سرینگر//اگلے ہفتے سے شروع ہورہے ماہ صیام کے دوران لوگوںکو تمام تر بنیادی سہولیات بہم رکھنے کے سلسلے میںڈویژنل کمشنر کشمیر نے اعلیٰ سطحی میٹنگ میں انتظامات کا جائزہ لیا جس دوران انہوںنے مختلف محکموں کے افسران پر زور دیا کہ وہ ماہ رمضان میں لوگوں کو تمام بنیادی ضروریات ، خاص کر سحری و افطار کے اوقات میں بلا خلل بجلی کی سپلائی اور پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ سی این آئی کے مطابق ڈویژنل کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے، نے ماہ رمضان کے حوالے سے سرکاری سطح پر کئے گئے انتظاما ت کے سلسلے میں ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں تمام ضلع کمشنر وںنے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی ۔ اس کے علاوہ میٹنگ میں چیف انجینئر پی ڈبلیو ڈی ، چیف انجینئر پی ایچ ای، ڈائریکٹر ایف سی ایس کشمیر ، ایس پی رورل ٹرانسپورٹ اور وقف بورڈ کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ اس موقعے پر انہوں نے ماہ مترک کے دوران لوگوں کو تمام تر بنیادی ضروریات بہم رکھنے پر زور دیا جن میں خاص طو پر رسوئی گیس کی بازاروں میں دستیابی کے علاوہ دیگر اشیاء خوردنی کی فراہمی پر زور دیا ۔ اس موقعے پر موصوف نے ڈائریکٹر امور صارفین کوہدایت دی کہ وہ بازاروں میں اشیاء خوردنی کے معیار کے سلسلے میں مارکیٹ چیکنگ معمول بنائیں اس کے علاوہ اشیاء خوردنی کے نرخوں کو اعتدال پر رکھنے کیلئے بھی ٹیموں کی جانب سے بازاروں کے معائینہ کو یقینی بنائیں۔ انہوںنے کہا کہ وادی کے تمام علاقوں میں صارفین کو وقت پر راشن کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں ۔ اس دوران انہوںنے فوڈ ، محکمہ مال ، پولیس اور ایس ایم سی کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دینے پر کی بھی ہدایات دیں جو متواتر طور پر بازاروں کا معائینہ کرتی رہیں گی ۔ اس موقعے پر انہوںنے اس بات پر بھی زور دیا کہ جمعہ اور شب قدر کے دوران عبادات میں کووِڈ- 19گائیڈ لائنوں پر عمل درآمدکو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ یہ وائرس مزید نہ پھیل سکے اور ہدایت پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف ضابطے کے تحت کارروائی کی جائے ۔ تاہم زائرین کو مکمل سکریننگ اور کووڈ پروٹوکول پر عمل کرنا چاہئے ۔ اس موقعے پر موصوف نے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو بھی ہدایت کی کہ وہ ماہ مبارک کے متبرک ایام کے دوران صارفین کو بلا خلل بجلی فراہم کریں خاص کر سحری اور افطار کے اوقات بجلی سپلائی کو یقینی بنائیں۔ اس دوران انیمل ہسبنڈری محکمہ کو ہدایت دی گئی کہ وہ پولٹری کی دستیابی کے سلسلے میں بھی اقدامات کریں اور پولٹری کی درآمد کے دوران پولٹری کی ٹیسٹنگ کو عملایا جائے تاکہ برڈ فلو کے خطرات نہ رہیں۔ اس دوران ڈویژنل کمشنر نے نوراترا کے تہوار کے سلسلے میں بھی کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اور ہاری پربت اور تولہ مولہ مندروں میں پوجا پاٹ کے دوران حفاظت اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا ۔