عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سیکورٹی ایجنسیوں نے سرینگر بھر میں رات کی چوکسی تیز کردی ہے۔ جموں و کشمیر پولیس، سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور سپیشل آپریشن گروپ کی مشترکہ ٹیمیں شہر کے اہم مقامات پر رات کے وقت چیکنگ کررہی ہیں۔ رات کی سخت نگرانی پولیس کنٹرول روم، کشمیر میں انسپکٹر جنرل آف پولیس، کشمیر زون، وی کے بردی کی صدارت میں ہونے والی سیکورٹی جائزہ میٹنگ کے بعد کی گئی، تاکہ آنے والے واقعات کے پرامن ہونے کے لیے تیاریوں کا جائزہ لیا جا سکے۔حکام نے بتایا کہ رات کے اوقات میں، مشترکہ ٹیمیں اہم جنکشن، داخلی اور خارجی راستوں اور دیگر حساس مقامات پر تعینات کی گئیں، جہاں گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔ مشق کا محور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے اور چوبیس گھنٹے سیکورٹی چوکسی کو یقینی بنانا ہے۔پولیس حکام نے کہا کہ رات کی چیکنگ مہم ایک احتیاطی اقدام ہے جس کا مقصد امن و امان کو برقرار رکھنا اور عوام کو اعتماد دلانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی صورتحال کا فوری جواب دینے کے لیے مختلف سیکورٹی اداروں کے درمیان قریبی رابطہ کاری کو یقینی بنایا گیا ہے۔حکام نے لوگوں سے رات کی چیکنگ کے دوران تعاون کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ ایسے اقدامات خالصتا عوامی تحفظ کے مفاد میں کیے جا رہے ہیں۔عہدیداروں نے کہا کہ سری نگر کے لئے مجموعی سیکورٹی پلان کے تحت آنے والے دنوں میں رات کی نگرانی جاری رہے گی۔