جموں//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے گنو پورہ شوپیاں میں فائیرنگ کے ایک واقعہ میں2 شہریوں کی ہلاکت کے تناظر میں سنیچر کی شام مرکزی وزیر دفاع نرملا سیتا رمن کے ساتھ فون پر بات کی اور اس واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے زیاں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہر ایک شہری ہلاکت سے ریاست میں اُس سیاسی عمل پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں جسے تمام سیاسی جماعتوں نے بڑی محنت کے بعد پٹری پر لایا ہے۔وزیر دفاع نے وزیر اعلیٰ کو یقین دلایا کہ وہ اس حوالے سے ایک تفصیلی رپورٹ طلب کر کے متعلقین پر زور دیں گی کہ موجودہ لائحہ عمل پر سختی سے عمل کیا جائے تا کہ مستقبل میں ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔اس سے پہلے وزیر اعلیٰ نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ واقعہ کی تحقیقات کرکے حقائق جلد از جلد سامنے لائیں۔محبوبہ مفتی نے سوگوار کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