یو این آئی
نئی دہلی//خدمات اور مینوفیکچرنگ شعبوں کی شاندار کارکردگی کے مظاہرے کی بدولت موجودہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی (جولائی-ستمبر 2025)میں ملک کی مجموعی گھریلو پیداوار(جی ڈی پی)کی شرحِ نمو سالانہ بنیاد پر 8.2فیصد رہی۔مرکزی شماریاتی دفتر کی جانب سے جمعہ کو جاری اعداد و شمار کے مطابق، دوسری سہ ماہی میں مستقل قیمتوں پر مبنی جی ڈی پی 48.63 لاکھ کروڑ روپے رہنے کا اندازہ ہے، جو گزشتہ برس کی اسی سہ ماہی کے 44.94لاکھ کروڑ روپے کے مقابلے میں 8.2فیصد زیادہ ہے۔ یہ گزشتہ چھ سہ ماہیوں میں سب سے تیز اضافہ ہے۔اس سے پہلے اپریل-جون 2025 کی سہ ماہی میں جی ڈی پی کی شرحِ نمو 7.8 فیصد اور گزشتہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں 5.6 فیصد رہی تھی۔زیر جائزہ سہ ماہی میں خدمات کے شعبے کی شرحِ نمو 9.2 فیصد اور مینوفیکچرنگ کی 9.1فیصد درج کی گئی۔ مالیاتی، رئیل اسٹیٹ اور پیشہ ورانہ خدمات کے شعبے میں 10.2 فیصد کا مضبوط اضافہ درج کیا گیا۔موجودہ مالی سال کی پہلی ششماہی (اپریل-ستمبر 2025)میں جی ڈی پی کی مجموعی شرحِ نمو 8فیصد رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں یہ 6.1فیصد اور دوسری ششماہی میں 6.9فیصد رہی تھی۔