کورونا وائرس سے بچائو کیلئے ایس او پی کی خلاف ورزیاں
بانڈی پورہ میں شہریوں سے 54ہزار روپے جرمانہ وصول
عازم جان
بانڈی پورہ //ضلع انتظامیہ بانڈی پورہ نے ضلع بھر میں کووڈ 19وائرس کی احتیاط کیلئے معیاری عملیاتی طریقۂ کار (SOPs)کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں پر 54000 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمدکی ہدایت پر ضلع بھر کے تمام بازاروں میں ریوینو ، پولیس ،میونسپل کونسل اور فوڈ اینڈ سپلائز پر مشتمل ٹیموں نے معائنہ کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والوں کا موقع پر ہی جرمانہ عائد کرکے وصول کیا ۔اس دوران ایس ڈی ایم سمبل نے 15000روپے ،ایس ڈی ایم گریز نے 1400روپے تحصیلدار بانڈی پورہ نے 4850روپے تحصیلدار آلوسہ نے 950روپے تحصیلدار اجس نے 3500روپے تحصیلدار حاجن نے 2000روپے ،پولیس کنٹرول روم بانڈی پورہ نے 21700روپے ،اسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈسپلائز بانڈی پورہ نے 3800 روپے ،میونسپل کونسل بانڈی پورہ نے 800روپے ماسک نہ پہننے پر جرمانہ عائد کرکے وصول کیا ہے ۔
بیروہ میں المناک حادثہ
نوجوان ٹرانسفارمر پلیٹ فارم سے گرکر لقمۂ اجل
ارشاد احمد
بڈگام// بیروہ بڈگام سے ملحقہ سچن بونیت میں المناک حادثہ میں محلہ میں نصب بجلی ٹرانسفارمر کے پلیٹ فارم سے پھسلنے سے 22 سالہ نوجوان کی موت واقع ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ علاقہ میں نصب بجلی ٹرانسفارمر خرابی کے بعد جب ٹھیک کرکے واپس لایا گیا تو اسے ٹرانسفارمر کے لئے بنائے گئے پلیٹ فارم پر نصب کیا جارہا ہے کہ اس دوران 22 سالہ محمد اقبال ولد نذیر احمد جو دیگر لوگوں کی مدد کررہا تھا ،توزان برقرار نہ رکھ سکا اور پلیٹ فارم سے گرکرنیچے بنی کنکریٹ نالی میں سر کے بل گرپڑا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔اسے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال بڈگام پہنچایا گیا جہاں موجود ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
اچھہ بل میں3سالہ بچہ بورویل میں گرکر فوت
عارف بلوچ
اننت ناگ // اپنی نوعیت کے اندوہناک واقعہ میں اچھہ بل اننت ناگ میں جمعرات کی سہ پہر 3 سالہ بچہ کھلے بور ویل میں گرنے سے لقمہ اجل بن گیا۔ میراب مدثر ولد مدثر احمد میر ساکن بدوڑہ اچھ بل گھر کے صحن میں موجود زیر تعمیر بور ویل میں اچانک گر گیا۔ اگر چہ گھر والوں نے بچے کو فوری طور پانی سے باہر نکال کر اسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں نے اس سے مردہ قرار دیا۔بچے کی موت کی خبر پھیلتے ہی آبائی گاؤں میں صف ماتم بچھ گئی۔
کل پُرزوں پر نقلی لیبل چسپاں کرکے اضافی قیمتوں کی وصولی
آٹو موبائل کمپنی پر ساڑھے3لاکھ کا جرمانہ عائد
سرینگر//محکمہ ناپ تول نے سرینگر میں ایک آٹوموبائل سیل اینڈ سروس کمپنی پر صارف سے کل پُرزوں پر اضافی رقم لینے کیلئے 3.5لاکھ روپے کا جرمانہ وصول کیا۔ ڈپٹی کنٹرولر اینفورسمنٹ کشمیر مظفر وانی کی نگرانی میںمعائنہ کے دوران جرمانہ وصول کیاگیا۔ کمپنی کی ایک شاخ کا معائنہ کے دوران یہ پایاگیا کہ صارف کو جو کل پُرزے (Spare parts)فروخت کئے گئے تھے ، وہ محکمہ ناپ و تول کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ پیک کی گئی اشیاء پر MRP، پیک کی گئی تاریخ کی لیبل پر نئی لیبل چسپاں کی گئی تھی جس پر MRPبڑی حد تک بڑھائی گئی تھی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ محکمہ ناپ تول کے قوانین2011کے تحت تمام پیک کی گئی اشیاء پر MRP، پیک کرنے کی تاریخ، اشیاء بنانے والے کا پتہ، کسٹمر کیئر نمبر وغیرہ صاف طور پر دکھنا چاہئے۔ نئی لیبل چسپاں کرنا اوراصل معلومات کو پوشیدہ رکھنا محکمہ ناپ تول ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔ اس معاملے کو جب کمپنی کی نوٹس میں لایا گیا تو ان کے نمائندوں نے مثبت ردعمل دکھاتے ہوئے تمام الزامات کو قبول کرتے ہوئے کہاکہ اس معاملے کو محکمانہ طور پر آگے لے جایاجائے۔ کمپنی کے تمام ڈائریکٹروں پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے مجموعی طور پر جرمانہ وصول کیاگیا۔ اس دوران صارفین کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ اشیاء خریدنے سے پہلے MRPکو جانچے اور دھوکہ دہی کے معاملہ کو محکمہ ناپ تول کی نوٹس میں لائیں۔
