عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// ایک ریٹائرڈ پولیس اسسٹنٹ سب انسپکٹر منگل کو دیر رات شمالی کشمیرکے ماگام علاقے میں بدرن بس اسٹاپ کے قریب دری پورہ اڈینا میں ایک نامعلوم آٹو کی زد میں آنے کے بعد ایک سڑک حادثے میں ہلاک ہو گیا۔ متوفی کی شناخت غلام محمد وار ولد غلام احمد ساکنہ ادینہ، بڈگا کے طور پر کی گئی ہے۔ حادثے کے نتیجے میں اس کی موقع پر ہی موت واقعہ ہوگئی، جب کہ آٹو ڈرائیور، جس کی شناخت کا ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے، کو بھی چوٹیں آئیں اور اسے علاج کیلئے جے وی سی اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
اس دوران سری نگرمیںڈل جھیل کے قریب سے نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی۔حکام نے بتایا کہ بدھ کی صبح سری نگر کے ڈل جھیل علاقے کے قریب ایک سڑک کے کنارے ایک نامعلوم لاش ملی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ لاش گھاٹ نمبر 5کے قریب سڑک پر پڑی تھی۔ جب اسے مقامی لوگوں نے دیکھا، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ سول پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قانونی کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ موت کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے، رپورٹ درج کرتے وقت متوفی کی شناخت نہیں ہو سکی تھی۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ادھر شمالی قصبہ بارہمولہ کے نانک بھون علاقے میں بیٹری دھماکے کے نتیجے میں ایک دکاندار زخمی ہوگیا، جس کے بعد فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز نے فوری کارروائی کی۔ یہ دھماکہ ایک بازار میں پیش آیا جس سے مقامی لوگوں اور قریبی دکانداروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔واقعے کے فوراً بعد فوج کی 46 راشٹریہ رائفلز، جموں و کشمیر پولیس اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز پر مشتمل ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے علاقے میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا۔زخمی دکاندار کو جائے وقوعہ سے نکال کر علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) بارہمولہ منتقل کیا گیا، حکام کے مطابق اس کی حالت پر نظر رکھی جا رہی ہے۔حکام نے بتایا کہ دھماکے کی اصل وجہ جاننے کے لیے ابتدائی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ ممکنہ طور پر بیٹری کی خرابی کے باعث پیش آیا۔