جموں کشمیر اور لداخ
۔8فروری سے عدالتوں میں کام کاج کا آغاز ہوگا
سرینگر// کورونا وائرس کی وجہ سے لگ بھگ ایک سال تک بند رہنے کے بعد جموں کشمیر اور لداخ کی سبھی عدالتوں میں معمول کا کام کاج8فروری سے شروع ہورہا ہے۔ گذ شتہ ایک سال سے کیسوں کی سماعت آ ن لائن عدالتوں کے ذریعے ہورہی تھی۔ جموں کشمیر ہائی کورٹ کے ایک حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے مرکز کے زیر انتظام جموں کشمیر اور لداخ خطوں میں قائم ہائی کورٹ، ضلع عدالتوں اور ماتحت عدالتوں کے اندر روبرو سماعت 8فروری سے شروع ہورہا ہے۔حکم نامے کے مطابق روبرو سماعت کے دوران کورونا سے متعلق نئی گائڈ لائنز پر عمل در آمد ہوگا ۔ رہنما خطوط میں یہ بھی شامل ہے کہ ہر دن صرف انہی وکلا کو عدالتی احاطوں میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی جن کے کیسوں کی سماعت اس دن طے ہوگی۔کیسوں کی سماعت کے دوران وکلاء کو سماجی فاصلے برقرار رکھنے کی بھی ہدات دی گئی ہے،جبکہ عدالتی کمروں کے اندر تاہم عام لوگوں کا داخلہ ممنوع رہے گا۔عدالتی کمروں کے اندر کلرکوں اور وکلاء کے ایجنٹوں کے داخلے پر بھی پابندی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ مزید کہا گیا ہے کہ سماعت کے دوران وکلا سماجی دوری کو یقینی بنائے اور سماعت مکمل ہونے کے بعد فوراً عدالت سے باہر نکل جائے گے۔ عدالت نے کہا ہے کہ اگر کوئی درخواست گزار ورچوئل سماعت کا مطالبہ کرتا ہے تو اس کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جا سکتے ہیں۔
کوڈ 19:کپوارہ میں9 ماہ بعد کوئی مثبت معاملہ نہیں
اشرف چراغ
کپوارہ // شمالی ضلع کپوارہ میں کورونا معاملات میں اگرچہ گزشتہ ماہ سے کمی آئی ہے تاہم 9 ماہ بعد کپوارہ میں کوئی مثبت کیس سامنے نہیں آیاہے۔ضلع میں اب تک5663 مثبت کیس سامنے آئے اور ان میں اب تک 5544 متاثرین شفا یاب ہوگئے جبکہ محض 23 کیس موجود ہیں جن میں کچھ لوگ اسپتالوں میں ابھی بھی داخل ہیں۔ضلع میں گزشتہ 9 ماہ کے دوران کورونا وائرس سے 96 لوگ موت کی آغوش میں چلے گئے ہیں۔
چرار شریف اور پلوامہ کے دیہات میں محاصرے
فورسز اور جنگجوئوں کاکوئی آمنا سامنانہیں ہوا
بڈگام//ارشاد احمد//تلہ سرہ چرار شریف بڈگام میںفورسز نے خانہ تلاشیاں لیں اور لوگوں کے شناختی کارڈ چیک کئے۔ تلہ سرہ میں عسکرپسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر 53آرآر ،سپیشل ٹاسک فورسز،پولیس نے علاقہ کا محاصرہ کیا اور شدت کی سردی میں لوگوں سے پوچھ تاچھ کی اور رہائشی مکانوں کی تلاشیاں لی گئیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق تلہ سرہ میں عسکریت پسندوں کے چھپے ہونے کے شبہ میں گزشتہ شام داخلی اور بیرونی رابطہ سڑکوں کو بند کرتے ہوئے محاصرے میں لیاتاہم کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا جس کے بعد تین گھنٹے طویل تلاشی کاروائی کے بعد علاقے کا محاصرہ ختم کیا گیا۔ادھر 55 راشٹریہ رائفلز اور ایس او جی پلوامہ نے کسی ٹینگہ پونہ اور تلن گام دیہات کو عسکریت پسندوں کی موجودگی کی خبر ملنے پر محاصرے میں لے لیا۔مقامی لوگوں کے مطابق فوج کی نصف درجن گاڈیاں دن کے گیارہ بجے صوفی گنڈ ترال میں داخل ہوگئی اورپورے علاقے کو محاصرے میں لیکر تمام راستوں کو مکمل طور پر تار بندی کرکے فورسز نے گھر گھر تلاشی کاروائی شروع کی جس دوران فوج نے مکینوں کو عسکریت پسندوں کی موجودگی کے بارے میں پوچھ گچھ کرنے لگے۔مقامی لوگوں کے مطابق اگر چہ فوج اور سپیشل ٹاسک فورسز نے مکانوں کی باریک بینی سے تلاشی لی تاہم یہاں پر بھی عسکریت پسندوں کا کوئی سراغ نہ ملنے کے بعد محاصرہ ہٹالیاگیا۔