گنڈ کنگن میں پولیس کانسٹیبل گرفتار
رشوت لینے پر اینٹی کورپشن بیورو کی کارروائی
نیوز ڈیسک
گاندربل // اینٹی کورشن بیورو نے گنڈ کنگن میں ایک ہیڈ کانسٹیبل گلزار احمد کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ اینٹی کورپشن بیورو کو یہ شکایت ملی تھی کہ شکایت کنندگان کی کئی سال قبل شادی ہوئی تھی لیکن بعد میں اسکے سسرال والوں کیساتھ جھگڑا ہوا اور یہ کیس پولیس تھانہ گنڈ میں چل رہا تھا۔ مذکورہ پولیس اہلکار نے ہی طرفین کے مابین صلح کروائی تھی اور فریقین کے درمیان تحریری طور پر سمجھوتہ بھی ہوا تھا جس پر دونوں جانب سے دستخط بھی کرائے گئے۔معاملہ ختم ہونے کے بعد مذکورہ شخص کو کانسٹیبل معاہدہ کی کاپی فراہم کرنے کے عوض 2ہزار روپے کی رشوت کا تقاضا کررہا تھا اور مہینہ بھر سے فون پر اسکے بارے میں بتایا تھا۔ چنانچہ شکایت ملنے پر اینٹی کورپشن بیورو نے مجسٹریٹ کی موجودگی میں مذکورہ کانسٹیبل کو اس گرفتار کیا جب وہ رشوت کی رقم مذکورہ شخص سے لے رہا تھا۔ اسے موقعہ پر ہی حراست میں لیا گیا اور کیس کی مزید تحقیقات جاری ہے۔
کشمیری طالب علموں کو اُتراکھنڈ میں درپیش مسائل
اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کاڈی جی پی سے مختلف امور پر تبادلہ خیال
سرینگر//جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے وفد نے دہرادون میں پولیس کے ڈائریکٹر جنرل اترا کھنڈ اشوک کمار سے ملاقات کی اور ریاست میں کشمیری طلبا کے مختلف امور سے انہیں آگاہ کیا۔ ایسوسی ایشن کے قومی ترجمان ناصر کھویہامی کی قیادت میںوفد نے اشوک کمار سے اپیل کی کہ وہ ان اداروں کے سربراہوں سے رابطے میں رہیں جہاں وہ زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے موصوف کو جموں و کشمیر کے طلباء کے ساتھ باہمی رابطوں کے پروگراموں کے انعقاد کے لئے آگاہ کیا تاکہ اتراکھنڈ میں انہیںسلامتی کا احساس پیدا ہو ۔انہوںنے ڈائریکٹر جنرل کو میڈیا کے ایک حصے کے ذریعہ جموں وکشمیر کی منفی تصویر کے اثرات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ منفی تصویر کشی کا بنیادی شکار ملک کی مختلف ریاستوں میں زیر تعلیم طالب علم رہے ہیں۔ انہوں نے ڈی جی پی سے اپیل کی کہ وہ ریاست کے بارے میں عوام میں پیدا کی جانے والی اس نفرت کو دورکرنے میں مدد کریں۔ڈی جی اشوک کمار نے ان کے مسائل گور سے سنے اور یقین دلایا کہ ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ طلبا کو یہ یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہیں کہ وہ انہیں ہر معاملے میں بہترین تعاون فراہم کریں گے۔
گریٹر کشمیرکے سپورٹس نامہ نگارعابدخان
کے ساتھ نیشنل کانفرنس کا اظہارِ تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس نے گریٹر کشمیر کے نامہ نگار عابد خان ساکن کاٹھی دروازہ کے والد کے انتقال پرگہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، پارٹی لیڈران تنویر صادق، ترجمان عمران نبی ڈار ،سارا حیات شاہ اور مدثر شہمیری نے سوگوارکنبے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
جمعیت ہمدانیہ کا پانپور کے قادری خانوادے سے اظہار تعزیت
سرینگر// جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے پیرزادہ غلام محی الدین قادری ساکن پانپورکے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے جملہ سوگواران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مولانا ہمدانی نے کہا کہ انہوں نے زندگی بھر دین کی آبیاری کی اور سماجی کاموںمیں محو رہے۔ جمعیت کے وفد نے مرحوم کی فاتحہ خوانی میں شرکت کی ۔