محتشم احتشام
پونچھ // بھارتیہ جنتا پارٹی جموں و کشمیر شیڈیولڈ ٹرائبس (ایس ٹی) مورچہ کے صدر چوہدری عبدالغنی نے مرکزی حکومت کی جانب سے 171 کروڑ روپے کی منظوری پر وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان کا شکریہ ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ رقم زرعی شعبے کو مضبوط بنانے، کسانوں و مزدوروں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے لئے مختص کی گئی ہے، جو دیہی معیشت کے استحکام میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔چوہدری عبدالغنی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت جموں و کشمیر کے کسانوں، مزدوروں اور عام شہریوں کی خوشحالی کے لئے ہمہ وقت سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ 171 کروڑ روپے کی منظوری اس بات کا ثبوت ہے کہ مرکز جموں و کشمیر کی ترقی کو نئی رفتار دینے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو زمینی سطح پر نافذ کرنے کے لیے سنجیدہ ہے۔انہوں نے نیشنل کانفرنس (این سی) پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ این سی کے رہنما عوام کو گمراہ کرنے میں مصروف ہیں۔ ‘‘یہ افسوسناک ہے کہ نیشنل کانفرنس جھوٹے بیانیے پھیلا کر سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ اصل حقیقت یہ ہے کہ ماضی میں انہی جماعتوں کی نااہلی نے ترقی کی رفتار کو روکے رکھا۔ آج مرکز عوامی فلاح کے منصوبے زمینی سطح پر اتارنے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔ بی جے پی لیڈر نے مزید کہا کہ ان کی جماعت عوامی مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے جو آنے والے اسمبلی اجلاس میں ڈیلی ویجرز، مزدوروں اور کسانوں کے تمام اہم مسائل کو پوری سنجیدگی سے اٹھائے گی۔انہوں نے واضح کیا ہمارا مقصد الزام تراشی نہیں بلکہ دیرپا حل فراہم کرنا ہے۔ چوہدری عبدالغنی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گمراہ کن پروپیگنڈے سے متاثر نہ ہوں اور ترقی و شفافیت کے اس سفر میں حکومت ہند کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا وڑن ‘‘سب کا ساتھ، سب کا وکاس’’ صرف نعرہ نہیں بلکہ عوامی خدمت کا عملی عزم ہے۔