مرکزجموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کرانے سے کترا رہاہے موقعہ پرست اور ابن الوقت سیاستدانوںسے ہوشیا رہنے کی ضرورت: ڈاکٹر فاروق عبداللہ

عاصف بٹ

کشتواڑ// نیشنل کانفرنس صدر اور سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ نئی دلی میں براجمان حکمران جماعت جموں وکشمیر میں اس لئے اسمبلی انتخابات کرانے سے کترا رہی ہے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ اگر اُن کی حکومت نہیں بنی تو یہاں کی اسمبلی اُس صدارتی حکمنامے کو غیر آئینی قرار دے گی جس کے ذریعے5اگست2019کو جموںوکشمیرکی خصوصی پوزیشن چھین لی گئی اور 2019کے بعد ان لوگوں نے یہاں جو کچھ کیا وہ واپس کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت نے جموں وکشمیر میں اپنی جیت کو یقینی بنانے کے لئے اسمبلی نشستوں کی من پسند حدبندی کی، اسمبلی سیٹوں کی ہیراپھیری کی اور موقعہ پرست لوگوں کو زرکثیر دے کر خرید لیا جو یہاں ان کاپروپیگنڈا چلا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی انہیں یہاں جیت ملتی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ اس لئے اب حکمرانوں نے یہاں غیر مقامی لوگوںکو اسمبلی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا حق دیا ہے اور اس سازش کا مقابلہ کرنا یہاں کے تمام پشتینی باشندوں کی ذمہ داری بنتی ہے۔

 

ان باتوں کا اظہار انہوں نے خطہ چناب کے ضلع کشتواڑ کا 4روزہ دورہ سمیٹتے ہوئے وڑون میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے پارٹی جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر، ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق، چناب ویلی زون صدر سجاد احمد کچلو اور دیگر لیڈران نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنے خطاب کے دوران لوگوں خصوصاً نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ووٹر فہرستوں میں اپنا نام درج کرائیں اور تمام لوازمات کو پورا کریں۔ انہوں نے کہاکہ ووٹ پرچی کے ذریعے ہی ہم اپنے حقوق کی بحالی کیلئے جدوجہد کرسکتے ہیں اس لئے ضروری ہے کہ ہم ووٹر فہرستوں میں اپنا نام درج کرائیں اور جب الیکشن کا بگل بجے تو اس روز کھڑے ہوجائیں اور اگر سامنے توپیں بھی ہوں تو پیچھے نہ ہٹیں کیوںزندگی اور موت اللہ کے ہاتھ ہوتی ہے اور جب تک اُس کی مرضی نہیں ہوگی اُس وقت تک آپ کو کوئی نقصان نہیںپہنچا سکتا ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے لوگوں کو موقعہ پرست عناصر سے ہوشیار کرتے ہوئے کہا کہ بہت سارے لوگ آپ کے پاس مختلف لبادے پہن کر آئیں گے، جو آپ کو سبز باغ دکھائیں گے اور آپ کا ایمان پیسوں سے خریدنے کی کوشش کریں گے لیکن آپ کو اس دوران عزم اور استقلال کا مظاہرہ کرنا ہے اور دشمنوںکی تمام چالوں سے ہوشیار رہنا ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ 4روزہ دورے کے دوران درجنوں علاقوں میں گئے اور وہاں لوگوں کیساتھ بات چیت کی اور اُنکے مسائل اور مشکلات سے آگہی حاصل کی۔ عوام نے انہیں جگہ جگہ پر بتایا گذشتہ4سال سے یہاں کی آباد ی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔ بجلی، پانی، طبی اور دیگر بنیادی سہولیات کیلئے لوگوں کو ترسایا جارہا ہے جبکہ مواصلاتی نظام کی سہولیات نہ ہونے سے لوگوں کو گوناگوں مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے۔ عوام نے کہا کہ علاقے میں ہیلی کاپٹر سروس کی عدم موجودگی سے لوگوں کو پریشانوںکا سامناہے ۔