ظفر اقبال
اوڑی//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کل بارہمولہ کے وائبرنٹ ولیج، اورن بووا کا دورہ کرکے جاری سکیموں کا جائزہ لیا اور ایک عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں دہلی سے سرحدی دیہاتوں کا فاصلہ کم ہوا ہے۔ وہ ترقی کے مرکزی دھارے سے جڑے ہوئے ہیں اور یہ حکومت ہند کا عزم ہے کہ اس بات کو یقینی بنائے کہ سرحدی گاؤں جامع ترقی کی علامت بن جائیں۔ وائبرنٹ وِلیجز پروگرام کے تحت شامل تمام 18 گائوں اب ہر موسم میں قابلِ استعمال سڑکوں سے جڑ چکے ہیں۔ بارہمولہ کے تمام 83 سرحدی گائوں کو آپس میں ملانے کاعمل تیز کیا گیا ہے اور بہت جلد جموں و کشمیر کا ہر سرحدی گاؤں معاشی مرکزی دھارے میں شامل ہوجائے گا اور ملک کے دیگر اہم شہروں سے منسلک ہوگا۔ 2019 سے پہلے ان 18 اہم سرحدی گاؤں میں ٹیلی کام اور ڈیجیٹل کوریج 40 فیصد سے بھی کم تھے۔ وزیر اعظم کی قیادت میں ہم نے ان تمام اہم مقامات پر صد فیصد 4جی اور 5 جی کنکٹویٹی یقینی بنایا ہے۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے سرحدی دیہات کے باشندوں کو یقین دِلایا کہ ڈیجیٹل انقلاب صرف شہروں تک محدود نہیں رہے گا اور اِنتظامیہ ہر سرحدی بستی تک مضبوط ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور قابلِ اعتماد موبائل و انٹرنیٹ خدمات پہنچانے کے لئے پُر عزم ہے۔ اُنہوںنے اِس بات کا اعادہ کیا کہ اِنتظامیہ تین اہم نکات شرحِ خواندگی میں بہتری، اِقتصادی ترقی کو یقینی بنانا اور اورن بووا جیسے دیہات کے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر کام کر رہی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ سرحدی علاقوں کے نوجوانوں اور خواتین کو اَب خود روزگار کے مواقع حاصل ہیں، تعلیمی بنیادی ڈھانچے کی توسیع سے نئی نسل کو پیشہ ورانہ تربیت مل رہی ہے جبکہ سرحدی سیاحت، زراعت اور اس سے منسلک شعبوں میں نئی اِنقلابی تبدیلیوں نے تمام 18 اہم گائوں میں خوشحالی کی نئی لہر پیدا کی ہے۔‘‘
اُنہوں نے وائبرنٹ ولیجز پروگرام-مرحلہ دوم کے تحت 83 وائبرنٹ گائوں میں مختلف شعبوں کے تحت 94 کروڑ روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں اور کلیدی بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا اِفتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا۔ اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنرنے ایس پی اوز کو تقرری نامے، طلبأ کو کمپیوٹر ٹیبلٹ اور گاؤں کے مختلف نوجوانوں اور ایچ اے ڈِی پی ، مشن یووا اور دیگر سکیموں کے مستفید ین کو منظوری نامے بھی تقسیم کئے۔ اُنہوں نے بی ایس ایف کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی ایس پی اے این ڈِی اے این(سپیندن) لیگ 2026، نارتھ کشمیر فٹ بال چمپئن شپ کی جرسی اور ٹرافی کی بھی رسم رونمائی کی۔