سرینگر// حکومت نے ماحولیاتی طور حساس خطوں کیلئے زونل ماسٹر پلان تیار کرنے کیلئے ضلعی سطح کی کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا،جن کی کمان متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کو سونپی گئی ہے۔ عمومی انتظامی محکمہ کی جانب سے اس سلسلے میں ایک آرڈر جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزارت ماحولیات، جنگلات و تبدیلی آب ہوا کی جانب سے جن علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے،ان حساس علاقوں کے ماسٹر پلان کو زون سطح پر تیار کیا جائے گا۔ ضلعی سطح کمیٹیوں میں متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنر چیئرمین ہونگے جبکہ متعلقہ وائلڈ لائف وارڈن، جموں کشمیر پولیوشن کنٹرول کمیٹی، محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج، محکمہ زرعی پیدوار و بہبود کاشتکار،محکمہ جل شکتی(آبپاشی و فلڈ کنٹرول) محکمہ صنعت و حرفت اور چیئرمین کی طرف سے متعلقہ ضلع کے ڈگری کالج میں شعبہ لائف سائنس کا ایک فیکلٹی رکن اس کمیٹی کے ممبران ہو نگے۔ آرڈر میں کہا گیا کہ کمیٹی ماحولیاتی اعتبار سے حساس متعلقہ زون کیلئے ماسٹر پلان مرکزی حکومت کی جانب سے مخصوص نوٹیفکیشنوں کے ذریع مطلع گائیڈ لائنوں کیے مطابق مرتب کرے گا۔کمیٹی کے چیئرمین کو اس بات کا اختیار دیا گیا ہے کہ وہ ضرورت کے مطابق کسی بھی افسر کو ممبر کے طور پر نامزد کرسکتا ہے۔