نے بہترین زرعی آلہ جات جیسے کہrotavator, disc plough, M.B.Plough کا استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔سائنسدانوں کی ٹیم نے برسیم فصل میں استعمال تکنیکی آپریشن کے متعلق مفصل جانکاری فراہم کی۔انہوں نے کسانوں کو برسیم کی فصل پیدا کرنے کی ترغیب دی، تاکہ انہیں زیادہ سے زیادہ منافع حاصل ہو،کیونکہ اسکی مارکیٹ میں کافی مانگ ہے۔اس موقعہ پر کسانون نے ماہرین سے متعدد سوالات پوچھے جن کا جواب سن کر وہ کافی مطمئن دکھائی دئے۔پروگرام کے اختتام پر حلقہ پنچایت کے سرپنچ رادھے شام نے کے وی کے سانبہ کے سائنسدانوں کی جانب سے برسیم فصل کو فروغ دینے کیلئے کائوشوں کی ستائش کی۔
برلا اوپن مائنڈز انٹرنیشنل سکول نےCBSE امتحان میں شاندار کارکردگی کامظاہرہ کیا
جموں //برلا اوپن مائنڈز انٹرنیشنل سکول جموں جسے جے پی ورلڈ سکول کے نام سے جانا جاتا تھا ، نے سی بی ایس ای کے بارہویں جماعت کے امتحان میں شاندار کارکردگی کامظاہرہ کیاہے۔ ایک بیان کے مطابق سکول نے لگاتار تیسرے سال 100% نتائج دکھائے ہیں۔سکول کے اگرم بابر نے نام ۔میڈیکل شعبہ میں 92. 8 فی صد نمبرات لیکر سکول میں پہلی پوزیشن حاصل کی،اس نے انگلش میں 97 فزیکس میں 95 ریاضی میں 91 اور کیمسٹری میں 88 او رفزیکل ایجوکیشن میں93 نمبرات حاصل کئے ہیں،کرن گپتا نے 92.4 % نمبرات حاصل کئے۔اس نے فزیکس ،ریاضی، فزیکل اجوکیشن میں فی کس 95 نمبرات حاصل کئے جبکہ انگلش میں 90 اور کیمسٹری میں 87 نمبرات حاصل کئے۔ مہک مغل نے 92.2 % نمبرات حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سکول کی چیئر پرسن ڈاکٹر پننا منہاس چودھری نے والدین ، عملہ اور سکول پرنسپل جتندر سنگھ ہنڈل اور تمام طلاب کو مبارک باد پیش کی ہے۔
اودہمپور میں ماہ رمضان کیلئے انتظامات کا جائزہ
اودہمپور//ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹرپیوش سنگلہ نے جمعرات کے روز متعدد محکوں اور اوقاف کمیٹی کے ممبران کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں متبرک ماہ رمضان کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈی سی نے محکمہ صحت عامہ کو ماہ رمضان کے دوران مساجد میں پانی کی معقول سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت دی،ایگزیکٹو انجینئر پی ڈی ڈی کو بغیر کسی خلل کے بجلی مہیا کرنے کی ہدایت دی ،خصوصاً صُبح اور شام کے وقت۔سلامتی کے انتظامات کے سلسلہ میںپولیس کو سیکورٹی کے معقول انتظامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔سی ای او، ایم سی کو مساجد کے گرد و نواح میں صفائی و ستھرائی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ۔محکمہ امور رسدات کو اس مہینہ کے دوران راشن کی وافر مقدار مہیا رکھنے کی ہدایت دی گئی۔ماہ رمضان کے دوران قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کے لئے اے ڈی محکمہ رسدات، سی ای او ایم سی ،چیف انیمل ہسبنڈری افسر، فوڈ سیفٹی افسر اور تحصیلدار پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ۔اوقاف کمیٹی کے ممبران نے ماہ رمضان کے دران لوگوں کو در پیش مسائل کی جانکاری دی۔ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹرپیوش سنگلہ نے مطالبات پر بغور سنا اور متعلقہ افسروں کواس سلسلہ میںمعقول انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔ اجلاس میںایڈیشنل ڈپٹی کمشنرگور ویندر جیت سنگھ ا،سسٹنٹ کمشنر ریونیو وقار گیری، ایس ڈی ایم کے علاوہ اوقاف کے ایڈ منسٹریٹر انجینئر سجاد بشیرسمبریا وتحصیلداران بھی موجود تھے۔
آل جے کے ہوٹلز ایسو سی اشین کا وفد چیف انجینئر بجلی سے ملاقی
جموں // آل جموں و کشمیر ہوٹلز اینڈ لاجز ایسو سی ایشن کا ایک وفد زیر قیادت چیئر مین اندر جیت کھجوریہ نے جمعرات کے روز یہاں چیف انجینئر بجلی کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں شری امر ناتھ جی یاترا کے دوران بغیر خلل بجلی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ وفد میں ایسو سی ایشن کے صدر پون گپتا، پریتم شرما ، ایچ ایس منہاس، ونود جنڈیال، سریش گپتا،بلدیو اور سورن سنگھ بھی تھے۔وفد نے گورنمنٹ حکم نمبر 267 FD of 2018 بتاریخ 30-05-2018 کو لاگو کرنے کا مطالبہ کیا،جسکے تحت سرکار نے ہوٹلز اینڈ لاجز کو بطور ایک صنعتی یونٹ قرار دیا ،جن کو اپریل2018 سے تمام مراعات دینے کو کہا گیا ہے جو دیگر صنعتی یونٹوں کو فراہم کی جارہی ہیں۔وفد نے اسی حخم کے تحت اپریل کی بجلی بلوں پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا۔چیف انجینئر نے وفد کو بغور سنا ارو یقین دلایا کہ اپریل سے اگے انہیں نظر ثانی شدہ بجلی بلیں بھیجی جائیں گی ،جس پر کوئی جرمانہ نہیں ہوگا۔چیف انجینئر نے یقین دہانی کی کہ امر انتھ یاترا کے دوران بجلی کی بہتر سپلائی فراہم کی جائے گی ،تاکہ یاتریوں کو کوئی دشواری نہ ہو۔ایسو سی ایشن کے صدر پون گپتا نے چیف انجینئر کا وفد کو بغور سننے پر شکریہ ادا کیا۔
اسسٹنٹ ویٹرنری افسر کے اعزا ز میں الوداعیہ
جموں //جمعرات کے روز یہاں اکھنور کے گرینڈ کیسری ریزارٹ میں محکمہ انیمل ہسبنڈری کے اسسٹنٹ ویٹرنری افسر گورداس سگوترہ کے سبگدوش ہونے پر ایک شاندار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔محکمہ انیمل ہسبنڈری نے انکی تن دہی اور نیک نیتی خدمات کی ستائش کی اور نہیں ریٹائرمنٹ کے بعد خوشحال زندگی کی تمنا کی۔اپنے خطاب میں انہوں نے تمام سٹاف ممبران ، حمایتیوں اور دوست کا شکریہ ادا کیا جنھوںنے انکے اعزاز میں شاندار الوداعیہ کا اہتمام کیا تھا۔الوداعی تقریب میں میورز درشن لعل سگوترہ، ایم ایل کیتھ، ڈاکٹر رمن گپتا، ڈاکٹر سندیپ بھگت، کیول کرشن ،آر ایل کیتھ، رگھو بیر لعل لکھوترہ، بابو لعل لکھوترہ ،رام لعل لکھوترہ ،بل جیت کیتھ اور روہت سرگوترہ نے بھی شرکت کی۔