بارہمولہ میں شہری کی حراستی ہلاکت کا معاملہ
تحقیقات مکمل، رپورٹ ڈی سی کو پیش ہوگی
سرینگر //بارہمولہ انتظامیہ نے شہری کی حراستی ہلاک کی تحقیقات مکمل کر لی ہے ۔ بارہمولہ ضلع میں حکام نے گزشتہ سال ستمبر میں سوپور کے ایک شخص کی مبینہ طور حراستی قتل کی تحقیقات مکمل کرلی ہے ۔23سالہ عرفان احمد ڈار کی ہلاکت کی تحقیقات کا حکم سوپور قصبے میں مظاہرے کے بعد اس وقت دیا گیا تھا جب اس شخص کی مبینہ طور پر 15 سے 16 ستمبر کی درمیانی شب پولیس کی تحویل میں موت ہوگئی تھی۔انکوائری آفیسر اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ بارہمولہ محمد احسن میر کاکہنا ہے کہ ’’انکوائری مکمل ہوگئی ہے اور رپورٹ ڈپٹی کمشنر بارہمولہ کو پیش کی جائے گی جنہوں نے تحقیقات کا حکم دیا تھا‘۔واضح رہے کہ سوپور قصبے میں عرفان ڈار کے مبینہ طور ہلاک ہونے کے بعد مظاہرے شروع ہوگئے تھے جب کہ پولیس نے بتایا کہ ڈار حراست سے فرار ہوگیا تھا اور اس کی لاش بعد میں ملی تھی ، لیکن ان کے اہل خانہ نے دعوی کیا تھا کہ یہ قتل پولیس کی تحویل میںہوا ہے ۔
ضلع ترقیاتی کونسل لارنو نشست،ووٹوں کی دوبارہ گنتی آج
عارف بلوچ
اننت ناگ//اننت ناگ میں ضلع ترقیاتی کونسل لارنو کانسچونسی کے لئے ووٹوں کی سر نو گنتی آج ہورہی ہے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ انشل گرگ،جوضلع پنچایت الیکشن آفیسر بھی ہے،نے ایک آرڈرزیرنمبر DEO/ANG/DDC/re-counting/2021/937-9449 جاری کرتے ہوئے لارنو کانسچونسی ڈی ڈی سی سیٹ کے لئے ڈالے گئے ووٹوں کی سر نو گنتی کا حکم جاری کیا ہے ۔ ووٹنگ کی گنتی آج 5فروری کو ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ کی نگرانی میں صبح 11بجے ڈاک بنگلہ میں شروع ہوگی۔ لارنو سیٹ پر ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات 28نومبر2020کو عمل میں لائے گئے تھے ۔ اس سیٹ پر گپکار الائنس کی امیدوار خالدہ بی بی نے اپنے حریف آزاد اُمیدوار ساجدہ بیگم کو 7ووٹوں سے شکست دی تھی تاہم نتائج سامنے آتے ہی حریف اُمیدوار کے حامیوں نے ووٹوں کی گنتی پر مامور عملہ پر جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے اننت ناگ ، کوکرناگ اور جموں میں احتجاج کیا تھا اور مانگ کی کہ اس سیٹ پر سر نو گنتی عمل میں لائی جائے ۔واضح رہے لارنو کانسچونسی خواتین نشست کے لئے مخصوص رکھی گئی ہے اور انتخابات میں حصہ لینے والے خواتین آپس میں قریبی رشتہ دار بھی ہیں ۔
ملازم تنظیموں کا رجسٹریشن عمل بحال کیاجائے
مُلازم کُش احکامات واپس لینے کا مطالبہ
سری نگر//ایمپلائز جوائنٹ کنسلٹیٹوکمیٹی چیئرمین اعجازاحمدخان نے مختلف محکموںمیں جاری کئے جارہے احکامات کوغیرضروری قرار دیتے ہوئے خبردارکیاکہ حکومت کے ایسے اقدامات سے سرکاری ملازمین ذہنی کوفت اورتشویش میں مبتلا ہورہے ہیں۔ انہوں نے ٹریڈیونین تنظیموں کی رجسٹریشن کے عمل کوبحال کرنے کی مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ملازم تنظیموں کی رجسٹریشن سے مختلف سرکاری محکموں میں ملازم انجمنوںکی بھرمارکامکمل خاتمہ ہوگا۔ ایک بیان میں اعجازاحمدخان نے ملازمین کی معیاد ملازمت سے متعلق محکمہ جل شکتی میں جاری کئے گئے حالیہ آرڈرکوہراسانی پرمبنی اقدام سے تعبیر کرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر میں سرکاری ملازمین نے ہرمشکل گھڑی میں فرض شناسی اورعوامی خدمت گزاری کاعملی ثبوت فراہم کیاہے اوراس کیلئے ملازمین ہمیشہ قابل ستائش رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حالیہ دنوں میں جب پوری وادی میں ناقابل برداشت سردی کی لہر ہفتوں تک جاری رہی اورموسمی صورتحال بھی خراب رہی توایسے مشکل حالات میں بھی محکمہ بجلی ،محکمہ جل شکتی اورمحکمہ امورصارفین کے ملازمین نے عوام کوراحت پہنچانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا۔