محتشم احتشام
پونچھ//تحصیل منڈی کے دور افتادہ اور پہاڑی علاقے لوہلِ بیلہ تا ناگاناڑی سڑک پر زیرِ تعمیر موٹرایبل پل کا کام طویل عرصے سے تعطل کا شکار ہے، جس کے باعث مقامی آبادی میں شدید بے چینی اور تشویش پائی جا رہی ہے۔ یہ پل نہ صرف درجنوں دیہات کے لئے آمد و رفت کا واحد سہارا ہے بلکہ تعلیمی، طبی اور معاشی ضروریات کی تکمیل کے لیے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق پل کی تعمیر کا آغاز امید افزا انداز میں کیا گیا تھا، تاہم چند ابتدائی مراحل کے بعد اچانک کام روک دیا گیا، جس کے بعد آج تک نہ رفتار بحال ہو سکی اور نہ ہی متعلقہ محکمہ کی جانب سے کوئی واضح وضاحت سامنے آئی۔ نتیجتاً عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، خصوصاً برسات کے موسم میں ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے سے آمد و رفت تقریباً ناممکن ہو جاتی ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اسکول جانے والے طلباء، بیمار افراد اور حاملہ خواتین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہنگامی حالات میں مریضوں کو ہسپتال پہنچانا ایک کٹھن مرحلہ بن چکا ہے، جس سے ان کا معاشی نقصان بڑھتا جا رہا ہے۔عوامی حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ متعلقہ تعمیراتی ایجنسی اور محکمہ تعمیرات عامہ کی عدم توجہی اور مبینہ لاپروائی کے باعث یہ اہم منصوبہ التوا کا شکار ہے۔ لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ متعدد بار اعلیٰ حکام کو تحریری اور زبانی طور پر آگاہ کیا گیا، مگر تاحال کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا۔مقامی سماجی کارکنوں اور معززینِ علاقہ نے ضلع انتظامیہ اور جموں و کشمیر حکومت سے پْرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس منصوبے کی فوری ازسرِنو جانچ کی جائے، ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور موٹرایبل پل کی تعمیر کا کام جنگی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔لوگوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر جلد عملی اقدامات نہ کئے گئے تو وہ احتجاجی لائحہ عمل اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