عظمیٰ نیوز سروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کے سی پبلک سکول کے ملٹی اسپورٹس گراؤنڈ میں فلڈ لائٹس سسٹم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے کے سی ایجوکیشنل سوسائٹی اور کھیلوں کے شائقین کو مبارکباد دی اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے نوجوان صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور طلباء کو اچھے معیار کی تعلیم فراہم کرنے میں کے سی ایجوکیشنل سوسائٹی کے تعاون کو سراہا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا”تعلیم قوم کی تعمیر کا سب سے طاقتور ذریعہ ہے۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے کہ تعلیم کا معیار برقرار رہے، تعلیم جامع ہو، تعلیم مستقبل پر مبنی ہو اور تعلیم 21ویں صدی کے چیلنجوں کا سامنا کرنے کے قابل ہو‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے طلباء کی ہمہ جہت ترقی اور ذہنی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے تعلیم میں کھیلوں کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔انکاکہناتھاکہ کھیل قائدانہ صلاحیتیں سیکھنے کا ایک طاقتور ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم میں کھیلوں کا انضمام ایک بہتر دنیا کی تعمیر کی طرف پہلا قدم ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ ’’ وزیراعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں قومی تعلیمی پالیسی2020 نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ کھیلوں کو غیر نصابی سرگرمی کے طور پر نہیں بلکہ کیریئر بنانے کے مواقع کے طور پر دیکھا جائے گا‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے طلباء کو ایسے کھیلوں میں حصہ لینے کی ترغیب دی جس سے انہیں مضبوط کردار بنانے، ٹیم ورک کی قدر سیکھنے اور نئے چیلنجوں کا سامنا کرنے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے کے سی پبلک اسکول کے نمایاں کھلاڑیوں کو اعزاز سے نوازا۔افتتاحی تقریب کے موقع پر آل انڈیا سیکرٹریٹ الیون اور کے سی اسپورٹس کلب کے درمیان کرکٹ میچ بھی کھیلا گیا۔کے سی ایجوکیشنل سوسائٹی کے چیئرمین ایس راجو چودھری اور سوسائٹی کے ممبران کے علاوہ کے سی پبلک اسکول کے پرنسپل، ایس ایچ امریندر کمار مشرا، عملہ اور طلباء موجود تھے۔آنند جین، اے ڈی جی پی جموں، جموں کے ڈویژنل کمشنر ایس رمیش کمار، سرکردہ شہری، کھیلوں کی شخصیات اور یو ٹی انتظامیہ کے سینئر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