اعجاز خان نے حکومت اورانتظامیہ کے اعلیٰ ذمہ داروں پرزوردیاہے کہ وہ ایسے فیصلوں واحکامات سے اجتناب کریںجن کی وجہ سے ملازمین کااعتماد متزلز ل ہوجائے اوروہ بلاوجہ اورغیرضروری طورپر تشویش اورذہنی تنائو کے شکار ہوں۔انہوں نے کہاکہ ملازم تنظیمیں غیر سیاسی ہوتی ہیں اوراُن کارول صرف ملازمین کے مسائل ومشکلات اورمطالبات کواُجاگر کرناہوتاہے ۔
محکمہ میٹرالوجی نے بازاروں کا معائنہ کیا
۔6لاکھ کا جرمانہ وصول
سرینگر//محکمہ لیگل میٹرالوجی نے جنوری میں بازاروںکے معائنہ کے دوران 1300 سے زائد مقامات کا معائنہ کیا جس دوران6لاکھ روپے کا جرمانہ وصول کیا گیا۔محکمہ کا کہنا ہے کہ سال کے پہلے ماہ میں1312مقامات کا معائنہ کیا گیا،جس دوران161 اُن تاجروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی،جو قوانین کی پاسداری نہیں کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان تاجروں سے6 لاکھ روپے کا جرمانہ وصول کیا گیاجبکہ 3 کھانا پکانے والے گیس ڈسٹی بیوٹروں کے خلاف اضافی قیمتوں میں گیس فروخت کرنے کی پاداش میں کارروائی عمل میں لائی گئی۔ جن تاجروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی،ان میں21بیکری دکانات،6دودھ فروش،5پیٹرول پمپ،15 پکیج فروخت کرنے والے،70کریانہ دکانات اور دیگر44تاجر شامل ہیں۔
کینسر سے بچائو کے اقدامات
آرینز کالج کے اہتمام سے ویبنار
سرینگر//آرینز کالج نے فورٹس ہسپتال موہالی کے ساتھ مل کر کینسر سے بچاؤ کے اقدامات کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے مقصد کیلئے "میں ہوں اور میں ہوں" کے عنوان سے کینسر کا عالمی دن منایا۔ فورٹس ہسپتال کے ڈاکٹر نیول بنسل نے اے این ایم ، بی فارمیسی اور ڈی فارمیسی کے طلباء سے بات چیت کی۔ آرینز گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر انشو کٹاریہ نے ویبنار کی صدارت کی۔ڈاکٹر بنسل نے طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کینسر ایک ایسی بیماری ہے جس میں غیر معمولی خلیات بغیر کسی قابو کے تقسیم ہوجاتے ہیں۔ کینسر کے خلیات خون دیگر نظام کے ذریعہ جسم کے دوسرے حصوں میں پھیل سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں 100 سے زیادہ قسم کے کینسر موجود ہیں۔بنسل نے کینسر سے بچاؤ کے اقدامات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ صحت مند طرز زندگی نہ صرف ذیابیطس اور قلبی امراض وغیرہ جیسی بیماریوں سے بچنے میں مدد فراہم کرتا ہے بلکہ کینسر سے بھی نجات دہندہ ثابت ہوتا ہے۔انہوں نے تمباکو اور دوپہر کی دھوپ سے پرہیز ، صحت مند وزن کو برقرار رکھنے اور جسمانی طور پر متحرک رہنے کیلئے باقاعدگی سے طبی نگہداشت حاصل کرنے جیسے متعدد اہم عوامل پر بھی زور دیا۔
جے کے پی سی سی صدر کا پارٹی لیڈر سے اظہار یکجہتی
سرینگر//جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی)نے پارٹی لیڈر کی بہن کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔جے کے پی سی سی صدر جی اے میر نے نائب صدر محمد انور بٹ کی بڑی بہن کے انتقال پر تعزیت کا گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
قاضی گنڈ میں مویشی چوری
دوران شب 2گائیں اور ایک بچھڑا اڑالیا گیا
