شیری ملہ پورہ سڑک کھنڈرات میں تبدیل
فیاض بخاری
بارہمولہ//ضلع بارہمولہ کے نارواو علاقہ میں شیری سے ملہ پورہ رابطہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے لوگوں اور ٹرنسپورٹروں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق شیری سے ملہ پورہ کی واحد رابطہ سڑ ک خستہ حال ہو چکی ہے جس کے نتیجے میں ہیون ، کالے بن ، کاو ہار اور فتح گڈھ سمیت ایک درجن سے زیادہ دیہات کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔انہوں نے آر اینڈبی محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ سڑک کی حالت ناگفتہ بہہ ہونے کے باوجود اس کی مرمت نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سڑک پر جگہ جگہ گہرے کھڈ بن چکے ہیں جس کی وجہ سے مسافروں اورٹرانسپورٹروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔بارشوں کے دوران یہ سڑک جھیل کا منظر پیش کرتی ہے ۔ لوگو ں کے مطابق گزشتہ روز ہوئی بارش اور برفباری سے اس سڑک پر کئی جگہ پسیاں گر آئی ہیں جس کے بعد گاڑیوں کی نقل و حرکت میں مزید خلل پڑا ۔ ایک مقامی شہری اشفاق احمد نے بتایا کہ سڑک کی حالت ا س قدر خستہ ہے کہ اب ٹرانسپورٹر بھی اپنی سروس جاری رکھنے میں جی چرارہے ہیںاور اگر ایسا ہوا تو ہزاروں افراد پر مشتمل آبادی اور طلاب کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا ۔لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ سڑک کو آمدورفت بنانے کیلئے جلد از جلد مرمت شرو ع کی جائے۔
قاضی گنڈ میں دوشیزہ نے پھانسی لگا کر زندگی کا خاتمہ کیا
عارف بلوچ
اننت ناگ//قاضی گنڈ کولگام میں دوشیزہ نے پھانسی لگا کر زندگی کا خاتمہ کیا ۔17 سالہ دوشیزہ (نام مخفی )نے گھر میں پھانسی لگائی اوراسے فوری طور پر اسپتال لے جایاگیا جہاں ڈاکٹروں نے اس سے مردہ قرار دیا۔خودکشی کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے۔پولیس نے لاش تحویل میں لے کر قانونی لوازمات پورے کئے۔
سرینگر جموں شاہراہ پر دوطرفہ ٹریفک بحال
بانہال//محمد تسکین// سرینگر جموں شاہراہ پرموسم میں بہتری کے ساتھ ہی دوطرفہ ٹریفک بحال کیا گیااورسینکڑوں مسافر اور مال بردار گاڑیوں کو دوطرفہ اپنے منزل کی طرف جانے کی اجازت دی گئی۔ٹریفک پولیس ذرائع کے مطابق اتوار شام سے قاضی گنڈ میںرُکی ٹرکوں کو بھی جموں جانے کی اجازت دی گئی ،جبکہ سوموار کو وادی کشمیر سے گاڑیوں کو جموں روانہ کیا گیا۔
جی ایس ٹی ریٹرن داخل کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع
سرینگر// مرکزی حکومت ننے مالی سال 2019-20 کے لیے سالانہ اشیاء و خدمات (جی ایس ٹی )ریٹرن داخل کرنے کی آخری تاریخ میں 31 مارچ2021 تک توسیع کر دی ہے۔مرکزی وزارت خزانہ نے اتوار کو یہاں بتایا کہ اس مدت میں پہلے 28 فروری 2021 تک توسیع کی گئی تھی ،جس میں اب مزیدتوسیع کر کے اسے31 مارچ کر دیا گیا ہے۔ اب ٹیکس دہندگان کی جانب سے جی ایس ٹی آر9 اور جی ایس ٹی آر9 سی کر دیا گیا ہے۔وزارت نے کہا ہے کہ5 ریاستوں میں ہو رہے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر الیکشن کمیشن سے اس کی اجازت لے لی گئی ہے۔
کپوارہ میں جنگل اسمگلرپرسیفٹی ایکٹ کورٹ بلوال منتقل
کپوارہ//اشرف چراغ //کپوارہ میں اپنی نوعیت کے پہلے معاملے میں ایک جنگل اسمگلر پرپبلک سیفٹی ایکٹ عائد کرکے اُسے کوٹ بلوال جیل منتقل کیا گیا۔ اعجازاحمدخان جنگلات میں ناجائز طورلکڑی کے اسمگلنگ میں ملوث تھا اور اب تک اس کے خلاف چار کیس درج کئے جاچکے ہیں ۔پولیس کومطلوب اعجازاحمد خان کوفارسٹ ایکٹ کے تحت گرفتار کرکے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیاگیا۔فارسٹ ڈویژن کامراج کے ڈویژنل فارسٹ آفیسرنے ضلع انتظامیہ سے اعجازپر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کرنے کی سفارش کی تھی،جس کے بعد ضلع انتظامیہ نے اعجازپرپبلک سیفٹی ایکٹ عائد کرکے اُسے کورٹ بلوال جیل منتقل کیا۔ضلع میں یہ اپنی نوعیت کاپہلا معاملہ ہے جب کسی جنگل اسمگلرپر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کرکے اُسے جیل بھیج دیاگیا۔