سرینگر// قاضی گنڈ قصبہ میں دوران شب مویشی چوروں نے دو شہریوںکے گائو خانوں سے دو گائیں اور ایک بچھڑا اُڑالیا ۔قاضی گنڈ کے گڈر علاقے میں چوروںنے ثناء اللہ صوفی اور محمد رجب گنائی نامی شہریوں کے گائو خانے سے دو گائیں اور ایک بچھڑا چرالیا ۔ ثناء اللہ کے گائوخانے سے ایک گائے اور ایک بچھڑا جبکہ محمد رجب کے گائو خانے سے ایک گائے دوران شب چرالی گئی ۔لوگوںنے پولیس کے اعلیٰ افسران سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی ہے ۔
سنطور ایمپلائز ایسوسی ایشن عہدیداروں کا انتخاب
سرینگر// سنطور ایمپلائز ایسوسی ایشن نے محمد شفیع ڈارکو ایسوسی ایشن کا صدر منتخب کرلیا ۔اس سلسلے میںجمعرات کو ہوئے الیکشن کے دوران محمد شفیع ڈار نے 153ووٹوں میں سے 84ووٹ حاصل کئے اور اس طرح وہ لگا تار چھٹی مرتبہ ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہوئے ۔سالانہ چنائو میں پیر محمد اسماعیل ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ،محمد یعقوب شیخ نائب صدر اور حاجی شوکت احمد خزانچی منتخب ہوئے ۔منتخب ہوئے عہدیداروں کو سوموار 8فروری کو حلف دلایا جائے گا۔
الطاف بخاری کا حاجی عبدالرشید بابا کی وفات پر تعزیت
سرینگر// اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری،سینئر نائب صدر غلام حسن میر، پارٹی کے سینئرلیڈر محمد دلاور میراور نائب صدر ظفر اقبال منہاس نے سابق سینئرپولیس افسر حاجی عبدالرشید بابا کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا جوکہ مختصر علالت کے بعدجموں میں وفات پاگئے۔ مشترکہ تعزیتی پیغام میں اپنی پارٹی لیڈران نے کہا کہ ’’ حاجی عبدلرشید بابا کی وفات سے ہمیں بہت صدمہ پہنچا ہے، مرحوم شریف النفس تھا جنہیں ہمیشہ انسانیت اور ہمدرد رویہ کی وجہ سے یاد رکھاجائے گا‘‘۔سوگوار کنبہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی پارٹی لیڈران نے مرحوم کی جنت نشینی اور غمزدگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے۔
حقانی ٹرسٹ کاپیر علاؤالدین صدیقی کو خراج عقیدت
سرینگر//حقانی میموریل ٹرسٹ نے مثنوی رومی کے مفسر پیر علاؤالدین صدیقی کے چوتھے یومِ وصال پر انہیںخراج عقیدت پیش کیا۔ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی اور جنرل سکریٹری بشیر احمد ڈار نے ایک بیان میںمرحوم کی ملت اسلامیہ کے تئیںبے پناہ خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ۔موصوف نے علمی میدان میں محی الدین یونیورسٹی اورمیڈیکل کالج ہسپتال جیسے شاندار ادارے قائم کرکے فقید المثال کارنامے انجام دئے جہاں نوجوان پود اعلیٰ تعلیم کے نور سے منور ہو رہی ہے۔ انہوں نے یورپی ممالک میں اسلامی کانفرنسوں اور نور ٹی وی کی نشریات کے ذریعے عظیم تبلیغی خدمات ادا کیں۔
گاندربل میں چار قمارباز گرفتار،دائو پر لگائی رقم ضبط
ارشاد احمد
گاندربل// گاندربل پولیس نے شہامہ آلسٹینگ سے 4 قماربازوں کو گرفتار کرکے اُن سے دائو پر لگائی گئی رقم 29500 روپئے ضبط کرلئے ہیں۔ ایس ایس پی گاندربل خلیل احمد پسوال نے ایک شکایت ملنے پر ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر ڈاکٹر عبد الماجد کی صدارت میں ایک ٹیم مقرر کی جس کی قیادت ڈی او ناگبل ایس آئی محمد اکبر نے کی۔انہوں نے ایک کارروائی کے دوران شہامہ سے 4افراد کو جوا کھیلنے میں مصروف پایا اور پولیس نے انہیں رنگے ہاتھوں دھر لیا اور نقدی29500 روپے اورتاش کے پتے بھی برآمد کرلئے۔ اس سلسلے میں گاندربل تھانہ میں ایف آئی آر نمبر13/2021 کے تحت کیس درج کرلیا گیا۔